Inquilab Logo

کتابوں اوراخبارات کے صفحات زرد ہوجاتے ہیں ، کیوں ؟

Updated: November 27, 2021, 7:06 PM IST | Mumbai

کتابوں اور اخبارات سے آپ کا سابقہ روزانہ پڑتا ہے۔مگر کیا آپ نے کبھی پرانے اخبارات یا پرانی کتابیں دیکھی ہیں ؟ ان کے صفحات زرد (پیلے) ہوتے ہیں ۔ کیا آپ نے کبھی سوچا کہ کتابوں اور اخبارات کے صفحات زرد کیوں ہوجاتے ہیں ؟

Representation Purpose Only- Picture INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

کتابوں اور اخبارات سے آپ کا سابقہ روزانہ پڑتا ہے۔مگر کیا آپ نے کبھی پرانے اخبارات یا پرانی کتابیں دیکھی ہیں ؟ ان کے صفحات زرد (پیلے) ہوتے ہیں ۔ کیا آپ نے کبھی سوچا کہ کتابوں اور اخبارات کے صفحات زرد کیوں ہوجاتے ہیں ؟
 کاغذ بنانے میں استعمال ہونے والے دو اہم اجزا سیلولوز اور لیگنین ہیں ۔ یہ دونوں اجزا لکڑی میں ہوتے ہیں جو اسے سخت اور مضبوط بناتے ہیں ۔ آپ یہ جانتے ہوں گے کہ کاغذ لکڑی سے بنایا جاتا ہے۔ ماحول میں جب لیگنین کا سامنا آکسیجن سے ہوتا ہے تو وہ زرد ہوجاتا ہے جبکہ سیلولوز بمشکل اپنا رنگ بدل پاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ایک عرصے کے بعد کاغذ اپنا رنگ تبدیل کرلیتا ہے۔ خیال رہے کہ کاغذ کے زرد ہونے کا عمل ’’آکسیڈیشن‘‘ کہلاتا ہے۔ 
 جب سورج کی روشنی کاغذ سے ٹکراتی ہے تو روشنی کی کچھ مقدار اس سے ٹکرا کر واپس چلی جاتی ہے جبکہ کچھ اس میں جذب ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے لیگنین کی سالماتی ساخت مکمل طور پر بدل جاتی ہے۔ جب لیگنین کا رنگ تبدیل ہوتا ہے تو یہ انسانی آنکھوں کو زرد یا ہلکا چاکلیٹی نظر آتا ہے۔ 
 اہم سوال یہ قائم ہوتا ہے کہ پرانے اخبارات یا کتابوں کو زرد ہونے سے کیسے روکا جائے؟ ماہرین کہتے ہیں کہ کتابوں اور اخبارات کو مرطوب جگہوں پر نہ رکھیں کیونکہ یہ آکسیڈیشن کے عمل کیلئے محرک کا کام کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، کتابوں پر آجانے والی زردی کو محدود کرنے کیلئے اسے بار بار چھونے سے گریز کریں ۔ انسانی جلد میں بھی سورج کی روشنی جذب ہوتی ہے جو انگلیوں کے لمس سے کتابوں میں منتقل ہوتی ہے، اور صفحات کے زرد ہونے کی وجہ بنتی ہے۔ 
 آپ نے غور کیا ہوگا کہ کتابوں کے مقابلے میں اخبارات تیزی سے زرد ہوتے ہیں ۔ اخبار تیار کرنے کی لاگت کم کرنے کیلئے لیگنین کو بہتر طریقے سے صاف نہیں کیا جاتا۔ اخبار کے کاغذ کو دیگر کاغذات کے مقابلے میں مرحلہ وار فلٹر نہیں کیا جاتا ہے۔ درحقیقت، لیگنین کو زیادہ فلٹر نہیں کیا جاتا۔ چونکہ اخبار کی زندگی صرف ایک یا چند دنوں پر مشتمل ہوتی ہے اس لئے اس کیلئے معیاری کاغذ نہیں استعمال کیا جاتا۔ اخبار کو زرد ہونے سے بچانے کیلئے اسے تیزاب سے پاک اور بفرڈ باکس میں رکھیں ۔ اس طرح وہ ایک طویل عرصے تک زرد نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK