Inquilab Logo

امریکی ٹینس لیجنڈ سیرینا ولیمز کا ریٹائرمنٹ کاعندیہ

Updated: August 11, 2022, 12:15 PM IST | Agency | Toronto

سیرینا نے کہا: ` میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ ٹینس چھوڑ کر اپنے لئے زیادہ ضروری چیزوں کی جانب بڑھنا چاہتی ہوں

Serena Williams .Picture:INN
سیرینا ولیمز۔ تصویر:آئی این این

ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ووگ میگزین کیلئے ایک کالم تحریر کرتے ہوئے ٹینس اسٹارنے اعلان کیا کہ وہ اس سال کے یو ایس اوپن کے بعد ریٹائرڈ  ہوجائیں گی۔ انہوں نے کالم میں لکھا کہ ` میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ ٹینس چھوڑ کر میں اپنے لئے زیادہ ضروری چیزوں کی جانب بڑھنا چاہتی ہوں ۔   انہوں نے کہا کہ `اس بات کا تصور کرنا ہی میرے لئے بہت مشکل تھا، میں کھیل کو چھوڑنا نہیں چاہتی تھی مگر میں اب اپنے خاندان اور کاروبار پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہوں ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فوری طور پر ریٹائرڈ نہیں ہورہی ہوںبلکہ اگست میں شیڈول یو ایس اوپن کھیلنے کیلئے پرامید ہیں جبکہ وہ اگلے ہفتے ویسٹرن اینڈ سدرن اوپن کا بھی حصہ بننا چاہتی ہیں۔ سیرینا ولیمز اب اپنے شوہر اور۵؍ سالہ بیٹی کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہیں جبکہ ایک اور بچے کی خواہشمند بھی ہیں۔۴۰؍ سالہ سیرینا ولیمز نے اپنے کریئر کے دوران۲۳؍گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتے اور مارگریٹ کورٹ کے آل ٹائم۲۴؍ گرینڈ سلیم ٹائٹل کے ریکارڈ سے ایک قدم دور ہیں۔ مگر انہوں نے ۲۰۱۷ءکے آسٹریلین اوپن کے بعد کوئی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ نہیں جیتا۔ انہوں نے کہا کہ `یہ جھوٹ ہوگا اگر میں یہ کہوں کہ میں یہ ریکارڈ برابر کرنا نہیں چاہتی، یقیناً میں ایسا چاہتی ہوں، مگر مجھے اب اس کی فکر نہیں ۔  دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان اس وقت کیا جب ۸؍ اگست کو ویمنز نیشنل بینک اوپن میں نوریا پیریزاز کو شکست دے کر ۴۳۰؍ دن کے بعد پہلی کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل ۲۰۲۲ء کے ومبلڈن ٹورنامنٹ میں انہیں پہلے راؤنڈ میں ناکامی کا سامنا ہوا تھا۔ اسی طرح ۲۰۲۱ء کے ومبلڈن کے دوران پہلے میچ میں انجری کے باعث دستبردار ہونا پڑا اور پھر ایک سال تک ٹینس کی دنیا سے دور رہیں۔ سیرینا ولیمز نے کریئر کے دوران ومبلڈن کو۷؍ بار، آسٹریلین اوپن کو ۷؍ بار، یو ایس اوپن کو۶؍ بار جیتا جبکہ۲۰۱۲ء کے اولمپک میں گولڈ میڈل بھی اپنے نام کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK