Inquilab Logo

ومبلڈن: آج خواتین کے سنگلز کے فائنل میں ریباکینا اورجیبورکا آمنا سامنا

Updated: July 09, 2022, 1:04 PM IST | Agency | London

ریبا کینا اور جیبور نے پہلی بار ومبلڈن کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ تیونس کی جیبور ومبلڈن فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب خاتون ٹینس کھلاڑی

 Elena Rybakina and Ons Jabeur.Picture:INN
ایلینا ریباکینا اوراونس جیبور۔ تصویر: آئی این این

بہت کم ایسا ہوتاہے کہ ٹینس میں رافیل ندال، سیمونا ہالیپ اور نوواک جوکووچ کے علاوہ کوئی او رنام سرخیوں میں جگہ پاتاہے۔  اس بار ومبلڈن۲۰۲۲ء میں بھی ایسا ہی ہوا ہے جب تیونس کی کھلاڑی اونس جیبور راتوں رات مقبول ہو گئیں۔ درحقیقت وہ ومبلڈن کے فائنل میں پہنچ چکی ہیں اور ایسا کرنے والی وہ عرب ملک کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ومبلڈن کے خواتین کے سنگلز کے فائنل میں سنیچر کو جیبور کامقابلہ روس میں پیدا ہونے والی قزاخستان کی کھلاڑی ایلینا ریباکینا سے ہوگا۔ ۳؍ سال کی عمر سےجیبور جو ٹینس کو اپنا سب کچھ سمجھتی ہیں، اس وقت ایشام جلالی کی رہنمائی میں تربیت حاصل کر رہی  ہیں۔ اس وقت تیونس کی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی  جیبور۲۸؍ اگست۱۹۹۴ء کو تیونس کے ایک چھوٹے سے قصبے میں پیدا ہوئیں۔۳؍ سال کی عمرمیں ان کی والدہ ادارا نے ان کے ہاتھ میں ریکیٹ دیا۔ وہ جس کلب میں پریکٹس کرتی تھیں وہاں ٹینس کورٹ نہیں تھا لیکن جیبور تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔ وہ پہلی بار۲۰۱۱ء میں اس وقت روشنی میں آئیں جب انہوں نے فرنچ اوپن جونیئر خطاب جیت لیاتھا۔ انہوں نے۲۰۲۱ء میں برمنگھم میں اپنا پہلاڈبلیو ٹی اے خطاب جیتا تھا اور لائم لائٹ میں آگئی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔اگر ہم ان کی بڑی کامیابیوں پر نظر ڈالیں تو انہوں نے۲۰۲۰ء میں آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل،۲۰۲۰ء،۲۰۲۱ء میں فرنچ اوپن کے چوتھے راؤنڈ اور۲۰۱۹ء،۲۰۲۰ء اور۲۰۲۱ء میں یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ تک کا سفر طے کیا تھا۔ اونس جیبور کی شاندار کارکردگی بلا روک ٹوک جاری ہے۔ وہ ومبلڈن کے فائنل میں جگہ بنا چکی  ہیں۔ انہوں نے سیمی فائنل میچ میں تاتیانا ماریا کو  ۲۔۶، ۶۔۳، ۱۔۶؍سے شکست دی اور پہلی بار ومبلڈن کے فائنل میں پہنچیں۔ اس سے قبل کھیلے جانےوالے کوارٹر فائنل میچ میں اونس جیبور نے اپنے کریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میری بوجکووا کو۶۔۳، ۱۔۶،۱۔۶؍ سے ہرا کر پہلی بار ومبلڈن کے سیمی فائنل میں رسائی کی۔
  دوسری  طرف دوسرے سیمی فائنل میں رومانیا کی سیموناہالیپ کوروس میں پیدا ہونے والی قزاخستان کی ایلینا ریبا کینا نے ۲؍سیٹوں میں آسانی سے شکست دے دی۔ ایلینا نے یہ میچ ۳۔۶، ۳۔۶؍ سے جیت لیا۔ اب سنیچر کو ایلینا ا ور جیبور کے درمیان فائنل مقابلہ ہوگا اور اس بار ومبلڈن میں خواتین کو نیا چمپئن ملے گا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK