Inquilab Logo

امسال ٹوکیو اولمپک ، ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ اوریورو کپ پر کھیل شائقین کی نظر یں

Updated: January 03, 2020, 4:12 PM IST | Abdul Kareem Kasam Ali | Mumbai

ہرسال کی طرح دنیائے کھیل میں سب سے پہلے آسٹریلین اوپن کی شروعات ہوتی ہے اوراس کے بعد سالانہ منعقدہونے والے کھیل کھیلے جاتے ہیں لیکن یہ اولمپک سال ہے اورا س میں کھیلوں کا کمبھ کہا جانے والا اولمپک جاپان کے ٹوکیو میں منعقد ہونے والا ہے۔ اولمپک کے ساتھ ساتھ امسال کرکٹ کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا بھی انعقاد آسٹریلیا میں ہونے والاہے۔

اولمپک کا لوگو۔ تصویر: پی ٹی آئی
اولمپک کا لوگو۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہرسال کی طرح دنیائے کھیل میں سب سے پہلے آسٹریلین اوپن کی شروعات ہوتی ہے اوراس کے بعد سالانہ منعقدہونے والے کھیل کھیلے جاتے ہیں لیکن یہ اولمپک سال ہے اورا س میں کھیلوں کا کمبھ کہا جانے والا اولمپک جاپان کے ٹوکیو میں منعقد ہونے والا ہے۔ اولمپک کے ساتھ ساتھ امسال کرکٹ کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا بھی انعقاد آسٹریلیا میں ہونے والاہے۔ ایک اور بڑا ٹورنامنٹ یورپ میں کھیلا جائے گا۔دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کا ٹورنامنٹ یوروکپ ۲۰۲۰ء کا انعقاد کیا جائے گا اور یہ یورپ کے ۱۲؍ممالک کے ۱۲؍ شہروں میں کھیلا جائے گا۔
 ٹوکیو اولمپک کی تیاری زور وشور سے جاری ہے اور اس کا ایک اسٹیڈیم عوام کیلئے کھول دیا گیاہے۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ اس بار آسٹریلیا میں ہورہا ہے اور میزبان ٹیم چاہے گی کہ وہ پہلی بارکرکٹ کے اس چھوٹے فارمیٹ کا چمپئن بنے۔ یوروکپ پرتگال کے پاس ہے اور کرسٹیانو رونالڈو چاہیں گے کہ وہ اپنے ریٹائرمنٹ سے پہلے اس خطاب کا کامیاب دفاع کریں۔ 
 ان تین بڑے ٹورنامنٹ کے ساتھ امسال اے ایف سی انڈر ۲۳؍ چمپئن شپ کا انعقاد بھی ہونے والا ہے۔اس کے ساتھ ہی فارمولاوَن کارریس بھی قابل دید ہوگی۔ ٹینس میں آسٹریلین اوپن کے بعدفرینچ اوپن اور اس کے بعد ومبلڈن کا انعقاد ہوگا ۔ آخر میں یوایس اوپن کھیلا جائے گا۔ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں سپرسیریز کے ساتھ ساتھ دیگرٹورنامنٹ کھیلے جائیں گے۔فٹبال میں یورپ کی گھریلو لیگ کا انعقاد ہوگا ۔ہندوستان میں مختلف کھیلوں کی لیگ کا انعقاد ہوگا جس میں سب سے اہم انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)ہوگی  جسے ملک کی دولت مند لیگ کہا جاتا ہے۔

ٹوکیو اولمپک

ٹوکیو اولمپک کا آغاز ۲۴؍جولائی کو ہوگا اور اس کا اختتام ۹؍اگست کو ہوگا۔ اس میں ۲۰۶؍ممالک کی شرکت کی توقع ہے اور ۱۱؍ہزار سے زائد ایتھلیٹ اس میں میڈل جیتنے کیلئے زور آزمائی کریں گے۔ اس کا انعقاد نیونیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا جس میں اس سےقبل ۱۹۶۴ء میں جاپان نے پہلی بار اولمپک کی میزبانی کی تھی۔ یہ دوسری بار ہے جب ٹوکیوشہر اولمپک کی میزبانی کررہا ہے۔ بیونس آئرس میں ستمبر ۲۰۱۳ء میں آئی او سی کے سیشن میں ٹوکیو کو میزبانی سونپی گئی تھی۔ جاپان کے ساتھ ساتھ ترکی اور اسپین نے بھی میزبانی کا دعویٰ پیش کیا تھا۔ ٹوکیومیٹروپولیٹن گورنمنٹ نے اولمپک کی تیاری کیلئے۳ء۶۷؍بلین امریکی ڈالر خرچ کئے ہیں۔ گزشتہ سال رگبی ورلڈ کپ کا انعقاد جس اسٹیڈیم میں ہوا تھا اس میں بھی اولمپک کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ اسٹیڈیم ۸۰؍ہزار سے زائد شائقین کی گنجائش والا ہے اور اس پر ۱۰۰؍بلین یوآن خرچ ہوچکے ہیں۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا انعقاد اس بار آسٹریلیا میں ہورہا ہے اورمیزبان ٹیم کو امید ہے کہ اس کی ٹیم پہلی بار یہ خطاب جیتنے میں کامیاب رہے گی۔ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا یہ ۷؍و اں ایڈیشن ہوگا اور آسٹریلیا کسی بھی ٹورنامنٹ کی میزبانی میں اول پوزیشن پر رہا ہے۔ ۱۸؍اکتوبر ۲۰۲۰ء سے اس کا آغاز ہوگا اور یہ ۱۵؍نومبر تک جاری رہے گا۔ اس میں ۱۶؍ٹیموں کی شرکت ہوگی اور ۴۵؍میچ کھیلے جائیں گے۔ ۱۰؍ممبروں نے براہ راست اس ٹورنامنٹ کیلئے کوالیفائی کیا ہے جبکہ ۶؍اراکین نے ۲۰۱۹ء میں متحدہ عرب امارات میں ہونےو الے کوالیفائر مقابلوں کے ذریعہ کوالیفائی کیاہے۔ آسٹریلیا کے ۷؍مقامات ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے جن میں ایڈیلیڈ اوول، برسبین ، گیلونگ ، ہوبارٹ، میلبورن ، پرتھ اور سڈنی کے اسٹیڈیم شامل ہیں۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا فائنل میلبورن کے تاریخی میدان پر کھیلا جائے گا۔

یوروکپ ۲۰۲۰ء

فٹبال میں فیفا ورلڈ کپ کے بعد اگر جس ٹورنامنٹ کو سب سے زیادہ مقبولیت حاصل ہے تو وہ یوروکپ ۲۰۲۰ء ہے جس میں یوروپ کی ۲۴؍ٹیمیں شرکت کرتی ہیں لیکن امسال ہونے والے ٹورنامنٹ کی میزبانی کوئی ایک ملک نہیں کررہا ہے بلکہ مشترکہ طورپریورپ کے ۱۲؍ممالک کرنے والے ہیں اور ۱۲؍شہروں میں اس کے میچ کھیلے جائیں گے۔ ۱۲؍جون ۲۰۲۰ء سے ۱۲؍جولائی تک اس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس بار یوروکپ کا دفاع پرتگال کرنے والا ہے۔ لندن کا ویمبلی اسٹیڈیم اس کے سیمی فائنل اور فائنل کی میزبانی کرے گا۔ امسال ہونے والایوروکپ اپنی ۶۰؍ویں سالگرہ منائے گا اس لئے یورپ کے سبھی ممالک اس کی میزبانی مشترکہ طورپر کرنے والے ہیں۔برطانیہ، جرمنی، اٹلی، آذربائیجان ، روس، ہنگری، نیدرلینڈس، رومانیا، ڈنمارک، اسپین، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ اس کے میزبان ممالک ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK