Inquilab Logo

یوئیفا نے مانچسٹرسٹی پر ۲؍سیزن کی پابندی عائد کردی

Updated: February 16, 2020, 11:33 AM IST | Agency | Neon

یوئیفا نے انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی پر ۲؍سیزن تک کسی بھی یوروپی مقابلے میں شرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔ یوئیفا کے مطابق سٹی نے مالی ضابطوں کی خلاف ورزی کی ہے جس کے بعد اس پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

مانچسٹر سٹی ٹیم ۔ تصویر : آئی این این
مانچسٹر سٹی ٹیم ۔ تصویر : آئی این این

 نيون : یوئیفا نے انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی پر ۲؍سیزن تک کسی بھی یوروپی مقابلے میں شرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔ یوئیفا کے مطابق سٹی نے مالی ضابطوںکی خلاف ورزی کی ہے جس کے بعد اس پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یہ پابندی فوری طورپر نافذ کی جارہی ہے۔ یوئیفا کے حکم کے بعد منیجر پیپ گارڈیالا کی ٹیم مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے چمپئن لیگ جیتنے کی امیدوںپر پانی پھر گیا ہے۔ حالانکہ سٹی کے انتظامیہ نے اس پابندی کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 یورپ میں فٹبال کا کام کاج دیکھنے والی تنظیم یوئیفا نے پابندی کے ساتھ ساتھ سٹی  پر ۳۰؍ملین یوروز(۳۲ء۵؍ملین ڈالرس ) کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ سٹی نے کھیل کے معاملات نمٹانے والی عدالت میں اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انگلش کلب یہ کام فوری طورپر کرے گا۔
 یوئیفا کی پابندی کے بعد کلب انتظامیہ نے کہاکہ اس سے مایوسی ہوئی ہے لیکن ہم حیران نہیں ہیں۔ یوئیفا کے مالی امورکی دیکھ بھال کرنے والے ادارے کلب فائنانشل کنٹرول باڈی (سی ایف سی بی ) نے کہاکہ سٹی نے اسپانسر شپ ریوینیوکے معاملے میں غلط بیانی سے کام لیاہے۔ یہ معاملہ ۲۰۱۲ء اور ۲۰۱۶ء کی آڈٹ رپورٹ میں سامنے آیاہے۔ یوئیفا کے مطابق سٹی نے تحقیقات میں بھی ادارے کے ساتھ تعاو ن نہیں کیا تھا۔ 
 خیال رہےکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یوئیفا کے فیصلے کے بعد پریمیر لیگ میں سٹی کے پوائنٹس کم کئے جاسکتے ہیں۔ تاہم یوئیفا کا یہ فیصلہ صرف مردوں کی ٹیم پر نافذ ہوگا ، خواتین کی ٹیم اس سے مستثنیٰ ہے۔ 
 یاد رہے کہ اس ماہ کے آخر میں یوئیفا چمپئن لیگ کے راؤنڈ۱۶؍میں مانچسٹر سٹی کا مقابلہ ریئل میڈرڈ سے ہونے والاہے ۔ راؤنڈ ۱۶؍ کے پہلے مرحلے کا میچ میڈرڈ کے میدان پر کھیلاجائے گا۔ اس دوران اسپینش لیگ لالیگا کے  صدر جیویئر ٹیبس نے یوئیفا کے فیصلے کو قابل ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ مالی ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے اس سے فٹبال کا مستقبل محفوظ رہے گا۔  انہوں نے کہاکہ ہم کئی برسوں سے مانچسٹر سٹی اور پیرس سینٹ جرمین کے خلاف کارروائی کیلئے آواز بلند کررہے تھے اور یوئیفا نے یہ فیصلہ سناکرسبھی کو اچھا پیغام دیا ہے۔ میں امیدکرتاہوں کہ مستقبل میں بھی یوئیفا ایسے سخت فیصلہ کرے گا۔
 خیال رہے کہ ۲۰۱۸ء میں جرمنی کے ایک اخبار نے نومبر ۲۰۱۸ء کی دستاویز لیک کئے تھے جس کے تحت اسپانسرشپ کے معاہدے میں   مانچسٹر سٹی نے یوئیفا کو گمراہ کیا تھا۔ اس وقت سٹی نے جرمن اخبار کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔ ۲۰۱۴ء میں بھی یوئیفا نے مانچسٹر سٹی پر ۴۹؍ملین یوروز کا جرمانہ عائد کیا تھا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK