Inquilab Logo

خواتین عالمی کپ: ہندوستان کی بنگلہ دیش پر شاندار فتح

Updated: March 23, 2022, 12:56 PM IST | Agency | Mumbai

میتھالی راج کی ٹیم نے اہم مقابلے میں پڑوسی ملک کو ۱۱۰؍رن سے ہرا دیا۔ یاستیکا بھاٹیہ نصف سنچری بناکر پلیئر آف دی میچ رہیں

Yastika Bhatia.Picture:INN
یاستیکا بھاٹیہ ۔ تصویر: آئی این این

 اسنیہہ رانا (۳۰؍ رن پر۴؍ وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت  ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے یہاں منگل کو آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کے میچ میں بنگلہ دیش کو یکطرفہ انداز میں۱۱۰؍ رن  سے ہراتے  ہوئے سیمی فائنل کی اپنی امیدوں کو برقرار رکھا ہے۔دفاعی رنر اپ ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے یاستیکا بھاٹیہ، شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا کی شاندار اننگز کی بدولت۵۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹوں پر۲۲۹؍ رن کا چینلجنگ اسکوربنایا۔ بعد ازاں  رانا، جھولن گوسوامی اور پوجا وستراکر کی خطرناک گیندبازی کی بدولت نے بنگلہ دیش کو۴۰ء۳؍ اوور میں محض۱۱۹؍ رن پر آل آؤٹ کر دیا۔ یاستیکا نے ۲؍ چوکوں کی مدد سے۸۰؍ گیندوں پر۵۰؍ رن کی نصف سنچری اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا جبکہ شیفالی نے ۶؍ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے۴۲؍ گیندوں پر۴۲؍رن اور اسمرتی نے۵۱؍گیندوں پر۳؍ چوکوں کی مدد سے۳۰؍ رن کاتعاون دیا۔   اس کے ساتھ ہی رانا نے۱۰؍ اوور میں۳۰؍ رن دے کر سب سے زیادہ ۴؍ وکٹ لئے۔ ان کے علاوہ جھولن اور پوجا نے ۲۔۲؍ جبکہ راجیشوری گائیکواڑ اور پونم یادو نے ایک ایک وکٹ لیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سلمیٰ خاتون نے ۳۵؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں کی مدد سے۳۲؍ رن بنائے۔ ساتھ ہی ریتو مونی نے۱۰؍ اوور میں۳۷؍ رن دے کر سب سے زیادہ ۳؍ وکٹ لئے۔ ناہیدہ اختر کے حصے میں بھی ۲؍ وکٹ آئے۔ قابل ذکر ہے کہ ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی یہ تیسری جیت ہے اور اس جیت کے ساتھ ہی اس کا پلے آف کیلئے کوالیفائی کرنے کا دعویٰ مضبوط ہوا ہے۔ ہندوستان اب ۶؍ میچوں میں ۳؍فتح اور ۳؍ ہار کے ساتھ ۶؍ پوائنٹس لے کرپوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کی یہ چوتھی شکست ہے اور وہ ٹورنامنٹ سے باہرہوگیا ہے۔ اس کے ۵؍ میچوں میں ایک جیت کے ساتھ ۲؍ پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں ۷؍ویں نمبر پرہے۔۲۰۲۱ءکے  بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے، ہندوستان صرف دوبار جیتا تھا جبکہ اسے۱۲؍ ون ڈے میچوں میں شکست کا سامنا کرناپڑاتھا۔ میچ میں  ہندوستانی ٹیم کو ایک سست لیکن اچھا آغاز ملا  تاہم بعد میں ہندوستان نے۱۰۸؍رن کے اسکورپر ۴؍ وکٹ گنوا دیئے۔ اس کے بعد یاستیکا نے عمدہ نصف سنچری بنائی۔ آخر میں وستراکر اور اسنیہہ نے مل کر ہندوستان کے اسکور کو۲۲۹؍رن تک پہنچا دیا۔ ہندوستانی گیند بازوں نے بہت اچھی گیند بازی کی اور مخالف ٹیم کو ہدف کے قریب آنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK