Inquilab Logo

نیوزی لینڈ پر فتح کیساتھ ہندوستان یکروزہ میں نمبروَن

Updated: January 27, 2023, 10:45 AM IST | Indore

ٹیم انڈیا نے سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ ۹۰؍رن سے جیت لیا اور سیریز پر ۰۔۳؍ سے قبضہ بھی کرلیا

The Indian team that swept New Zealand can be seen with the trophy. (PTI)
نیوزی لینڈ کے خلاف کلین سویپ کرنے والی ہندوستانی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ دیکھا جاسکتاہے۔(پی ٹی آئی )

ہندوستان نے کپتان روہت شرما(۱۰۱) اور شبھمن گل(۱۱۲) کی شاندار سنچریوں کی بدولت منگل کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو۹۰؍ رن سے شکست دے کر ون ڈے سیریز۰۔۳؍سے جیت لیا۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۵۰؍ اوورس میں ۹؍وکٹ کے نقصان پر۳۸۵؍ رن بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم ۴۱ء۲؍ اوور میں۲۹۵؍ رن پر ڈھیر ہوگئی۔
 روہت اور گل نے ڈبل سنچری کی شراکت کرتے ہوئے ہندوستان کی فتح کی بنیاد رکھی۔ روہت نے۸۵؍ گیندوں پر ۹؍چوکوں اور۶؍ چھکوں کی مدد سے۱۰۱؍ رن بنائے، جس سے ون ڈے کرکٹ میں۱۱۰۱؍ دن کی خشک سالی کا خاتمہ ہوا۔ ۲؍ میچ قبل ڈبل سنچری بنانے والے گِل نے اپنے شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے ۷۸؍ گیندوں پر ۱۱۲؍ رن بنائے جس میں ۱۳؍ چوکے اور۵؍ فلک بوس چھکے شامل تھے۔ 
 ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کونوے نے سنچری اسکور کی لیکن انہیں کوئی سہارا نہ مل سکا۔ کونوے نے اکیلے۱۰۰؍ گیندوں پر ۱۲؍ چوکوں اور۸؍ چھکوں کی مدد سے ۱۳۸؍رن بنائے جبکہ نیوزی لینڈ کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ۴۲؍ (ہنری نکولس) رہا۔ یہ رن کے لحاظ سے نیوزی لینڈکے خلاف ہندوستان کی چوتھی سب سے بڑی جیت ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں بھی نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سرفہرست مقام پر پہنچ گیا ہے۔سیریز میں پہلے ہی۰۔۲؍سے پیچھے ہو چکی  نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بلے بازی کی دعوت دی۔ اندورکے چھوٹے گراؤنڈ پر بڑا اسکور کرنے کی ضرورت کو ذہن میں رکھتے ہوئے روہت-گل کی جوڑی نے ٹیم کو ایک مناسب آغاز فراہم کیا۔ لوکی فرگیوسن کے علاوہ کوئی بھی کیوی گیندباز ہندوستان کی اوپننگ جوڑی کو پرسکون نہ رکھ سکا اور دونوں نے پہلے پاور پلے میں مجموعی طور پر ۸۲؍ رن جوڑے۔ روہت اور گل نے پہلے وکٹ کیلئے ۲۶؍ اوور میں ۲۱۲؍ رن جوڑے  حالانکہ دونوں سنچریاں بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ایک مرحلے پر ہندوستان۴۰۰؍  رن کی طرف بڑھ رہا تھا لیکن نیوزی لینڈ نے درمیانی اوورس میں وکٹ لے کر رن ریٹ پر لگام کسی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK