Inquilab Logo

اقوام متحدہ کیوں قائم کیا گیا تھا،مقصد قیام کیا تھا؟

Updated: October 23, 2020, 7:46 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

ہر سال ۲۴؍ اکتوبر کو اقوام متحدہ اپنی سالگرہ مناتا ہے۔ اس سال یو این اپنی ۷۵؍ ویں سالگرہ منارہا ہے۔ طلبہ کیلئے یہ جاننا ضروری ہے کہ بین الاقوامی سطح پر مشہور یہ ادارہ کیا کام کرتا ہے اور دنیا کے تمام ممالک اس کے ممبر کیوں ہیں !اقوام متحدہ کی جانب سے سال بھر میں بین الاقوامی سطح پر ۱۷۲؍ دن منائے جاتے ہیں ۔ اِن تمام دنوں کو منانے کا فیصلہ جنرل اسمبلی کے ممبران کے تبادلۂ خیال کے بعد قرار دادوں کے ذریعے کیا گیا ہے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

اقوام متحدہ ’’یونائیٹڈ نیشنز‘‘ (یو این) کے قیام کے تعلق سے دوسری عالمی جنگ کے بعد ہی سے بحث شروع ہوگئی تھی۔ ۲۵؍ اپریل ۱۹۴۵ء کو سان فرانسسکو، امریکہ میں ۵۰؍ ممالک کی ایک کانفرس منعقد ہوئی تھی۔ اس کانفرس میں ایک ایسے بین الاقوامی ادارے کے قیام پر غور کیا گیا جو دنیا میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کرے۔ چنانچہ ۲۶؍ جون ۱۹۴۵ء کو اقوام متحدہ کا منشور یا چارٹر مرتب کیا گیا۔ چند مہینوں بعد یعنی ۲۴؍ اکتوبر ۱۹۴۵ء کو اس ادارے کا باقاعدہ قیام عمل میں آیا۔اس طرح اب ہر سال ۲۴؍ اکتوبر کو اقوام متحدہ کے منشور کے نافذالعمل ہونے کی سالگرہ کی یاد تازہ کرنے کیلئے تمام ممبر ممالک اس دن کو مناتے ہیں ۔ اس دن کو منانے کا مقصد یہ ہے کہ دنیا بھر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کے مقاصد اور کارناموں سے متعارف کروایا جائے، اور پھر اِس عالمی ادارے کے کام کیلئے ان کی حمایت حاصل کی جائے۔
نام کس نے تجویز کیا تھا؟
یونائیٹڈ نیشنز آرگنائزیشن (اقوام متحدہ) کا نام امریکہ کے ۳۲؍ ویں صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ نے تجویز کیا تھا۔
 یو این کے منشور کی تمہید میں درج ہے کہ
ہم اقوام متحدہ کے ممبروں نے ارادہ کیا ہے کہ آنے والی نسلوں کو جنگ کی لعنت سے بچائیں گے۔
انسانوں کے بنیادی حقوق پر دوبارہ اعتقاد کریں گے اور انسانی اقدار کی عزت اور قدر و منزلت کریں گے۔
مرد اور عورت کے حقوق یکساں ہوں گے۔ اور تمام قوموں کے حقوق یکساں ہوں گے۔
ایسے حالات پیدا کریں گے کہ عہد ناموں اور بین الاقوامی آئین کی عائد کردہ ذمہ داریوں کو نبھایا جائے۔ آزادی کی ایک وسیع فضا میں اجتماعی ترقی کی رفتار بڑھے اور زندگی کا معیار بلند ہو۔ لہٰذا،یہ مقاصد حاصل کرنے کیلئے:
 رواداری اختیار کریں ۔
ہمسایہ کے ساتھ پر امن زندگی بسر کریں ۔ 
عالمی امن اور تحفظ کی خاطر اپنی طاقت متحد کریں نیز اصولوں اور روایتوں کو قبول کر سکیں اس بات کا یقین دلائیں کہ مشترکہ مفاد کے سوا کبھی طاقت کا استعمال نہ کیا جائے۔
تمام اقوام عالم اقتصادی اور اجتماعی ترقی کی خاطر بین الاقوامی ذرائع اختیار کریں ۔
کون سا ملک یو این کا رکن بن سکتا ہے؟
 ہر امن پسند ملک جو اقوام متحدہ کے منشور کی شرائط تسلیم کرے اور ادارہ کی نظر میں وہ ملک ان شرائط کو پورا کر سکے اور اقوام متحدہ کی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کیلئے تیار ہو تو وہ اقوام متحدہ کا رکن بن سکتا ہے۔ 
 ابتداء میں اس ادارے کے صرف ۵۱؍ ممالک ممبر تھے بعد میں ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا اور اب دنیا کے ۱۹۳؍ ممالک اس کے رکن ہیں ۔ اگر کوئی رکن منشور کی مسلسل خلاف ورزی کرے تو اس رکنیت خارج کی جاسکتی ہے۔ تقریباً تمام تسلیم شدہ ممالک اقوام متحدہ کے رکن ہیں ۔ دنیا میں ایک ہی تسلیم شدہ ملک اقوام متحدہ کا رکن نہیں ہے اور وہ ہے ویٹیکن سٹی۔ مگر اسے اقوام متحدہ میں خصوصی حیثیت حاصل ہے اور وہ جب چاہے اپنی مرضی سے اس کا رکن بن سکتا ہے۔ سب سے آخر یعنی ۲۰۰۶ء میں جو ملک اس کا رکن بنا وہ ’’مونٹینیگرو‘‘ ہے۔ 
 اقوام متحدہ کے۶؍ بنیادی اعضاء ہیں : جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل،اقتصادی و سماجی کونسل، سرپرستی کونسل، بین الاقوامی عدالت انصاف، اورسیکریٹریٹ۔
یو این متعدد بین الاقوامی دن کیوں مناتا ہے؟
 اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسانی زندگی اور تاریخ کے اہم پہلوؤں کی نشاندہی کرنے کیلئے متعدد ’’بین الاقوامی دن‘‘ کی تجویز پیش کی تھی، جن میں سے کئی کو قبول کرلیا گیا تھا۔ عام طور پر یہ ایسے دن ہیں جن کے منانے سے دنیا میں ایک مثبت پیغام عام ہوتا ہے اور عوام کسی بھی مسئلے کی جانب نہ صرف متوجہ ہوتے ہیں بلکہ اس کے بارے میں سنجیدگی سے سوچتے بھی ہیں ۔ 
 ہر بین الاقوامی دن پر رکن ممالک کو اس دن کے مرکزی خیال کی مناسبت سے متعلق سرگرمیاں منظم کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے زیر انتظام تنظیمیں ، دفاتر، دنیا بھر کی حکومتیں ، سول سوسائٹیز، سرکاری اور نجی شعبے، اسکول اور یونیورسٹیاں اس دن کے تعلق سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے تقریبات کا انعقاد کرتی ہیں ۔ کسی بھی دن کے منانے کا مقصد عوام کے درمیان اس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنی ہوتی ہے۔
 اقوام متحدہ موضوع کی مناسبت سے منائے جانے والے دن، ہفتے، برس اور دہائیوں کا مشاہدہ کرتا ہے۔ خصوصی مشاہدے کے بعد اقوام متحدہ بین الاقوامی بیداری اور کارروائی کو فروغ دیتا ہے۔ واضح رہے کہ مبصرین کی اکثریت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے ذریعے قائم کی گئی ہے، اس لئے کوئی بھی دن منانے کیلئے یک طرفہ رجحان سامنے نہیں آتا بلکہ کافی دنوں تک تبادلۂ خیال کرنے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد قراردادوں کے ذریعے کوئی بھی دن منانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ اپنی تاریخ کے اہم واقعات کیلئے بھی دن مناتا ہے۔ 
سال بھر میں ۱۷۲؍ دن منائے جاتے ہیں 
 یو این کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر مجموعی طور پر ۱۷۲؍ دن منائے جاتے ہیں ، جن میں سے جنوری میں ۳، فروری میں ۶، مارچ میں ۱۶، اپریل میں ۲۲،مئی میں ۱۶، جون میں ۲۸، جولائی میں ۸، اگست میں ۸، ستمبر میں ۱۷، اکتوبر میں ۱۷، نومبر میں ۱۵؍ اور دسمبر میں ۱۶؍ دن منائے جاتے ہیں ۔ 
 ضرورت پیش آنے پر جنرل اسمبلی اس فہرست میں مزید دن بھی شامل کرسکتی ہے۔
یوم اقوام متحدہ
 اس دن کئی ممالک میں تعطیل ہوتی ہے اور مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ۲۴؍ اکتوبر کو ممبر میں سے کئی ممالک اپنی اہم عمارتوں پر اپنے ملک کے پرچم کے ساتھ یو این کا پرچم بھی لہراتے ہیں یا عمارتوں پر نیلی روشنی نصب کرواتے ہیں ۔ 
 بین الاقوامی سطح پر پہلا یوم اقوام متحدہ ۲۴؍ اکتوبر ۱۹۴۸ء کو منایا گیا تھا جبکہ امریکہ ۲۴؍ اکتوبر ۱۹۴۶ء ہی سے یہ دن منارہا ہے۔ امسال کورونا وائرس کی وبا کے سبب یوم اقوام متحدہ روایتی طریقے سے نہیں منایا جارہا ہے بلکہ آن لائن کنسرٹ اور تقریبات وغیرہ کا انعقاد کیا جارہا ہے اور لوگوں کو اس سے جڑنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ 
 اقوام متحدہ کے قیام کے بعد عالمی سطح پر سب سے پہلا کون سا دن منایا گیا تھا، اس تعلق سے کسی قسم کے اعداد وشمار دستیاب نہیں ہیں ۔ یو این کے تحت ۱۷؍ خاص ایجنسیاں یا ادارے ہیں جو دنیا بھر میں مختلف امور کے کام کاج کرتے ہیں ۔ ان میں سے چند مشہور ادارے یہ ہیں : آئی ایم ایف، یونیسکو، ڈبلیو ایچ او، ایف اے او وغیرہ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK