Inquilab Logo

یوئیفا نیشنزلیگ کے فائنل میں آج عالمی چمپئن فرانس اور اسپین کے درمیان ٹکر

Updated: October 10, 2021, 7:12 AM IST | Paris

اسپین کا پلڑا بھاری ۔فرانس بھی خود کو بہتر ثابت کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگادے گا۔ اسپین کو فیران اور فرانس کو ایمباپے اور بینزیما سے امید

Spain Ferran Torres.
اسپین کے کھلاڑی فیران ٹوریس

:یوئیفا نیشنز لیگ کا فائنل اتوارکو سین سیرو میں اسپین اور فرانس کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یورپ کے ۲؍مضبوط فٹبال پاور ہاؤس ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔ ان دونوں نے حالیہ دنوں میں بہتر انداز میں فٹبال کھیلا ہے اور وہ اتوار کو فائنل میچ بھی جیتنےکی کوشش کریں گے۔ 
 اسپین کی ٹیم لوئیس اینرک کی رہنمائی میں اچھا کھیل رہی ہے اور اس ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا ایک بہترین مجموعہ ہے۔ لوئیس اینرک نے ایسا اسکواڈ تیار کیا ہے جو تیزی سے اچھا کھیل رہاہےاور اس ٹیم نے پہلے سیمی فائنل میں یورو چمپئن اٹلی کو بھی شکست دی تھی۔ انہیں ایک بار پھر امید ہوگی کہ ان کی ٹیم فرانس کے خلاف بھی ایسی ہی کارکردگی دُہرائے۔ 
 دوسری طرف فرانس نے دوسرے سیمی فائنل میں بلجیم کے خلاف دوسرے ہاف میں شاندار مقابلہ کیا تھا۔ فرانس نے اس میچ میں پیچھے ہونے کے باوجود بلجیم کی ٹیم کو ۲۔۳؍ سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ عالمی چمپئن فرانس کو خود کو ثابت کرنے کیلئے یہ میچ بہت اہم ہے۔ اس سال ہونے والی یورو چمپئن شپ میں فرانس کی ٹیم نے اچھی کارکردگی پیش نہیں کی تھی لیکن اس میچ میں وہ کامیابی حاصل کرکے اس غم کو بھلا سکتی ہے۔ 
 دونوںفٹبال ٹیموں کے اعداد وشمار پر نظر دوڑائیں تومعلوم ہوگا کہ فرانس کے مقابلے اسپین کا ریکارڈ بہت اچھا ہے۔ان دونو ںٹیموں کے درمیان ۳۵؍ میچ ہوئے ہیں اور ان میں سے ۱۶؍  میچ اسپین کی ٹیم نے جیتے ہیں۔ دوسری طرف فرانس کو اسپین کے سامنے ۱۲؍میچوں میں فتح نصیب ہوئی ہے۔ اعدادوشمار کی بنیاد پر کہا جائے کہ اسپین کا پلڑا بھاری رہے گا تو اس میں کوئی مبالغہ آرائی نہیں ہوگی۔ حالانکہ دونوں ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگادیں گی۔ 
 اسپین اور فرانس کے درمیان آخری بار مقابلہ ۲۰۱۷ء میں ہوا تھاجس میں اسپین نے  فرانس کی ٹیم کو صفر۔۲؍سے شکست دے دی تھی۔ اس کے بعد فرانس نے اپنی ٹیم میں بہتری کی ہے اور اس میچ میں اس کے فاتح بننے کے امکانات زیادہ ہیں۔ اگر دونو ںٹیموں کے گزشتہ ۵؍ میچوں پر نظرڈالیں تو اسپین نے مسلسل ۳؍میچ جیتے ہیں او راسے ۲؍ میں شکست ہوئی ہے۔ دوسری طرف فرانس نے ۲؍ میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کے ۲؍ میچ ڈرا ہوئے ہیں اور ایک میچ میں اسے شکست ہوئی ہے۔ 
  اسپین کی فٹبال ٹیم کی جانب سے پیڈری، مارکوس لورینٹے اور برائس میڈیز نہیں کھیل سکیں گے کیونکہ وہ اس وقت زخمی ہیں۔ اس لئے انہیں اسکواڈ میں بھی شامل نہیں کیا گیا ہے۔ گاوی نے اٹلی کے خلاف سیمی فائنل میں اچھا فٹبال کھیلا تھا اس لئے انہیں فائنل میں بھی کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔ متذکرہ ۳؍ کھلاڑیوں کے علاوہ اسپین کے سبھی کھلاڑی فٹ ہیں۔ 
 فرانس اور بلجیم کے میچ میں لوکاس ڈگنے کو چوٹ لگ گئی تھی اور اس وقت وہ ہیمسٹرنگ میں مبتلا ہیں اس لئے فرانس کی جانب سے نہیں کھیل سکیں گے۔ اینگولو کانتے کورونا سے متاثر ہیں اس لئے انہیں بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔ یہ دونو ںکھلاڑی فائنل سے دور رہیں گے۔
 فرانس کو کائلیان ایمباپے او رکریم بینز یما سے گول کرنے کی امید ہوگی کیونکہ ان دونوں کھلاڑیو ں نے سیمی فائنل میں فرانس کی جانب سے گول کئے تھے۔ دوسری طرف  اسپین کی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی فیران ٹوریس بھی اپنی ٹیم کیلئے اچھا کھیلنا چاہیں گے۔ 

football Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK