Inquilab Logo

اوزون کی تہ کی حفاظت کا دن ۱۶؍ ستمبر کو مناتے ہیں

Updated: September 18, 2020, 7:20 PM IST | Mumbai

ورلڈ اوزون ڈے ہر سال ۱۶؍ ستمبر کو منایا جاتا ہے۔اس دن کا مقصد اوزون کی تہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ورلڈ اوزون ڈے ہر سال ۱۶؍ ستمبر کو منایا جاتا ہے۔اس دن کا مقصد اوزون کی تہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ خیال رہے کہ اوزون زمین کے گرد وہ تہ ہے جو سورج کی خطرناک الٹراوائلٹ شعاعوں کو نہ صرف زمین کی طرف آنے سے روکتی ہے بلکہ زمین پر اس کے نقصان دہ اثرات کا خاتمہ کرتی ہے۔ اوزون آکسیجن کے تین جوہر کے ساتھ ایک شفاف اور نظر نہ آنے والی گیس ہے جو قدرتی طور پر فضا میں موجود ہے۔ اوزون کی ۹۰؍ فیصد مقدار زمین کی سطح سے ۱۵؍ تا ۵۵؍ کلومیٹر اوپر بالائی فضا میں پائی جاتی ہے۔ مگر ۱۹۷۰ء کی دہائی میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ انسانی ترقی نے کرۂ ارض کی حفاظت کے اس قدرتی نظام کو بھی خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان ہی خطرات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے دنیا بھر میں ۱۶؍ ستمبر کو اوزون کی تہ کی حفاظت کا دن منایا جا تا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد زمین کی تمام مخلوقات کے صاف اور صحت مند مستقبل کیلئے شعور، ذمہ داری اور عملی کام کو آگے بڑھانا ہے۔ اوزون کو نقصان پہنچانے میں انسانوں کا بڑا ہاتھ ہے۔ اوزون کی تہ میں شگاف کے باعث سورج کی مضر شعاعیں براہ راست زمین تک پہنچ رہی ہیں جس سے یہاں کی زندگی متاثرہو رہی ہے۔ اس کی وجہ سے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔چونکہ امسال کورونا وائرس کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند ہیں اس لئے اس ہفتے اس ضمن میں اسکولی سطح پر کسی قسم کی سرگرمی انجام نہیں دی جارہی ہے۔ زیر نظر تصویر گزشتہ سال منعقد ہونے والے ایک پروگرام کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK