Inquilab Logo

پیاز کی کہانی ڈاکٹر بیگن کی زبانی

Updated: December 04, 2021, 1:33 PM IST | Ghazala Ahmad Imam

دورکسی جگہ ایک سر سبز اور زرخیز میدان میں مختلف سبزیوں کی حکمرانی تھی یہاں کسی انسان کا گزر نہیں تھا۔ وہ آزادی سے کھیلتی کودتی تھیں۔

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

دورکسی جگہ ایک سر سبز اور زرخیز میدان میں مختلف سبزیوں کی حکمرانی تھی یہاں کسی انسان کا گزر نہیں تھا۔ وہ آزادی سے کھیلتی کودتی تھیں۔ سب میں بڑا اتحاد تھا صرف ایک پیاز ہی تھی جس سے سب دور رہتے تھے۔ وہ سوچتی کہ شاید مجھ سے کوئی خطا ہوئی ہے ، اس لیے کوئی سبزی دوستی اور محبت کا ہاتھ نہیں بڑھاتی ہے۔ جب بھی پیاز ان کے قریب آتی تو سب ناک بھنویں چڑھا کر بھاگ جاتے ۔ ہری مرچ بیگم تو ہمیشہ کہتی: ’’ آئے ہائے اس میں سے تو بدبو آتی ہے۔‘‘ اور ناک سکیڑ کر چلی جاتی۔  خالو ٹماٹر بھی کم نہیں تھے۔ ہاں میں ہاں ملاتے اور کہتے :’’ جب بھی پیاز ہمارے پاس آتی ہے تو ہماری آنکھوں میں جلن ہونے لگتی ہے۔‘‘ یوں ہر سبزی کو پیاز سے کوئی نہ کوئی شکایت تھی۔پیاز یہ سب سن کر افسردہ ہوجاتی اور رونے لگتی۔ ایک دن کھیت میں کھیلتے ہوئےآلو میاں اپنی آنکھیں ملنے لگے۔’’ ارے کیا ہوا آلو میاں! تمہاری آنکھیں سرخ کیوں ہورہی ہیں؟‘‘ بی بی پالک نے خوف زدہ ہوکر پوچھا۔جب آلو میاں نے آئینے میں اپنی صورت دیکھی تو بے اختیار چیخ نکل گئی اور انھوں نے ادھر ادھر لڑھکتے ہوئے کہا ’’ہائے! یہ کیا ہوا، میری گول مٹول آنکھوں کو۔اور پھر تکلیف سے رونا شروع کردیا۔’’ارے یہ تو آنکھوں کی وبا لگتی ہے۔‘‘ بی بی پالک نے کہا۔  ایک دن شدید گرمی تھی۔ ہری مرچ بیگم چکراتی ہوئی آئیں اور گر گئیں ۔ گرمی کی شدت سے لو لگ گئی۔ابھی آلو میاں اور مرچ بیگم تکلیف سے ہائے ہائے کر ہی رہے تھے کہ بھنڈی چلاتی ہوئی آئی، ارے بچائو!مجھے شہد کی مکھی نے کاٹ لیا۔ ارے ہے کوئی جو ہماری ان تکلیفوں کا علاج کرے۔بھنڈی نے زاروقطار روتے ہوئے کہا تو سارے علاقے میں شور مچ گیا۔آخر نانی گاجر نےگھبرا کر ڈاکٹر بیگن کو ساری سبزیوں کی بیماری تفصیل سے بتائی۔
 ڈاکٹر بیگن نے سب حال غور سے سنا اور فوراً مریضوں کے پاس پہنچے ۔ڈاکٹر بیگن نے ایک ایک کر کے دوبارہ سبزیوں کی بیماری پوچھی  اور نتیجہ یہ نکلا کہ ا ن سب بیماری اور تکالیف کا علاج پیاز میں موجود ہے۔یہ سن کر تمام سبزیاں حیرت میں پڑگئیں ۔ ڈاکٹر بیگن نے سب کو پیاز کے فائدے بتائے کہ پیاز بہت مفید اور طاقت ور ہوتی ہے۔ اس کے کھانے سے خون صاف ہوتا ہے اور گرمی میں کھانے سے یہ لو کے اثرات سے بچاتی ہے۔‘‘ پیاز بھی خاموشی سے سنتی رہی۔ ڈاکٹر بیگن نے مزید بتایا کہ ہماری پیاری دوست پیاز میں یہ خوبی ہے کہ یہ آنکھوں کے لیے بھی مفید ہوتی ہے اور آنکھوں میں جراثیم کا خاتمہ کرتی ہے۔اس کو گھس کر لگانے سے شہد کی مکھی کے ڈنک کا زخم بھی ٹھیک ہوجاتا ہے۔  ڈاکٹر بیگن نے بتایا کہ پیاز کی طاقت جان کر یونان کا بادشاہ سکندر اعظم جنگ سے پہلے اپنے سپاہیوں کو پیاز کھانے کو دیتا تھا۔ دیکھا قدرت نے پیاز میں کتنے فائدے رکھے ہیں۔ یہ سب سن کرساری سبزیاں شرمندہ ہوگئیں اور سب نے پیاز سے دوستی کا ہاتھ بڑھایا۔ پیاز نے ایک ایک کر کے سب سبزیوں کو گلے لگایا اور سب کی بیماری اور تکلیف دور کی۔ ڈاکٹر بیگن نے بھی اطمینان کی سانس لی۔پھر تمام سبزیوں نے ڈاکٹر بیگن اور پیاز کے ساتھ صحت یابی کا جشن منایا۔n

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK