Inquilab Logo

یوئیفا چمپئن لیگ :مانچسٹر سٹی کا طوفان گلاڈباخ کو بھی بہا لے گیا

Updated: March 18, 2021, 12:01 PM IST | Agency | Budapest

راؤنڈ ۱۶؍ کے میچ میں جرمن کلب کی صفر۔۲؍ سے شکست۔ دو مرحلو ں کے بعد صفر۔۴؍ سے کامیابی کے بعد سٹی کوارٹر فائنل میں

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

 منیجر پیپ گارڈیالا کی رہنمائی میں  مانچسٹر سٹی فٹبال کلب بہت اچھا کھیل رہا ہے اور اس بار اس نے  چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیاہے۔ منگل کی دیر رات ہونے والے راؤنڈ ۱۶؍ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں سٹی کی ٹیم نے  بوروشیا مونشینگلاڈ باخ کو صفر۔۲؍ سے ہرا دیا۔ ۲؍ مرحلوں کے میچ کے بعد سٹی نے صفر۔۴؍ کے مجموعی اسکور کے ساتھ کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ خیال رہے کہ اس وقت سٹی کی ٹیم انگلش پریمیر لیگ کے ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر ہے۔مانچسٹر سٹی مسلسل چوتھی بار چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے لیکن اس بار حالات بالکل الگ ہیں۔ مانچسٹر سٹی ایک بے باک ٹیم کی طرح ہرمرحلے کو پار کرتی جارہی ہےاور جرمنی کے فٹبال کلب کو بھی اس نے روندکر ایک کنارے کردیا۔ 
 منگل کی رات جب آخری وہیسل بجی تو سٹی کے کھلاڑیوں نے جشن منانا شروع کردیا ۔ حالانکہ مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کیلئے یہیں سے   اصل مقابلہ شرو ع ہونے والا ہے۔میچ کے بعدسٹی کے منیجر گارڈیالا نے کہا ’’۵؍سال قبل جب میں اس کلب میں آیا تھا تو اس وقت مجھ سے کہا گیا تھا کہ مجھے چمپئن لیگ کی ٹرافی جیتنی ہے۔ اس لئے اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم یورپ کے اس باوقار ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے کندھوں کے بوجھ کو کم کریں۔ ‘‘ خیال رہے کہ اس سے قبل سٹی کو کوارٹر فائنل میں لیورپول، ٹوٹنہم ہاٹسپر اور لیون کے ہاتھوں شکست کے بعد باہر ہونا پڑا تھا۔ حالانکہ اس بار اس کے پاس چمپئن لیگ کا چمپئن بننے کا سنہرا موقع ہے اور گارڈیالا اس کیلئے پوری کوشش کریں گے۔ منگل کی رات ہونے والے میچ میں سٹی نے پہلے ہی ہاف میں حریف ٹیم کے خلاف ۲؍ گول کرکے اسے شکست پر مجبور کردیا تھا۔  اس کی جانب سے پہلا گول ۱۲؍ویں منٹ میں کیون ڈی برائن نے ریا ض محرز کی مدد سے کیا۔ اس گول کے ۶؍منٹ بعد ہی انگلینڈ کے کلب کی جانب سے ایک اور گول ہوا۔ اس بار ایلکائی غندوغان نے فل فوڈین کی مدد سے ٹیم  کا دوسرا گول کیا او راسکور صفر۔۲؍کردیا۔ یہی اسکور میچ کے آخر تک برقرار رہا۔ اس طرح ۲؍مرحلوں کے بعد سٹی نے صفر۔۴؍کے مجموعی اسکور سے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK