Inquilab Logo

وندنا اور مونیکا کا ارجن ایوارڈ کیلئے نامزدگی پر اظہار خوشی

Updated: June 06, 2020, 4:10 AM IST | Bengaluru

خاتون ہاکی ٹیم کی دونوں کھلاڑیوں نے کہا: نامزدگی سے مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرنے کا حوصلہ ملے گا ۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی دفاعی کھلاڑی وندنا کٹاریا اور مڈفیلڈر مونیکا ملک نے ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے وہ مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔یاد رہے کہ ہاکی انڈیا نے منگل کو رانی کوراجیو گاندھی کھیل رتن اور وندنا ، مونیکا اورمردوں کی ٹیم کے ہرمنپریت سنگھ کو ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد کیا۔ وندنا نے ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے پر ٹیم ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ ۲۸؍ سالہ وندنا نے کہا کہ خوشی ہے کہ ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے وقت میں یہ بہتر کام کرنے کی ترغیب دے گا۔ اگر میرے ساتھی میرا ساتھ نہ دیتے تو میں اچھا مظاہرہ نہیں کر سکتی تھی۔ ان لوگوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور میری کارکردگی کا کریڈٹ ساتھی کھلاڑیوں کو جاتا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ رانی کو کھیل رتن کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ میں رانی کو کھیل رتن اور مونیکا اور ہرمنپریت کو ارجن ایوارڈ کے لئے مبارکباد دینا چاہتی ہوں ۔ خاتون ہاکی کھلاڑی نے کہا کہ اس وقت خواتین کی ٹیم بہت متوازن ہے اور بڑے ٹورنامنٹس میں بہتر کارکردگی کیلئے پراعتماد ہے۔دفاعی کھلاڑی وندناکٹاریا نے کہا کہ ہم اس وقت درست سمت جارہی ہیں ۔ ہماری ٹیم بہت متوازن ہے اور ہم اسے برقرار رکھنا چاہتی ہیں ۔ ہماری ٹیم کا حوصلہ بہت بلند ہے اور مجھے یقین ہے کہ ٹیم بڑے ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ہم ایک ٹیم کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کو بھی سمجھتے ہیں ۔ 
 یاد رہے کہ وندنا کٹاریا نے ہندوستان کے لئے ۲۰۰؍اور مونیکا نے۱۵۰؍ سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں اور دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ سال کی ایف آئی ایچ سیریز فائنلز ، ٹوکیو اولمپک ٹیسٹ ایونٹ اور ایف آئی ایچ ہاکی اولمپک کوالیفائرس میں ٹیم کی فتوحات میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ مڈفیلڈر مونیکا نے ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ان کے لئے باعث فخر لمحہ ہے۔
 ۲۶؍ سالہ مونیکا نے کہا کہ مجھے ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے پر بہت فخر محسوس ہورہا ہے۔ میں رانی کو کھیل رتن اور وندنا اور ہرمنپریت کو ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے پر مبارکباد دیتی ہوں ۔ 
مونیکا نے کہا کہ اس ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے سے مجھے اپنی ٹیم کے لئے بہتر کام کرنے کی ترغیب ملے گی۔ ہم نے ۲۰۱۹ء میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مجھے امید ہے کہ جب ہم میچ شروع کریں گے تو ہماری اس پرفارمنس کو جاری رکھیں گے۔ 
 انہوں نے کہا کہ ہندوستانی خواتین کی ٹیم اگلے سال کے اولمپکس میں بہترین نتیجہ حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ مونیکا نے کہا کہ ٹیم میں ہم سب کی اولمپکس میں عمدہ کارکردگی کا ایک مقصد ہے۔ ہم نے پچھلے میچوں میں اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دیا ہے اور ہم اگلے سال کے اولمپکس میں توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ہماری ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا بہتر توازن ہے۔ ہم ملک کے لئے بہترکھیلنے کی خواہاں ہیں ۔ 
ہاکی کھلاڑی جونامزد ہوئے
ہاکی انڈیا نے منگل کو رانی کوراجیو گاندھی کھیل رتن اور وندنا ، مونیکا اورمردوں کی ٹیم کے ہرمنپریت سنگھ کو ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد کیا۔ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کی کپتان رانی نے ملک کے اعلیٰ ترین کھیل اعزاز راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کے لئے بڑے فخر کی بات ہے ۔ پدم شری ایوارڈیافتہ رانی نے کہا’’ کھیل رتن ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے پرمجھے فخر محسوس ہو رہاہے۔میں اس بات سے خوش ہوں کہ ہاکی انڈیا نے ملک کے سب سے اعلیٰ کھیل ایوارڈ کے لئے میرے نام کی سفارش کی ہے۔ ان کا تعاون ہمیشہ ٹیم اور مجھے حوصلہ دیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK