Inquilab Logo

آسان فتح کے ساتھ جوکووچ نویں مرتبہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچے

Updated: February 19, 2021, 12:29 PM IST | Agency | Melbourne

خواتین کے زمرے میں سیرینا ولیمز کا ۲۴؍واں گرینڈ سلیم خطاب جیتنے کا خواب ناؤمی اوساکا نے توڑ دیا،فائنل میں جینیفر براڈی سے مقابلہ ہوگا

Novak Djokovic. Picture:INN
سربیائی کھلاڑی نوواک جوکووچ۔تصویر :آئی این این

 دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی، ٹاپ سیڈ اور ۸؍ مرتبہ کے فاتح سربیا کے نوواک جوکووچ نے روس کے کوالیفائر اسلان کراتسیف کی مہم کو جمعرات کو مسلسل سیٹوں میں۴۔۶،۳۔۶،۲۔۶؍کی جیت کے ساتھ ختم کرتے ہوئے نویں مرتبہ سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔جوکووچ نے راڈ لیور ایرینا میں کراتسیف کو ایک گھنٹہ ۵۳؍منٹ میں شکست دی۔ جوکووچ نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کے ۱۱۴؍ ویں نمبر کے کھلاڑی کراتسیف کا اپنے گرینڈ سلیم ڈیبیو میں فائنل میں پہنچنے کے پہلے کھلاڑی بننے کا خواب توڑ دیا۔ جوکووچ کا  فائنل میں پانچویں سیڈ یافتہ یونان کے استیفنوس سیتسپاس اور چوتھی سیڈ روس کے ڈینیل میدیدیف کے بیچ دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے مقابلہ ہوگا۔  واضح رہے کہ سیتسپاس نے کوارٹرفائنل میں دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی اسپین کے رافیل ندال کو ۴؍ گھنٹے ۵؍ منٹ تک چلے میراتھن مقابلے میں شکست دی تھی۔ 
 سربیا کے کھلاڑی کا غلبہ میچ میں اتنا زبردست تھا کہ انہوں نے صرف ایک غلطی کی اور ۳۰؍​ونرس لگائے۔ جوکووچ اس کے ساتھ  اپنے کریئر کے ۲۸؍ویں گرینڈ سلیم فائنل میں پہنچ گئے۔ ۳۴؍سالہ جوکووچ نے ایس لگا کر میچ ختم کیا اور اب وہ اپنا ۱۸؍واں گرینڈ سلیم خطاب  جیتنے سے ایک جیت  دور رہ گئے ہیں۔سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور اسپین کے رافیل ندال ۲۰۔۲۰؍گرینڈ سلیم  خطاب جیتے ہیں۔
 جوکووچ نے ۲۰۲۱ء میں لگاتار ۸؍ میچ جیتے ہیں۔ فائنل میں ان کے سامنے  میدویدیف یا سیتسپاس  ہوں گے۔ جوکووچ کا میدیدیف کے خلاف کریئر کا ریکارڈ ۳۔۴؍ اورسیتسپاس کے خلاف  ۲۔۴؍ ہے۔ندال کی کوارٹر فائنل میں شکست کے ساتھ اب یہ یقینی ہوگیا ہے کہ جوکووچ کم سے کم ۸؍مارچ تک دنیا کے نمبر ون کھلاڑی  رہیں گے اور فیڈرر کا ریکارڈ توڑتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ۳۱۱؍ ویں ہفتے میں داخل ہوں گے۔کئی الٹ پھیر کرتے ہوئے سیمی فائنل تک پہنچے کراتسیف دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی کے خلاف کچھ خاص نہیں کرسکے ۔ جوکووچ نے پہلا سیٹ ۳۵؍ منٹ میں جیت لیا۔ اس سیٹ میں کراتسیف  نے ۱۳؍ غیرضرروری غلطیاں کیں۔ جوکووچ نے کراتسیف کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا اور مسلسل سیٹوں میں میچ نمٹاتے ہوئے  خطابی مقابلے میں داخلہ حاصل کیا۔

  خواتین کے سیمی فائنل مقابلے میں یو ایس اوپن  چمپئن  جاپان کی ناؤمی اوساکا نے عظیم کھلاڑی امریکہ کی سیرینا ولیمز کا ۲۴؍ویں گرینڈ سلیم خطاب کا خواب جمعرات  کے روز مسلسل سیٹوں میں ۳۔۶،۴۔۶؍ کی جیت کے ساتھ توڑتے ہوئے سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے خواتین کے سنگلز کے خطابی مقابلے میں داخلہ حاصل کرلیا جہاں ان کا مقابلہ ایک دیگر امریکی کھلاڑی جینیفر براڈی سے ہوگا۔ براڈی نے چیک جمہوریہ کی کیرولینا موچووا کو۴۔۶، ۶،۳، ۴۔۶؍  سے ہرایا۔  تیسری  سیڈ اوساکا نے ۱۰؍ویں سیڈ سیرینا کو یکطرفہ انداز میں  ایک گھنٹے  ۱۵؍منٹ میں شکست دی۔ اس شکست کے ساتھ ہی سیرینا کا ۲۴؍گرینڈ سلیم کے  ریکارڈ کی برابری کرنے کا  خواب ایک بار پھر ٹوٹ گیا۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ۳۹؍ سالہ  سیرینا  ولیمز کی آنکھوں میں آنسو تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس میچ میں کئی مواقع تھے لیکن وہ ان سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں اور انہوں نے مسلسل غلطیاں کیں۔
 ۲۳؍ سالہ اوساکا اب اپنے چوتھے گرینڈ سلیم خطاب  کے لئے امریکی کھلاڑی براڈی سے مقابلہ ہو گا۔ براڈی نے  موچووا سے اپنا مقابلہ ایک گھنٹہ ۵۵؍ منٹ کی جدوجہد میں  جیتا ۔ ۲۲؍سالہ براڈی پہلی بار گرینڈ سلیم کے فائنل میں پہنچی ہیں۔ سیرینا نے جنوری ۲۰۱۷ء میں آسٹریلیائی اوپن میں اپنا ۲۳؍ واں گرینڈ سلیم جیتا تھا۔ اس کے بعد سے وہ ۴؍بار گرینڈ سلیم فائنل میں پہنچی  لیکن ان کا ۲۴؍ویں گرینڈ سلیم خطاب  کا خواب پورا نہیں ہوسکا

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK