Inquilab Logo

اولمپکس ملتوی ہونے پر ۲۰۲۱ء میں بھی کوئی پلان بی نہیں

Updated: April 25, 2020, 7:04 AM IST | Tokyo

ٹوکیو اولمپکس کے چیف نے کہا:کھیلوں کو منسوخ کرنے کیلئے فی الحال آرگنائزنگ کمیٹی کے پاس کوئی منصوبہ تیار نہیں۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

  عالمی وبا کورونا وائرس  کے مسلسل بڑھتے اثر کے سبب ۲۰۲۱ء میں بھی اولمپکس کے انعقاد پر بحران کے بادل منڈلا رہے ہیں اور پھر اس کے ملتوی ہونے یا منسوخ ہونے کی صورت میں اس کے پاس کوئی پلان بی نہیں ہے۔ ٹوکیو اولمپکس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) توشرو متو نے جمعرات کو آن لائن بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ اگر۲۰۲۱ءمیں بھی اولمپک کھیلوں کا انعقاد نہیں ہو پایا تو اس کی تاریخوں کو آگے بڑھانے یا اسے منسوخ کرنے کے بارے میں فی الحال آرگنائزنگ کمیٹی کے پاس کوئی منصوبہ تیار نہیں ہے۔ متو نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولمپکس کے انعقاد کے بارے میں ہم سے بہت سے لوگ یہ سوال پوچھ چکے ہیں ۔ٹوکیو میں جولائی سے ستمبر ۲۰۲۱ء کے درمیان اولمپکس اور پیرالمپک کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ہم اس کے لئے مسلسل کوشش کر رہے ہیں ۔اس سوال کیلئے یہی موقف ہے۔
 دراصل کووڈ ۱۹؍وبا کے مسلسل بڑھ رہے انفیکشن کی وجہ سے ٹوکیو میں اس سال منعقد ہونے والے اولمپکس کو اگلے ۲۰۲۱ ء کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہےلیکن جس طرح سے دنیا کے تمام ممالک میں اس وبا کا انفیکشن بڑھ رہا ہے اور اس کا کوئی مستقل علاج مستقبل قریب میں ملنا مشکل لگ رہا ہے اسے دیکھتے ہوئے اگلے سال بھی اولمپکس کے انعقاد کے تعلق سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
 جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے نے دارالحکومت ٹوکیو اور اوساکا سمیت ۵؍ صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا جسے ۱۶؍ اپریل کو پورے ملک میں نافذ کر دیا گیا ہے۔ ٹوکیو اولمپکس سے وابستہ ایک ملازم کو بدھ کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس نے سب کی فکر بڑھا دی ہے۔ٹوکیو اولمپکس کے سی ای او نے کہا کہ اس وائرس کا اختتام کب تک ہو گا اس پر کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا۔اگلے سال جولائی تک ہمارے پاس کافی وقت ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ جاپان اور دنیا کے دیگر ممالک کی حکومتیں اس وائرس سے نمٹ لیں گی۔
 جاپان کے وزیر اعظم کا خیال ہے کہ اگر اولمپک کھیلوں کو۲؍ سال کے لئے ٹالا جاتا ہے تو ان کھیلوں کی اصل روح ہی ختم ہو جائے گی۔متو نے کہا کہ کورونا سے متاثر ملازم گھر میں رہ کر آرام کر رہا ہے اور وہ تقریباً۲؍ہفتے پہلے ہی گھر سے کام کر رہا تھا، اس کے رابطے میں بہت کم لوگ ہی آئے ہیں ۔ٹوکیو اولمپکس سے وابستہ ۹۰؍ فیصد سے زائد عملہ گھر سے ہی کام کر رہا ہے۔بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کی جانب سے کھیلوں کے ملتوی ہونے کے بعد اس کے انعقاد پر اضافی خرچ جاپان کی جانب سے اٹھایا جانا چاہئے، اس تنازع پر متو نے کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں آئی او سی سے بات کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK