Inquilab Logo

مانچسٹر ڈربی میں آج یونائٹیڈ اور سٹی کے درمیان گھمسان

Updated: March 08, 2020, 12:29 PM IST | Agency | Manchester

یونائٹیڈ اولڈ ٹریفورڈ پر سٹی کی میزبانی کریگا۔ یونائٹیڈ کے نئے کھلاڑی برونو پر سبھی کی نظر

United Team - Pic : INN
یونائیٹیڈ ٹیم ۔ تصویر : آئی این این

اتوار کو انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل)کے مانچسٹر ڈربی میں  یونائٹیڈ اور سٹی کے درمیان زبردست مقابلے کی توقع ہے۔ لیگ کے اس سیزن کے پچھلے ڈربی میچ میں یونائٹیڈ نے سٹی کو اس کے گھریلو میدان اتحاد اسٹیڈیم میں ایک۔۲؍ سے شکست دی تھی  اور اتوار کو یونائٹیڈ کی ٹیم اولڈ ٹریفورڈ میں سٹی کی میزبانی کرے گی۔
 ۲۰۱۳ء میں الیکس فرگیوسن کے ریٹائرمنٹ کے بعد سے یونائٹیڈ کا فٹبال کلب اچھے کھلاڑیوں کی تلاش میں ہے لیکن اب تک یہ ایک مضبوط ٹیم نہیں بن پائی ہے۔الیکس فرگیوسن کے جانے کے بعد یونائٹیڈ ٹاپ ۴؍ میں جگہ بنانے کیلئے بھی جدوجہد کررہاہے۔ اس وقت پوائنٹ ٹیبل میں مانچسٹر سٹی دوسرے نمبرپر ہے جبکہ  یونائٹیڈ ۵؍ویں نمبرپرہے۔ اگر یونائٹیڈ  یہ میچ جیت جاتاہے اور چیلسی، ایورٹن فٹبال کلب سے ہار جاتاہے تو اس کے ٹاپ ۴؍ میں پہنچنے کے قوی امکانات ہیں۔ مانچسٹر سٹی کے اس وقت پوائنٹ ٹیبل میں ۲۷؍میچوں میں ۵۷؍ پوائنٹس ہیں اور مانچسٹر یونائٹیڈکے ۲۸؍میچوں میں ۴۲؍ پوائنٹس ہیں۔ چیلسی کے ۲۸؍میچوں میں ۴۵؍پوائنٹس ہیں۔ سٹی نے گزشتہ ۵؍میچوں میں سے ۳؍  میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اس کا ایک میچ ڈرا ہوا ہے اور اسے ایک میں شکست ملی ہے۔ دوسری طرف یونائٹیڈنے گزشتہ ۵؍میچوں میں  سے ۲؍میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے۲؍میچ ڈرا ہوئے ہیں۔ ایک میچ میں اسے شکست ہوئی ہے۔ اس وقت یونائٹیڈ میں پرتگال سے تعلق رکھنے والے برونو فرنانڈیس اچھا کھیل رہے ہیں اور وہ پہلی بارمانچسٹر ڈربی میں نظر آئیں گے۔ یونائٹیڈنے انہیں جنوری میں اسپورٹنگ لزبن سے ۶۱؍ملین ڈالر میں خریدا تھا۔ گزشتہ ۷؍ میچوں میں انہوں نے ۳؍گول کئے ہیں اور ۲؍ گول کرنے میں معاونت کی ہے۔ پریکٹس سیشن میں ان میں بہت توانائی رہتی ہے۔مانچسٹر یونائٹیڈ کے منیجر اولے گنرس سولشائرنے بتایا ’’میں ایسے ہی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں۔ وہ جیسا پہلے اسپورٹنگ میں کھیلا کرتا تھا اسی طرح یونائٹیڈ میں بھی کھیل رہا ہے۔ نئی ٹیم میں آنے کے بعد بھی اس کے کھیل میں تبدیلی نہیں آئی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’اس لڑکے میں زبردست اعتماد ہے، اس کے کھیل کا معیار بھی اچھا ہے، وہ اچھے فارم میں ہے اور اس کی شخصیت بھی اچھی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK