Inquilab Logo

ٹیم کی فتح کو کسی ٹیسٹ سیریز میں بہترین واپسی قرار دی جا سکتی ہے

Updated: December 30, 2020, 1:40 PM IST | Agency | Melbourne

کوچ روی شاستری ہندوستان کی کامیابی سے پُر جوش،رہانے،گل اور سراج کی تعریف کی

Ravi Shastri.Picture :INN
روی شاستری۔ تصویر:آئی این این

   دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کی آسٹریلیا پر ۸؍ وکٹوں کی شاندار فتح سے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ روی شاستری اتنے پرجوش اور خوش ہوگئے ہیں کہ انہوں نے اس جیت کو کرکٹ تاریخ کی سب سے بڑی واپسی میں سے ایک قرار دیا ہے۔ میچ ختم ہونے کے بعد کوچ شاستری  نے ورچوئل کانفرنس میں کہا ’’ یہ ہندوستانی کرکٹ اور عالمی کرکٹ کی تاریخ میں ایک بڑی واپسی ہوگی۔ پہلے  ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ۳۶؍رن پر ڈھیر ہونا اور پھر چند دن بعد اٹھ کر لڑنا اور بڑی جیت حاصل کرنا واقعی شاندار ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ کھلاڑیوں نے جو جذبہ دکھایا ہے اس کے لئے وہ کریڈٹ کے پورے حقدار ہیں۔ شاستری نے پہلی اننگز میں کپتان اجنکیا رہانے کی ۱۱۲؍ رنوں کی اننگز کی بھی تعریف کی جس نے کھیل پر اہم اثر ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتاہے کہ رہانے کی اننگز نے ہی میچ کا رخ بدلا۔ وہ جب چوتھے نمبر پر بلے بازی کرنے اترے تب ۶۰؍ رن پر ۲؍ وکٹ گرچکے تھے لیکن انہوں نے ۶؍ گھنٹے تک بلے بازی کی اور شاید  یہ دن بلے بازی کے لئے مشکل تھا کیونکہ پورے دن بارش ہوتی رہی۔ ایک بار بھی دھوپ نہیں نکلی اور ایسے حالات میں وہ ۶؍ گھنٹوں تک بلےبازی کرتےرہے۔  کوچ نے مزید کہا کہ رہانے کے علاوہ ہندوستان کے لئے پہلی مرتبہ  ٹیسٹ کھیلنے والے ۲؍ کھلاڑیوں شبھمن گل اور محمدسراج نے بھی جیت میں قابل ذکر تعاون دیا۔ اس کے لئے میں آئی پی ایل کو کریڈٹ دیتا ہوں کیونکہ کھلاڑی وہاں سے جوش اور بلندحوصلہ کے ساتھ آئے تھے۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ آئی پی ایل میں ڈریسنگ روم کو بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں‘‘۔ شاستری نے ۵؍ گیندبازوں کو اتارنے کی حکمت عملی کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے یہ تصدیق کی کہ اگلے  ٹیسٹ میں بھی ہندوستان انہی گیند بازوں کے ساتھ میدان پر اترے گا۔انہوں نے ر ویندر جڈیجہ کا ٹیم کو توازن دینے کیلئے شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے کہاکہ جڈیجہ بہترین آل راؤنڈر ہیں۔ وہ کسی بھی نمبر پر بلے بازی کرسکتے ہیں۔ وہ نمبر ۶؍ یا نمبر ۵؍ پر بھی بلے بازی کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK