Inquilab Logo

شارق کا پہلا روزہ

Updated: April 23, 2022, 10:41 AM IST | Farhin Munir | Mumbai

پانچ سالہ شارق رمضان کی تیاری دیکھ کر خوش ہوتا ہے اور روزہ رکھنے کا ارادہ کرتا ہے۔ اس کے والد اسے روزہ کا اصل مطلب سمجھاتے ہیں اور وہ پوری ایمانداری سے عمل کرنے کی کوشش کرتا ہے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

امّی، ابّو صبح بازار جاکر سحری اور افطار کا سامان خرید کر لے آئے تھے، ۵؍ سالہ شارق روزے کے بارے میں بہت کچھ سن چکا تھا، اسی لئے اب اُسے بھی شوق ہو رہا تھا کہ وہ بھی روزہ رکھے۔ اگلی صبح سب لوگ سحری کرنے میں مصروف تھے کہ اچانک دوسرے کمرے سے آوازیں آ نے لگیں، امّی بولیں، شارق تو سو رہا ہے یہ کمرے میں کون ہے؟ سب لوگ ایک دوسرے کے پیچھے کمرے کی طرف بڑھے تو دیکھا، شارق کھانے کی مختلف چیزیں الماری میں رکھ رہا تھا۔ سب اُسے حیرت سے دیکھ رہے تھے، اُس نے چیزیں رکھ کر الماری کا دروازہ بند کر دیا اور کہا، ’’مَیں نے روزہ الماری میں رکھ دیا ہے۔‘‘ سب اُس کی بات سن کے بے اختیار ہنس دئیے۔ وہ سب کو حیرت سے دیکھ رہا تھا کہ یہ لوگ کیوں ہنس رہے ہیں؟ اُس کے ابو نے اُسے گود میں اُٹھا کر پیار کیا اور پھر اُسے کھانے کی میز پر لے آئے کرسی پر بٹھاتے ہوئے کہا، ’’لو سحری کر لو روٹی، پراٹھا، دودھ جو کھانا پینا ہے کھا لو، روزہ اسے کہتے ہیں۔‘‘ ’’تو کیا روزہ پیٹ میں رکھتے ہیں؟‘‘ شارق نے معصومیت سے کہا۔ سب گھر والے اُس کی بات پر کھلکھلا کر ہنس دیئے۔ اس کی امی نے شارق کو گود میں بٹھاتے ہوئے کہا، ’’بیٹا روزہ صرف اللہ کے لئے رکھا جاتا ہے۔ بھوک پیاس سے ہمیں احساس ہوتا ہے کہ اُس نے ہمیں کتنی نعمتوں سے نوازا ہے۔ یہ ہمیں غریبوں کی بھوک کا بھی احساس دلاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ صبح فجر سے لے کر مغرب تک ہم کھانے پینے سے رُکے رہیں۔ صوم کا مطلب صرف کھانے پینے سے ہی رکنا نہیں ہے بلکہ ہر بُرےکام، غیبت لڑائی جھگڑے، گالم گلوچ سب سے رُکنا ہوتا ہے۔ اگر کوئی آپ سے لڑے تو اسے کہہ دو میں روز ہ سے ہوں۔ روزہ تقویٰ، پاکیزگی اور اللہ کا خوف پیدا کرتا ہے۔ انسان کا جسم تو بیماریوں سے پاک ہوتا ہی ہے اُس کی روح بھی پاکیزہ ہو جاتی ہے۔ روزہ جسم کی زکوٰۃ ہے۔ روزہ ڈھال ہے۔ ڈھال رکاوٹ ہے جو برائیوں سے بچاتا ہے۔ ہم سارا دن روزہ رکھتے ہیں، نماز پڑھتے ہیں، تلاوت قرآن کرتے ہیں اور ہر اچھے عمل کا ثواب ۷۰؍ گنا زیادہ ہو جاتا ہے۔‘‘ ساری باتیں سننے کے بعد شارق نے ضد کرتے ہوئے کہا کہ،’’مَیں بھی روزہ رکھوں گا۔‘‘ ”بیٹا آپ ابھی چھوٹے ہیں، جب بڑے ہو جانا تو پھر روزہ رکھ لینا۔‘‘ اس کی امی نے اُسے سمجھایا۔ ’’نہیں، نہیں بس مجھے بھی روزہ رکھنا ہے۔‘‘ وہ ضد پر اُتر آیا۔ ’’اچھا تو پھر سوچ لو سارا دن کچھ کھانا پینا نہیں ہے۔‘‘ بڑے بھیا نے کہا۔ ’’ٹھیک ہے۔‘‘ شارق نے جواب دیا۔ شارق نے سحری کرکے فجر کی نماز پڑھی، سیپارا پڑھا اور پھر سو گیا۔ دوپہر کو امی نے اسے نماز کے لئے اُٹھایا تو وہ فوراً اُٹھ گیا۔ اس کی امی اور سب گھر والے حیران تھے، ایک بار بھی اُس نے بھوک لگنے کا نہیں کہا۔ بھائی کے ساتھ نماز پڑھنے مسجد گیا۔ نماز پڑھ کر وہ بہت خوش نظر آرہا تھا۔ شام کو اُس کا دوست آیا تو کھیلتے کھیلتے دونوں میں لڑائی ہوگئی، مگر شارق نے اس کی کسی بات کا جواب نہیں دیا، صرف اتنا کہا، ’’میرا روزہ ہے، مَیں نہیں لڑوں گا۔‘‘ سب اُس کا رویہ دیکھ کر حیران تھے۔ شام کو افطار کے بعد امی ابو نے شارق کو پہلا روزہ رکھنے پر انعام دیا۔ بہن بھائیوں نے اُسے مبارکباد دی اور پوچھا کہ ’’شارق اب بتاؤ روزہ رکھ کر تمہیں کیسا لگا؟‘‘ وہ بولا، ’’میرا دل خود بخود اچھے کام کرنے کو چاہنے لگا اور لڑائی کرنے سے دل نے رُوکے رکھا۔‘‘ ’’اس کا مطلب ہے شارق کو روزے کا مقصد سمجھ میں آگیا ہے۔‘‘ امی نے خوش ہوتے ہوئے اُسے پیار کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK