Inquilab Logo

دس عادتیں جو آپ ایسے طالب علموں کو ضرور اپنانی چاہئیں

Updated: July 03, 2020, 7:38 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

کسی بھی شخص کو کامیابی یونہی نہیں مل جاتی۔ ایک کامیاب شخص کی زندگی کا ماضی کئی ناکامیوں ، جدوجہد اور اس کی مثبت سوچ کی کہانیوں سے پُر ہوتا ہے۔ وہ شخص کبھی ہار نہیں مانتا، اس نے جو ہدف طے کیا ہوتا ہے اسے پانے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتا ہے۔ طلبہ کو اپنی عادتوں میں معمولی تبدیلیاں کرکے اپنی صلاحیتوں کو ابھی سے نکھارنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ یاد رہے کہ جن چیزوں کو آپ آج معمولی سمجھ رہے ہیں ، وہی آپ کو چند برسوں بعد ایک کامیاب انسان بنائیں گی۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ہر شخص ایک اچھی اور بہتر زندگی گزارنے کا خواہش مند ہوتا ہے۔ وہ آگے بڑھنا چاہتا ہے اور ترقی کرنا چاہتا ہے۔ دنیا میں وہی لوگ نام کماتے ہیں جنہیں عام کاموں سے ہٹ کر کوئی منفرد کام یا عام کام ہی کو انوکھے طریقے سے کرنے کی خواہش ہوتی ہے۔ یہ افراد ایک بہتر زندگی گزارنے کیلئے جدوجہد کرتے ہیں ، محنت کرتے ہیں اور چھوٹی چھوٹی کامیابیوں پر خوشیاں منا کر آگے بڑھتے جاتے ہیں تاکہ ایک وقت ایسا آئے جب وہ نہ صرف اپنے ہدف کو پالیں بلکہ دنیا میں ایک کامیاب انسان بن کر ابھریں ۔ یاد رہے کہ کامیابی اس وقت تک نہیں ملتی، جب تک آپ اسے پانے کیلئے دل و جان سے محنت نہ کریں ۔ ابتدائی عمر ہی سے اگر آپ ہر چیز صحیح طریقے سے کرتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں تو دنیا میں ایسا کوئی نہیں ہے جو آپ کو کامیاب ہونے سے روک سکے۔ اگر آپ زندگی میں جلد ہی ایک کامیاب انسان بننا چاہتے ہیں تو آپ اپنی روزمرہ کی عادتوں میں معمولی سی تبدیلیاں کرلیں ۔
ٹائم مینجمنٹ 
 چونکہ آپ طالب علم ہے اس لئے آپ کیلئے سب سے ضروری ہے کہ آپ ٹائم مینجمنٹ سیکھ لیں ۔ یہ سیکھنا مشکل نہیں ہے، آپ کو صرف اپنا ہر کام وقت سے پہلے یا وقت پر کرنے کی عادت کو پروان چڑھانا ہے۔ غیر ضروری کاموں کے بجائے ضروری کاموں پر دھیان دیں اور اپنی توانائی صحیح جگہ پر صرف کریں ۔ 
زیادہ سنیں ، کم بولیں 
 اگر آپ دوستوں میں یا دوسرے مقامات پر لوگوں میں ممتاز رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو ’زیاہ سنیں ، کم بولیں ‘، اس نسخے پر عمل کرنا ہوگا۔سب کی باتیں سنو، چاہے ان کی باتیں غیر ضروری ہی محسوس کیوں نہ ہوں ۔ آپ نہیں جانتے کہ ان کی کون سی بات سے آپ کے ذہن میں نیا اور شاندار خیال آسکتا ہے۔ علاوہ ازیں ، آپ جتنا کم بولیں گے، آپ کے غیر ضروری یا احمقانہ بات کرنے کے امکانات بھی کم ہوں گے۔ یہ آپ کو ایک ذہین شخص کی حیثیت سے پیش کرے گا۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ لوگ آپ کی بات سنیں تو اس نسخے پر ضرور عمل کریں ۔ 
ہدف پر نظر 
 کامیاب بننے کیلئے ہدف بھی بڑا ہونا چاہئے اور اسے پانے کیلئے جدوجہد اور ناکام ہونے پر خود سے دوبارہ کھڑے ہونے کی طاقت بھی ہونی چاہئے۔ اسے پانے کیلئے چھوٹے چھوٹے اہداف کو نظر انداز نہ کریں ۔ یہ اہداف آپ کو بڑا ہدف پانے کا حوصلہ دیں گے۔
مثبت سوچ
 زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے مثبت سوچ سب سے اہم ہے۔ آپ کے اطراف ایسے بہت سے افراد ملیں گے جو منفی سوچ کے حامل ہوں گے اور آپ کی سوچ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کریں گے۔ لیکن آپ کو اپنی مثبت سوچ کے ذریعے نہ صرف خود کو مستحکم کرنا ہے بلکہ اپنے اطراف کے لوگوں کو بھی ان کی منفی سوچوں سے باہر نکالنا ہے۔ 
کام میں اسمارٹ بنیں 
 دنیا میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں ہے جو ہر کام بہت محنت سے کرتے ہیں ، آپ بھی ان میں سے ایک بنیں لیکن آپ کو محنت کے ساتھ ساتھ اسمارٹ طریقے سے کام انجام دینا ہے۔ کسی بھی مسئلہ کو کم سے کم وقت اور محنت میں کس طرح بہتر طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے اس پر غور کریں اور پھر مسئلہ حل کریں ۔آخر میں آپ کو سمجھ میں آئے گا کہ آپ کام میں کتنے بہتر ہوگئے ہیں ۔
 لفظوں کا صحیح استعمال
 لفظوں کے صحیح استعمال کی عادت طلبہ کو ابتدائی عمر ہی سے ڈال لینی چاہئے۔ آپ کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ کون سا لفظ کب اور کہاں استعمال کرنا ہے۔ اگر شروع ہی سے آپ نپی تلی گفتگو کرنے کے عادی ہوں گے تو آگے جاکر آپ کو اپنے الفاظ پر زیادہ غور نہیں کرنا پڑے گا بلکہ الفاظ آپ کی زبان سے خود بخود صحیح طریقے سے ادا ہوں گے۔ چونکہ آپ اسکول اور کالج میں ہیں اور بیک وقت کئی زبانوں کی تعلیم حاصل کررہے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ آپ اپنے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ کریں ۔
دلچسپی
 اگر آپ کو کسی شعبے میں دلچسپی ہے اور آپ کو معلوم ہے کہ آپ اس چیز جیسے مصوری، فوٹوگرافی وغیرہ میں بہتر ہیں تو اسی میں کریئر بنانے کے مواقع تلاش کریں ۔ خیال رہے کہ اگر آپ اپنی دلچسپی کے مطابق کام کریں گے تو آپ اپنے شعبے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
کامیابی کی کہانی
 کامیاب لوگوں کی کہانیاں پڑھنے سے تحریک ملتی ہے۔ آج انٹرنیٹ نیز بازارمیں کامیاب افراد کی کہانیوں کی بے شمار کتابیں ملیں گی۔ انہیں پڑھیں ۔ ان سے سیکھیں ۔ ضروری نہیں ہے کہ آپ کی کہانی ان کی طرح ہو مگر ان سے تحریک ضرور ملے گی۔ ماہرین کے مطابق کامیاب لوگوں کی زندگیوں کا مطالعہ کرنے سے کامیاب ہونے کے امکانات ۳۵؍ فیصد بڑھ جاتے ہیں ۔
اپنی ترقی کا جائزہ
 آپ نے کیا حاصل کیا، اسے پانے میں کتنا وقت لگا اور آپ کا ہدف کیا تھا، اس پر ضرور نظر رکھیں ۔ روزانہ کی بنیاد پر اپنی ترقی کا جائزہ لیں ۔ یہ دیکھئے کہ کیا آپ وقت کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں یا آپ خود کو زنگ آلود کررہے ہیں ؟ اپنا محاسبہ ضرور کریں ۔ اس کے ذریعے آپ خود کو مزید بہتر کرسکتے ہیں ۔
خود اعتمادی
  کامیابی حاصل کرنے کیلئے خود اعتمادی بہت اہم ہے۔ اگر آپ کچھ نہیں کرسکتے تو اس بات کو خود پر سوار نہ کریں بلکہ محنت کریں ، آپ کامیاب ضرور ہوں گے۔ آپ ہی ہیں جو اپنی کمزوریوں کو جان کر انہیں اپنی طاقت میں تبدیل کرسکتے ہیں ۔ خود پر بھروسہ ضروری ہے، تبھی دیگر افراد آپ پر بھروسہ کریں گے۔ کسی چیز کو پانے کیلئے اس کا اہل ہونا ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK