Inquilab Logo

آئی پی ایل میں وراٹ کوہلی کا بلہ بولا، گجرات کے خلاف نصف سنچری بنائی

Updated: May 21, 2022, 1:25 PM IST | Agency | Mumbai

بنگلور نے گجرات ٹائٹنس کو ۸؍وکٹ سے شکست دے کر پلے آف کی امید زندہ رکھی۔ وراٹ کوہلی نے ۷۳؍ رن کی مفید اننگزکھیلی

Virat Kohli .Picture:INN
وراٹ کوہلی ۔تصویر: آئی این این

سابق کپتان وراٹ کوہلی (۷۳؍رن) کی فارم میں واپسی اور گلین میکسویل کے ناٹ آؤٹ۴۰؍ رن کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے جمعرات کورات  آئی پی ایل کے میچ میں گجرات ٹائٹنس کو ۸؍ وکٹ سے شکست دے کر ٹیم نے پلے آف میں جگہ بنانے کے لئے اپنی  امیدیں برقرار  رکھی ہیں۔ گجرات نے کپتان ہاردک پانڈیا کے ناٹ آؤٹ۶۲؍ رن کی بدولت۲۰؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر ۱۶۸؍رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا لیکن بنگلور نے ۱۸ء۴؍ اوور میں ۲؍ وکٹ پر۱۷۰؍ رن بنا کر میچ جیت لیا۔ یہ بنگلور کی۱۴؍ میچوں میں ۸؍ویں فتح  تھی اور وہ۱۶؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آگئی ہےلیکن اس کا مائنس نیٹ رن ریٹ  نقصان پہنچا سکتا ہے۔ بنگلور کی امیدیں اب دہلی کے آخری میچ کے نتیجے پر منحصر ہوں گی جس کا رن ریٹ پلس میں ہے۔ پنجاب اور حیدرآباد بنگلور کی جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ وراٹ نے۵۴؍ گیندوں پر۷۳؍ رن بنائے  جس میں ۸؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے اور کپتان فاف ڈو پلیسس (۴۴) کے ساتھ ابتدائی شراکت میں۱۱۵؍ رن جوڑے۔ گلین میکسویل کے آتے ہی راشد خان کی گیند پر چھکا لگایا لیکن گیند اسٹمپ کو چھوتے ہوئے باہر چلی گئی۔ بیلز میں بھی لائٹ جلی لیکن بیلز نہیں گرے اور میکسویل نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور چوکے اور چھکے لگائے۔ ڈو پلیسس کو آؤٹ کرنے والے راشد نے وراٹ کو اسٹمپ کیا۔ میکسویل نے اس کے بعد دنیش کارتک کے ساتھ میچ نمٹادیا۔ جس انداز کا آر سی بی کو وراٹ کوہلی کا انتظار تھا وہ آج دیکھنے کو ملا۔ وہی پرانا جارحانہ انداز۔ یہی وجہ تھی کہ گجرات ٹائٹنس کی طرف سے دئیے گئے۱۶۹؍ رن کے ہدف کو حاصل کرنے کے دوران آر سی بی کے اوپنرس مکمل طور سے حاوی رہے۔ وراٹ کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا۔ ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہاردک نے ۴۷؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۶۲؍ رن  میں ۴؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے۔ گجرات نے آخری ۵؍ اوورس میں۵۰؍رن جوڑے تاکہ ٹیم کو فائٹنگ اسکور تک پہنچادیا۔ ایک وقت میں گجرات ٹائٹنس کو۱۶۰؍ رن تک پہنچتےہوئے نہیں  لگ رہا تھا لیکن اس ٹیم نے ایک بار پھر متحد ہوکر کمال کردیا۔ اگر دیکھا جائے تو اس بار ملر کا کردار مختلف رہا ہے۔ انہوں نے ہاردک کا بہت اچھا  تعاون کیا۔ جب پہلے بلے بازی کرنے آئے تو ہاردک دوبارہ فارم میں آئے۔ ردھیمان ساہا نے۲۲؍گیندوں پر۳۱؍رن بنائے جبکہ میتھیو ویڈ نے۱۳؍ گیندوں پر۱۶؍ رن  بنائے۔ ڈیوڈ ملر نے۲۵؍ گیندوں پر ۳؍ چھکوں کی مدد سے۳۴؍ اور راشد خان نے ۶؍ گیندوں پر ایک چوکے اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۱۹؍ رن  بنائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK