Inquilab Logo

ورلڈ کپ میں ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم اپنی مہم کا آغاز انگلینڈ کیخلاف کریگی

Updated: March 02, 2022, 1:04 PM IST | Agency | Bhubaneswar

ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے بعد ہندوستان کی ٹیم اپنی میزبانی میں چین اور نیوزی لینڈ سے مقابلہ کرے گی

The Indian women`s hockey team has high hopes this time.Picture:INN
ہندوستان کی خواتین ہاکی ٹیم سے اس بار اچھی امیدیں ہیں۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستان کی خواتین ہاکی ٹیم اپنے ایف آئی ایچ خواتین ہاکی ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کی مہم انگلینڈ کے خلاف شروع کرے گی۔ بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے منگل کو اسپین اور نیدرلینڈس میں یکم جولائی سے شروع ہونے والے۲۰۲۲ء ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کیا۔ ہندوستان کو پول بی میں انگلینڈ، چین اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
 ہندوستان کی ٹیم اپنی مہم کا آغاز ۳؍ جولائی کو انگلینڈ کے خلاف کرے گی جبکہ اگلا میچ۵؍ جولائی کو چین کے خلاف ہو گا۔ اس کے بعد۷؍ جولائی کو ہندوستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی ہاف بیک سشیلا چانو نے منگل کو ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا’’میچوں کی ترتیب میں کوئی تبدیلی نہیں آتی  اور ٹیم ٹورنامنٹ کیلئے پوری تیاری کرے گی۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم کن حریفوں کے خلاف مہم شروع کرتے ہیں۔ ہم اس بات سے نہیں ڈرتے کہ ہم سب سے پہلے کس ٹیم کا سامنا کرتے ہیںکیونکہ ہماری ذہنیت اور نقطہ نظر میچ بہ میچ سوچنا اور اسے جیتنے کی کوشش کرنا ہے۔‘‘
 چانو نے کہا’’ہم نے حال ہی میں مسقط، عمان میں ویمنز ہاکی ایشیا کپ۲۰۲۲ء اور ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ۲۲۔۲۰۲۱ء میں چین کا سامنا کیا ہے اور اس لئے یہ ہمارے لئے  فائدہ مند ثابت ہوگا۔ ہم اگلے ماہ انگلینڈ کے خلاف ایف آئی ایچ  ہاکی پرو لیگ۲۲۔۲۰۲۱ء کا میچ کھیلیں گے۔ ہم نے آخری بار۲۰۲۰ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا، اس لئے ہم ان تمام ٹیموں کو اچھی طرح جانتے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ آگے آنے والے چیلنجزکیلئے کس طرح تیاری کرنی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں ۲؍ ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ۲۲۔۲۰۲۱ءمیچوں میں اسپین کی خواتین ہاکی ٹیم کا سامنا کیا تھا۔ ہندوستان نے پہلا میچ ۱۔۲؍ سے جیتا تھا، وہیں دوسرے میں اسے اسپین سے۳۔۴؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
 ہندوستانی فارورڈ نونیت کور نے اس بارے میں بھی بات کی کہ کس طرح برسوں کے دوران مسلسل اعلیٰ درجے کی ٹیموں کا سامنا کرنے سے ہندوستانی ٹیم میں اعتماد پیدا ہوا ہے۔انہوں نے کہا ’’تقریباً ۲؍ سے۳؍ سال پہلے مضبوط حریفوں کا سامنا کرنے سے پہلے ٹیم میں بے چینی کا ماحول ہوتا تھا لیکن اب ہماری ٹیم میں کوئی خوف نہیں ہے اور ہم محسوس کرتے ہیں کہ ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ یہاں تک کہ اگر کوئی حریف پہلا گول کرتا ہے، ہم جانتے ہیں کہ ہمارے پاس چیزوں کو اپنے حق میں کرنے کی صلاحیت اور مہارت ہے۔ ہماری ٹیم نے برسوں سے لڑنے کا جذبہ پیدا کیا ہے۔ اس نے ہمارے  لئے  بہت اچھا کام کیا ہے۔‘‘
 قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم اپنے اگلے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ۲۲۔۲۰۲۱ء ڈبل ہیڈر میچوں میں جرمنی کا مقابلہ کرے گی۔ پہلا میچ ۱۲؍ مارچ اور دوسرا میچ۱۳؍ مارچ کو کھیلا جائے گا۔ نونیت نے ان میچوں کی تیاری کے بارے میں کہا   ’’ہم نے گزشتہ سال جرمنی کا سامنا کیا ہے، اس لئے ہمیں ان میچوں کی ویڈیو دیکھنے کی ضرورت ہے  تاکہ ہم اپنے مضبوط شعبوں کو جانیں اور ان میں بہتری لائیں جن میں ہم کمزور ہیں۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK