Inquilab Logo

جوکووچ تنازع کو بھول کر نئی شروعات کا وقت ہے

Updated: December 23, 2022, 3:40 PM IST | Shobhit Chaturvedi | New delhi

آسٹریلین اوپن کے سی ای اوکریگ ٹائلی نے انقلاب کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا ان کی توجہ آئندہ ماہ شروع ہونے والے ٹورنامنٹ پر ہے

The Serbian tennis star will be seen in action this time at the Australian Open.
سربیائی ٹینس اسٹار اس بار آسٹریلین اوپن میں ایکشن میں نظر آئیںگے۔

سال کا پہلا گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن  آئندہ ماہ کی ۱۶؍ تاریخ سے شروع ہو رہا ہے۔ . پچھلی بار سربیا کے سابق نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کو کووڈ۔۱۹؍کی ویکسین نہ لینے کی وجہ سے  آسٹریلین اوپن میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی لیکن اس بار انہیں ویزا دیا گیا ہے۔ آسٹریلین اوپن کے سی ای او کریگ ٹائلی کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ تنازعہ کو پس پشت ڈال کر نئے سرے سے آغاز کیا جائے۔ انقلاب نے کریگ ٹائلی سے خصوصی گفتگو کی جو اس طرح ہے
 گزشتہ سیزن کا آسٹریلین اوپن اچھا تھا یا بر؟ 
 پچھلے۲؍ سال ہم سب کیلئے مشکل تھے، لیکن ہم خوش قسمت تھے کہ آسٹریلین اوپن کی میزبانی کر سکے، جس میں کئی اہم کھلاڑی شامل تھے۔ یہ ایک اچھا گرینڈ سلیم تھا۔ ۲۰۲۳ءکیلئے بھی حالات ٹھیک ہیں جس میں بہت سے کھلاڑی کھیلیں گے۔  شائقین اس بار اور بھی لطف اندوز ہوں گے۔ کھلاڑیوں کیلئے یہ ایک دلچسپ ٹورنامنٹ ہوگا۔
  جوکووچ کو شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ اس سے بچا جا سکتا تھا؟
 یہ ایک سال پہلے کی بات ہے اور ہم دوبارہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ہماری توجہ اس بات پرہے کہ اس ٹورنامنٹ کو مزید دلچسپ کیسے بنایا جائے۔ بعض اوقات حالات مختلف ہوتے ہیں اور اگر آپ کہہ رہے ہیں کہ اس تنازعہ سے بچا جا سکتا تھا تو میں یہ کہوں گا کہ بالکل  بچا جا سکتا تھااور ہم نے پوری کوشش بھی کی۔ ہمارا مقصد ۲۰۲۲ءآسٹریلین اوپن کا کامیاب انعقاد کرنا تھا۔ ہم نے اسے تمام کھلاڑیوں کیلئے قابل رسائی بنانے اور اسے مزید پرجوش بنانے کیلئے کام کیا۔
  جوکووچ کے نہ کھیلنے سے نقصان ہواتھا؟
  جب آپ ٹورنامنٹ کا اہتمام کرتے ہیں، تو آپ کوشش کرتے ہیں کہ تمام بڑے کھلاڑی اس میں کھیلیں۔ ہم نے اس سال بھی یہی معیار رکھا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہر کھلاڑی اس میں حصہ لے۔ آپ ہمیشہ چاہتے ہیں کہ آپ کا بڑا کھلاڑی ٹورنامنٹ کا حصہ بنے۔ کھلاڑی ہی کسی بھی ٹورنامنٹ کو دلچسپ بناتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ہر ٹاپ کھلاڑی اس کا حصہ بنے۔ 
آسٹریلیا میں اس وقت شدید گرمی ہے اور بہت سے کھلاڑی ایسے ماحول سے ہم آہنگ نہیں ہو پا رہے ہیں۔ اس پر ماضی میں بھی کئی بار بحث ہو چکی ہے، آپ اس بارے میں کیا کہنا چاہیں گے؟
 ہندوستان میں بھی گرمی زیادہ ہوتی ہےلیکن کھلاڑی یہاں آتے ہی اس ماحول کے عادی ہو جاتے ہیں۔ ہم نے کھلاڑیوں کو گرمی سے بچانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔  گرمی سے راحت دینے کیلئےٹینس کورٹ میں کولنگ کا سامان نصب کیا گیا ہے اور ٹینس کورٹ کو بھی ڈھانکدیا گیا ہے۔ گرمی کے باوجود، ہم  ٹورنامنٹ کیلئے تیار ہیں۔ 
 وینس ولیمز کو وائلڈ کارڈ انٹری مل گئی ہے۔ اس کے بارے میں کیا کہنا ہے؟
  ہر کھلاڑی آسٹریلین اوپن کھیلنا چاہتا ہے۔ وینس ایک چمپئن کھلاڑی ہیں اور کئی بار گرینڈ سلیم جیت چکی ہیں۔ ان کی شمولیت سے ٹورنامنٹ کی شان میں اضافہ ہو گا۔ ہم چاہتے تھے کہ وینس اس کا حصہ بنیں اور ہمیں امید ہے کہ ان کی موجودگی آسٹریلین اوپن کے جوش و خروش میں اضافہ کرے گی۔
  ہندوستانی کھلاڑی ٹینس میں اچھی کارکردگی نہیں دکھاتے، کیاہندوستانی ڈبلز جوڑی کو وائلڈ کارڈ انٹری دی جانی چاہئے؟ 
  میرے خیال میں ہندوستان میں ٹینس ترقی کر رہا ہے۔ ہندوستان کی ٹینس میں اچھی تاریخ ہے اور اس کھیل میں ترقی کرنے کی خواہش بھی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ اچھے کھلاڑی یہاں سے آئیں۔ میں ذاتی طور پر چاہتا ہوں کہ ہر اچھے کھلاڑی کو آسٹریلین اوپن کھیلنے کا موقع ملے اور اس میں ہندوستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK