Inquilab Logo

عالمی چمپئن بننے کیلئے نیوزی لینڈ اورآسٹریلیامیں آج گھمسان

Updated: November 14, 2021, 7:09 AM IST | Dubai

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں آج دو ہمسایہ ممالک میں روایتی حریفائی۔ کیوی اور کنگاروایک دوسرےپر سبقت لے جانے کیلئے پوری طاقت جھونک دیں گے

Australia v New Zealand
آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈ

: ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کو اتوار کو یہاں ایک نیا چمپئن ملے گا۔ دراصل یہاں جاری ٹی ۲۰؍ عالمی کپ۲۰۲۱ء کے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو ہونے والے فائنل میں دو ہمسایہ ممالک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے  اور اگر ان میں سے کوئی جیت جاتا ہے تو ٹی۲۰؍ورلڈ کپ  کو  نیا چمپئن  ملے گا۔ 
 واضح رہےکہ  دونوں ٹیمیں آج تک یہ خطاب نہیں جیت سکی ہیں۔ جہاں آسٹریلیا دوسری بار اس ٹورنامنٹ کا فائنل کھیل رہا ہے وہیں نیوزی لینڈ پہلی بار فائنل میں پہنچا ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا ۲۰۱۰ء کےایڈیشن کے فائنل میں پہنچا تھا جس میں اسے انگلینڈ کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ آئی سی سی ٹورنامنٹس کی کامیاب ترین آسٹریلیا ٹیم  آج تک ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ خطاب اپنے نام نہیں کرسکی ہے لیکن اس بار وہ اسے حاصل کرنے سے صرف ایک قدم دور ہے۔
 دوسری جانب نیوزی لینڈ ہے جو پہلی بار فائنل میں پہنچا ہے۔ اس سے قبل وہ ۲۰۰۷ء اور ۲۰۱۶ء کے ایڈیشنز میں سیمی فائنل تک پہنچا تھا لیکن  وہ بالترتیب پاکستان اور انگلینڈ سےہارگیا تھا۔ تاہم نیوزی لینڈ گزشتہ چند برسوں میں ایک مضبوط ٹیم کے طور پر ابھری ہے۔خاص طور پر موجودہ سال کی بات کریں تو اس  نے مضبوط ٹیم انڈیا کو شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا خطاب جیتا۔ پہلی آئی سی سی خطاب جیت سے ملے حوصلے کو اس نے موجودہ ٹی۲۰؍ عالمی کپ میں بھی برقرار رکھا ہے۔ اب تک نیوزی لینڈ کی مہم شاندار رہی ہے اور اب وہ ایک اور آئی سی سی خطاب یعنی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ خطاب سے صرف ایک جیت دور ہے۔
 آئی سی سی ٹورنامنٹس میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ زیادہ تر یکطرفہ رہے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر ہم ۲۰۱۵ء کے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کی بات کریں تو آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو یکطرفہ انداز میں ۷؍ وکٹوں سے شکست دے کر اپنا ۵؍ واںون ڈے ورلڈ کپ جیتاتھا۔ اس کے ساتھ ہی آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی تاریخ میں دونوں ٹیموں کے درمیان واحد میچ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو۸؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ میچ ۲۰۱۶ء کے ایڈیشن میں ہوا تھا۔
 مجموعی اعداد و شمار کی بات کریں تو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ اب تک ۱۴؍ مرتبہ ٹی ۲۰؍ کرکٹ میں آمنے سامنے آچکے ہیں جس میں آسٹریلیا نے ۹؍ اور نیوزی لینڈ نے۵؍ میچ جیتے ہیں  تاہم نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو گھریلو ٹی ۲۰؍  سیریز میں ۲۔۳؍ سے شکست دی تھی ۔ 
   ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں اچھے  فارم میں نظر آ رہی ہیں۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ دونوں ایک بار کے ٹی ۲۰؍  ورلڈ کپ جیتنے والے بالترتیب انگلینڈ اور پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئے ہیں جو ٹورنامنٹ کے فیورٹ سمجھے جارہے تھے۔ آسٹریلیا کے لیے ڈیوڈ وارنر، مشیل مارش، ایڈم زمپا، مشیل  اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنس جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان کین ولیمسن، ڈیرل مشیل، جمی نیشام ، ٹم ساؤدی، ٹرینٹ بولٹ، ایش سوڈھی اور مشیل سینٹنر  اچھے فارم میں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK