Inquilab Logo

کورونا : تھامس اُبیر کپ ملتوی ، ڈنمارک ماسٹرس بھی منسوخ

Updated: September 16, 2020, 9:30 AM IST | Agency | New Delhi

ہندوستان نے۳؍سے۱۱؍ اکتوبر تک ڈنمارک کے شہر آرہس میں ہونے والے ٹورنامنٹ کیلئے خواتین اور مردوں کی ٹیموں کا اعلان کردیا تھا

Thomas Uber Cup. Picture:INN
تھامس اُبیر کپ۔ تصویر: آئی این این

 ورلڈ بیڈ منٹن فیڈریشن (بی ڈبلیو ایف) نے کورونا کی وجہ سے۳؍سے۱۱؍ اکتوبر تک ڈنمارک میں ہونے والے ٹیم مقابلہ تھامس اُبیر کپ کو ملتوی کردیا ہے جبکہ۲۰؍ سے۲۵؍ اکتوبر تک منعقد ہونے والے ڈنمارک ماسٹرس کو بھی  منسوخ کر دیا گیا ہے۔ورلڈ بیڈ منٹن فیڈریشن (بی ڈبلیو ایف) نے کورونا کے سبب ٹاپ ٹیموں کے نام واپس لینے کی وجہ سے منگل کے روز ڈنمارک میں تھامس اور ابیر کپ ٹورنامنٹ آئندہ سال کے لئے ملتوی کردیا ۔ ہندوستان نے۳؍سے۱۱؍ اکتوبر تک ڈنمارک کے شہر آرہس میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے لئے خواتین اور مردوں کی دونوں ٹیموں کا اعلان کردیا تھا۔ تاہم کورونا کی وجہ سے تھائی لینڈ ، آسٹریلیا ، چینی تائپے اور الجزیرہ کے بعد انڈونیشیا اور جنوبی کوریا  پیچھے ہٹ گئے جس کی وجہ سے بی ڈبلیو ایف نے اتوار کو ایک ہنگامی ورچوئل اجلاس طلب کیا۔فیڈریشن نے ایک بیان میں کہا کہ بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن میزبان بیڈ منٹن ڈنمارک کی رضامندی سے تھامس اور ابیر کپ۲۰۲۰ء کو ملتوی کرنے کا ایک مشکل فیصلہ لے رہی ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ متعدد ٹیموں کے نام واپس لینے کے سبب لیا گیا ہے۔ نظر ثانی شدہ بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور کے یورپی لیگ کی وجہ سے اب۲۰۲۱ء سے پہلے متبادل پروگرام بنانا مشکل ہو گیا ہے۔بی ڈبلیو ایف نے سنگاپور اور ہانگ کانگ کو شامل کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے انکار کردیا۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ چین اور جاپان بھی نام واپس لینے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ ہندوستان کی اسٹار پلیئر سائنا نہوال نے بھی ایسے وقت میں ٹورنامنٹ کے انعقاد پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔سائنا اور پی وی سندھو خواتین ٹیم کی قیادت کررہی تھیں جبکہ مردوں کی ٹیم میں سابق عالمی نمبر ایک کندامبی سری کانت شامل ہیں۔بی ڈبلیو ایف نے یہ بھی کہا کہ ڈنمارک اوپن پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق اوڈینس میں۱۳؍ سے۱۸؍ اکتوبر تک جاری رہے گا لیکن۲۰؍ سے۲۵؍ اکتوبر تک منعقد ہونے والے وکٹر ڈنمارک ماسٹرس کو منسوخ کردیا گیا ہے۔نظرثانی کیلنڈر میں بی ڈبلیو ایف نے نومبر میں ایچ ایس بی سی ورلڈ ٹور فائنل کے علاوہ ایشیاء میں دو سپر۱۰۰۰؍ ٹورنامنٹ بھی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بی ڈبلیو ایف تینوں ٹورنامنٹ انڈونیشیا میں کرانا چاہتا ہے لیکن انڈونیشیا نے کورونا کے سبب اپنا خیال بدل لیا۔تھامس اور ابیر کپ کے توسط سے مارچ کے بعد انٹرنیشنل بیڈ منٹن کو دوبارہ شروع کرنا تھا لیکن بی ڈبلیو ایف نے اعتراف کیا کہ موجودہ حالات میں اعلیٰ سطحی ٹورنامنٹ منعقد کرنا ممکن نہیں تھا اور اسی وجہ سے ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
بائی کی تھامس ابیر کپ ملتوی کرنے کے فیصلے کی حمایت
  بیڈ منٹن اسو سی ایشن آف انڈیا (بی اے آئی یا بائی ) نے کورونا کی وجہ سے تھامس اور ابیر کپ ٹیم مقابلے ملتوی کرنے کے عالمی بیڈ منٹن فیڈریشن  کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ بائی  کےجنرل سیکریٹری اجے سنگھانیا نے کہا کہ بائی بین الاقوامی بیڈ منٹن کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے بی ڈبلیو ایف کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ تاہم ہم کورونا کی وجہ سے موجودہ مشکل صورتحال میں سب کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر تھامس اور ابیر کپ ملتوی کرنے کے لئے بی ڈبلیو ایف کے فیصلے کی بھی حمایت کرتے ہیں۔بائی نے جمعرات کے روز حیدرآباد میں پلیلا گوپی چند سائی بیڈمنٹن اکیڈمی میں تھامس اور ابیر کپ کے لئے لازمی قرنطین کی مدت پوری نہ ہونے کی وجہ سے حیدرآباد میں کھلاڑیوں کا تیاری کیمپ بھی منسوخ کردیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK