Inquilab Logo

خواتین ورلڈکپ : آج ہندوستان کا بنگلہ دیش سے اہم مقابلہ

Updated: March 22, 2022, 12:41 PM IST | Agency | Hamilton

 ہندوستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ۲۰۲۲ء کے اپنے اگلے میچ میں منگل کو بنگلہ دیش سے مقابلہ کرے گی۔

Team India.Picture:INN
ٹیم انڈیا ۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ۲۰۲۲ء کے اپنے اگلے میچ میں منگل کو بنگلہ دیش سے مقابلہ کرے گی۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھنے کے لئے  یہ  ہندوستان کے لئے کرو یا مرو کا میچ ہو گا۔ ٹیم نے اب تک ۵؍ میں سے ۲؍ میچ جیتے ہیں جبکہ ۳؍ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ ۲؍ میچوں میں اسے  انگلینڈ اور آسٹریلیا سے شکست ملی  ہے۔  ہندوستان کے اب تک ۵؍ میچوں میں صرف ۴؍پوائنٹس ہیں۔ ٹیم کا نیٹ رن ریٹ۰ء۴۵۶؍ ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو اب اپنے بقیہ میچ بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنے ہیں۔ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے ہندوستان کو اب اپنے بقیہ دونوں میچ جیتنے ہوں گے اور ساتھ ہی یہ دعا بھی کرنی ہوگی کہ جنوبی افریقہ یا ویسٹ انڈیز ۸؍ پوائنٹس سے زیادہ نہ حاصل کریں۔  آسٹریلیا کے خلاف ہندوستانی گیندبازوں نے ناقص کارکردگی کامظاہرہ کیا جس کی وجہ سے آسٹریلیا نے ۲۷۸؍رن ہدف بھی حاصل کرلیا تھا۔ بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستانی گیندبازوں کو اپنی کمزوری تلاش کرکے اسے دور کرنا چاہئے اور اچھے رن ریٹ سے کامیابی حاصل کرنی چاہئے۔ دِپتی شرماکو نظر انداز کیا جارہا ہے جو ٹیم کیلئے اضافی گیندباز قرار دی جاسکتی ہیں۔ شیفالی ورما بھی فارم میں نہیں ہیں جس کی وجہ سے ٹیم کو ان سے تعاون نہیں مل رہا ہے۔   بلے بازی میں خواتین ٹیم انڈیا کی کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے اور ہرمن پریت کور بھی فارم میں نظرآرہی ہیں۔ وہ بلے بازی تو اچھی کررہی ہیں، ٹیم  انتظامیہ ان سے آف اسپن گیندبازی بھی کروا سکتا ہے۔ یستیکابھاٹیہ اچھا کھیل رہی ہیں اور انہوں نے اسمرتی مندھانا کے ساتھ اوپننگ میں ٹیم کو اچھا تعاون دیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کیلئے ایک اچھی با ت یہ رہی کہ اس کی کپتان میتھالی راج نے بلے سے اچھے فارم کا اشارہ دیا۔ دوسری طرف چند میچوںمیں خاموش رہنے کے بعد مندھانا بنگلہ دیش کے سامنے زیادہ سے زیادہ رن بناسکتی ہیں۔ ہندوستان کی سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ وہ ایک ٹیم کی حیثیت سے نہیں کھیل رہی ہے، اس لئے بنگلہ دیش  کے سامنے اسے بحیثیت ٹیم اچھا کھیلنا چاہئے۔  ٹیم انڈیا کی آل راؤنڈر اسنیہ رانا نے کہا ’’ڈریسنگ روم کا ماحول مثبت ہے۔ شکست کے بعد ہمارااعتماد متزلزل ہوا ہے اس کے باوجود ہمارا واحد مقصد بنگلہ دیش کو شکست دے کر اچھے رن ریٹ سے پوائنٹس حاصل کرنا ہے۔ ہم بنگلہ دیش کو کمتر یا کمزور ٹیم نہیں سمجھتے اور اسے اپنے لئے ایک خطرہ قرار دیتے ہیں۔ ورلڈ کپ میں کوئی بھی میچ آسان نہیں ہوتا ہے بلکہ ٹیمیں مضبوط ہوتی ہیں اور اچھا مقابلہ کرتی ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK