Inquilab Logo

بعض افراد کو بھوک کے سبب سر درد ہوتا ہے، کیوں؟

Updated: July 23, 2021, 7:00 AM IST | Mumbai

آپ نے متعدد دفعہ لوگوں کو سردرد کی شکایت کرتے ہوئے سنا ہوگا۔ بعض افراد کو اپنے سر درد کی وجہ معلوم ہوتی ہے جبکہ متعدد افراد اس کے متعلق نہیں جانتے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سر درد کی کئی وجوہات ہوتی ہیں۔

Symbolic image. Photo: INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

آپ نے متعدد دفعہ لوگوں کو سردرد کی شکایت کرتے ہوئے سنا ہوگا۔ بعض افراد کو اپنے سر درد کی وجہ معلوم ہوتی ہے جبکہ متعدد افراد اس کے متعلق نہیں جانتے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سر درد کی کئی وجوہات ہوتی ہیں۔ تاہم، بعض اوقات سر میں درد بھوک لگنے کی وجہ سے بھی ہوتا ہے۔ یونیورسٹی آف میلبورن، آسٹریلیا میں ہونے والی ایک سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بھوک لگنےکے سبب سر در کی شرح ۳۱؍ فیصد ہے۔ بولڈ اسکائی کی ایک رپورٹ کے مطابق بھوک کے علاوہ سر درد کی دیگر وجوہات کی شرح۲۹؍ فیصد ہے جس میں تھکاوٹ، غصہ، موسم کا بدلنا، سفر کرنا، شور اور نیند مکمل نہ کر پانا وغیرہ شامل ہیں۔
 ماہرین کے مطابق جسم میں پانی کی کمی، کیلوریز کی کم مقدار اور گلوکوز کی کمی وغیرہ سے سر درد ہو سکتا ہے۔ طبی ماہرین کہتے ہیں کہ ہمارے دماغ کو جب گلوکوز کی مکمل مقدار نہیں ملتی تو یہ مخصوص ہارمونز خارج کرتا ہے جن میں گلوکوجن، کورٹیسول اور ایڈرینالین وغیرہ شامل ہوتے ہیں جو جسم میں گلوکوز اور شوگر کی کمی کو پورا کرتے ہیں۔ دماغ کے ان ہارمونز کو خارج کرنے کے بعد ان کے منفی اثرات میں سر درد لاحق ہوتا ہے۔ اسی طرح تھکاوٹ کا احساس، سستی اور متلی وغیرہ ہونے لگتی ہے۔
 جسم میں پانی اور غذا کی کمی دماغ کی صلاحیت پر اثر انداز ہوتی ہے اور اسے تیز کرتی ہے جس کی وجہ سے سر میں درد شروع ہو جاتا ہے۔ تناؤ کے شکار افراد اور شوگر کے مریضوں کو سر کا درد زیادہ شدت سے ہوتا ہے۔ یونانی محققین کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ بھوک اور تناؤ کی وجہ آدھے سر کا درد شروع ہو جائے۔بھوک کی وجہ سے ہونے والے سر درد میں پیشانی کے دونوں اطراف میں دباؤ کے احساس کے ساتھ درد ہوتا ہے۔ اسی طرح گردن اور کندھوں میں تناؤ کی کیفیت شروع ہو جاتی ہے۔ دیگر علامات میں آنتوں سے مختلف آوازیں آنا، تھکاوٹ محسوس کرنا، ہاتھ کانپنا، چکر آنا، پیٹ میں درد ہونا، پسینہ آنا، سردی محسوس ہونا اور عمل انہضام کے مسائل شامل ہیں۔ ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ سر کا درد ہاضمے میں خرابی کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے اور ممکن ہے کہ ہاضمے کے علاج سے سر کا درد ٹھیک ہو جائے۔اسی طرح سر میں درد ہونے کی وجوہات میں بدہضمی، آنتوں میں سوزش، قبض، گیسٹرو فیزیجل ریفلوکس وغیرہ بیماریاں بھی ہوتی ہیں۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ ان بیماریوں کا علاج کرنے سے سر کا درد ٹھیک ہوسکتا ہے۔ بھوک کے سبب ہونے والے سر درد سے بچنے کیلئے کھانے کے اوقات میں صحت مند کھانا کھائیں، ناشتہ کبھی ترک نہ کریں، ایسے افراد جن کا کام مصروفیت والا ہوتا ہے وہ ہلکا پھلکا کھانا وقفے وقفے سے کھاتے رہیں، اور چاکلیٹ یا میٹھے مشروب سے پرہیز کریں اس لئے کہ یہ جسم میں گلوکوز کے اضافے کا سبب بن سکتے ہیں جس کی وجہ سے شوگر میں اضافے کا خطرہ ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK