آئی پی ایل :آج ممبئی انڈینس اور کنگز الیون پنجاب کا واحد مقصد فتح

Updated: October 01, 2020, 9:40 AM IST | Agency | Abu Dhabi

دونوں ٹیموں کے اسٹارکھلاڑیوں سے بہتر کھیل کی توقع۔ممبئی انڈینس اور کنگز الیون پنجاب نے اپنے پچھلے میچ گنوائے ہیں۔ہاردک سے بھی جارح بلے بازی کی توقع ۔دونوں میں زبردست مقابلہ متوقع

Mumbai Indian And Kings XI Punjab. Picture:INN
ممبئی انڈینس اور کنگز الیون پنجاب۔ تصویر: آئی این این

کپتان روہت شرما کی ممبئی انڈینس اور لوکیش راہل کی زیر قیادت کنگز الیون پنجاب کی ٹیمیں گزشتہ شکست کو بھول کر  جمعرات کو آئی پی ایل میچ سے جیت کی راہ پر واپسی کے ارادے سے میدان میں اتریں گی۔ دونوں ٹیموں کو اپنے پچھلے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ممبئی سپر اوور میں رائل چیلنجرز بنگلور کے ہاتھوں ہار گئی جبکہ راجستھان رائلز کے خلاف پنجاب بڑے اسکور کے میچ میں ہار گیا۔ ممبئی کی ۳؍ میچوں میں یہ دوسری شکست تھی اور وہ ۲؍ پوائنٹس کے ساتھ ۵؍ویں نمبرپرہے۔ پنجاب کی ٹیم ۳؍ میچوں میں ایک جیت ، ۲؍ شکست کے ساتھ ۲؍ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔ دونوں ٹیمیں پچھلی شکست کو فراموش کرکے اور غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے جیت کی راہ پر واپس آنے کی کوشش کریں گی۔ کپتان راہل کو فارم میں آنا پنجاب کے لئے راحت کی بات ہے۔ جس طرح انہوں نے راجستھان کے خلاف اوپنر مینک اگروال کے ساتھ پہلے وکٹ کیلئے ریکارڈ۱۸۳؍ رن بنائے وہ ناقابل یقین تھا۔ پنجاب نے راجستھان کے گیندبازوں کی سخت دھلائی سے دوچار کردیا تھا اور۲۲۳؍ رن کا مضبوط اسکور بنا دیا تھا تاہم پنجاب کے بولر اس بھاری اسکور کا دفاع نہ کر سکے اور راجستھان نے ۳؍ گیندیں باقی رہتے میچ ختم کردیا۔ اس میچ میں راہل تیوتیا کے ایک ہی اوور میں ۵؍ چھکوں نے انہیں راتوں رات نیا اسٹار بنا دیا۔آخری میچ میں پنجاب کی بیٹنگ میں حیرت انگیز توازن رہا۔ مڈل آرڈر میں گلین میکسویل اور نکولس پورن کا ایک مضبوط آغاز مضبوطی سے اختتام کو پہنچا۔ اگرچہ میکسویل نے ابھی تک کوئی بڑی اننگز نہیں کھیلی ہے لیکن پورن نے اپنا کام بخوبی انجام دیا۔ اگر ممبئی کی ٹیم فتح کی پٹری پر لوٹنا چاہتی ہے تو اسے راہل اور مینک کو بڑی شراکت سے روکنا ہوگا اور پنجاب کے بلے بازوں کو کم سے کم اسکور پر ہی روکنا پڑے گا تاہم ان کی بولنگ پنجاب کیلئے پریشانی کا سبب ہے جو۲۲۳؍ رن  کے بڑے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔
 ممبئی کا بیٹنگ آرڈر بہت مضبوط ہے بولنگ ڈپارٹمنٹ میں پنجاب کو بہتر کرنا ہوگا بصورت دیگر کوئی بھی اسکور ان کے لئے کم ثابت ہوگا۔ شیلڈن کوٹرئیل آخری میچ میں پنجاب کے لئے بہت مہنگے ثابت ہوئے اور انہوں نے ۳؍ اوورس میں۵۲؍ رن دے کر ایک وکٹ لیا تھا ۔ آخری میچ میں ۲۰۲؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں شروع میں ہچکچاہٹ کے بعد ممبئی کی واپسی کا راستہ قابل تعریف ہے۔ اگرچہ ان کا ٹاپ آرڈر بنگلور کے خلاف مکمل ناکام  تھا لیکن   مڈل آرڈر میں ایشان کشن (۹۹؍رن) اور کیرون پولارڈ (ناٹ آؤٹ۶۰؍رن) نے پانسہ پلٹ دیا تھا ۔بنگلور ایک وقت یکطرفہ کامیابی حاصل کرنے کے قریب پہنچ کر آخری اوورس میں میچ ہارنے کے مقام پر پہنچ گیا تھا۔ لیکن وہ ۲۰؍ویں اوور کی ۵؍ویں گیند پر کشن کے آؤٹ ہونے سے راحت کی سانس لی  اور میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا جہاں ممبئی ہار گیا۔ ممبئی کیلئے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کا خراب فارم تشویش کا باعث بنتا جارہاہے جو تینوں میچوں میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔ پانڈیا نے ابوظہبی میں چنئی سپر کنگز کے خلاف۱۴؍ اور کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف ۱۸؍ رن بنائے تھے جبکہ وہ پیر کو دبئی میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف۱۵؍رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔بنگلور کے خلاف ٹائی ہونے کے بعد پانڈیا کو کیرون پولارڈ کے ساتھ سپر اوور میں بھیجا گیا تھا لیکن دونوں دھماکہ خیز بلے باز صرف ۷؍ رن بنا سکے۔ اگرچہ ممبئی کمر کی سرجری کی وجہ سے پانڈیا سے بولنگ نہیں کرارہا ہے تاہم انہیں  جلد ہی واپس آنا ہوگا تاکہ اگر ٹاپ آرڈر ناکام  ہوجائے تو وہ ٹیم کو سنبھال سکیں ۔  پچھلے میچ میں ممبئی کے بولر بھی ناکام ہوگئے تھے اور روہت کو جلد از جلد ان کوتاہیوں کو دور کرنا ہوگا۔ اس وقت دونوں ٹیموں کی صورتحال یکساں ہے اور میچ برابر ہے  لیکن پنجاب کو دفاعی چمپئن ممبئی کے خلاف کسی غلطی سے گریز کرنا ہوگا اور بیٹنگ  کے ساتھ ساتھ بولنگ میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK