Inquilab Logo

یوروکپ کے سیمی فائنل میں آج اسپین اور اٹلی کے درمیان معرکہ آرائی

Updated: July 06, 2021, 11:07 AM IST | Agency

دونوں ٹیمیں فائنل میں داخل ہونے کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانا چاہیں گی۔ اٹلی اور اسپین میں اسٹار کھلاڑیوں کی کمی نہیں۔ اٹلی نے یوروکپ ۲۰۲۰ء میں اب تک اچھا مقابلہ کیاہے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

):یوئیفا یوروکپ ۲۰۲۰ءکے پہلے سیمی فائنل میں منگل کی دیر رات یہاں کے ویمبلی اسٹیڈیم میں اسپین اور اٹلی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کو شکست دینے کیلئے ایڑی چوٹ کا زور لگادیں گی۔ دونوں ٹیموں نے یوروکپ میں اپنا بہترین کھیل دکھایا تھا اور وہ فائنل میں جگہ بنانے کیلئے زوردار مقابلہ کریں گی۔
 اسپین نے یوروکپ میں اپنی مہم کا آغاز بہت ہی کمزور طریقے سے کیا تھا لیکن بعد میں یہ فارم میں آئی اور ا س نے گزشتہ ۳؍میچوں میں ۱۱؍گول کئے۔ اسپین کے کوچ لوئیس اینرک نے کوارٹر فائنل میں سوئس ٹیم کے دفاع کے سامنے گھٹنے ٹیکے تھے لیکن پنالٹی شو ٹ آؤٹ میں اسے کامیابی ملی تھی۔ اٹلی کے سامنے اسپین کواپنی کمزوریوں کو دور کرنا ہوگا کیونکہ وہ یورپ کی ایک مضبوط ٹیم ہے۔ 
 دوسری طرف اٹلی نے یوروکپ میں اب تک اچھی کارکردگی کامظاہر ہ کیاہے۔ کوچ رابرٹو مانسینی کی ٹیم نے یوروکپ ۲۰۲۰ء کے بڑے میچو ںمیں بھی اچھا فٹبال کھیلا ہے۔ کوارٹر فائنل میں نمبروَن ٹیم بلجیم کو بھی اٹلی نے پیچھے کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اس وقت اٹلی کی ٹیم اچھے فارم میں ہے اور اسپین کو اس سے سخت ٹکر ملنے کی امید ہے۔ اٹلی کو یوروکپ جیتنے کیلئے صرف ۲؍میچو ں میں کامیابی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
 اٹلی اور اسپین کے درمیان موازنہ کیا جائے تو آخرالذکر کا پلڑا بھاری نظر آتاہے۔ اب تک ان دونوں ٹیموں کے درمیان ۳۴؍میچ کھیلے گئے ہیں اور ان میں سے ۱۲؍ میں اسپین نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اٹلی نے ۹؍میچو ںمیں کامیابی حاصل کی ہے اور دیگر ۱۳؍میچ ڈرا ہوئے ہیں۔ ان دونوں کے درمیان پچھلا مقابلہ ۲۰۱۷ء میں ہوا تھا جس میں اسپین نے اٹلی کو صفر۔۳؍ سے شکست دی تھی۔ ۲۰۱۲ء کے یوروکپ کے فائنل میں اسپین نے اٹلی کو صفر۔۴؍ سے شکست دی تھی ۔ اٹلی نے اس کا حساب  ۲۰۱۶ء کے یورو کپ میں بیباق کردیا تھا اور ہسپانوی ٹیم کو صفر۔۲؍ سے ہرا دیا تھا۔ اب اٹلی کے پاس ۲۰۱۷ء کی شکست کا حساب برابر کرنے کا سنہرا موقع منگل کو رہے گا۔ 
 اٹلی کی جانب سے لیونارڈو اسپنازولا نہیں کھیل سکیں گے کیونکہ بلجیم کے خلاف میچ میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔ السینڈرو فلورینزی کا کھیلنا بھی مشکوک ہے ۔ ان کی جگہ اطالوی ٹیم کی جانب سےجیاوینی ڈی لورینزو کے کھیلنے کا امکان ہے۔ اسپین کی ٹیم میں پیبلو سرابیا کے کھیلنے کے تعلق سے تشویش ہے۔ ان کے میچ میں شامل نہیں ہونے سے دانی اولمو کو موقع مل سکتاہے۔ سرجیو بُسکیٹس اسپین کی ٹیم کیلئے اہم ہیں اور وہ اٹلی کی مضبوط ٹیم کے خلاف پیڈری اور کوکے کے ساتھ دفاع کو مضبوط کریں گے۔
 اسپین اور اٹلی کے پاس اسٹار کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے اور سبھی ایک دوسرے کے خلاف سبقت لے جانے کی کوشش کریں گے۔اسپین کی جانب سے الوارو موراتا پر اٹلی کے خلاف حملے کی ذمہ داری ہوگی۔ اٹلی کی جانب سے اموبائل  حملہ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ دونوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK