Inquilab Logo

شیر خوار بچےآنکھیں مسلتے ہیں، کیوں ؟

Updated: April 19, 2024, 4:24 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

آنکھیں مسلنے کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں آنکھوں کی خشکی اور تجس کا احساس زیادہ اہم ہے۔

Newborn babies also squint due to lack of sleep. Photo: INN
نومولود بچے نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے بھی آنکھیں مسلتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

ننھے بچوں کی کئی عادات ایسی ہوتی ہیں جو دیکھنے والوں کو معصومانہ لگتی ہیں ۔کئی عادتوں پر والدین خوشی کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ انہیں میں بعض شیر خوار اور نومولود بچوں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ اپنی آنکھوں کو بار بار مسلتے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ وہ ایسا کیوں کرتے ہیں ؟
تجسس کا احساس
شیرخوار بچے وقت گزرنے کے ساتھ جب جسمانی حرکت بڑھاتے ہیں تو ان میں چیزوں سے واقفیت حاصل کرنے کا تجسس بڑھتا ہے۔ اس احساس کے تحت جب شیرخوار نئی چیزوں کو دیکھتے ہیں تو ان سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے احساسِ تجسس کے تحت انہیں چھونے کی کوشش کرتے ہیں ۔
بچے بصری تجسس کے تحت اپنی آنکھوں کو بھی رگڑتے ہیں ، علاوہ ازیں اپنی آنکھیں بار بار جھپکاتے ہیں۔ دراصل وہ ان اشیا کا جائزہ لیتے ہیں جو انہیں دکھائی دیتی ہیں۔
تھکاوٹ اور نیند
 شیرخوار بچوں میں نیند کا دورانیہ کافی زیادہ ہوتا ہے۔ اگر انہیں کافی دیر تک جگایا جائے تو وہ تھکان محسوس کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان پرغنودگی طاری ہونے لگتی ہے اوروہ اپنی آنکھوں کو مسلتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ غنودگی میں ہیں اورسونا چاہتے ہیں۔ بچوں کے اس عمل سے ان کی آنکھوں کے پٹھوں کا تناؤ کم ہونے لگتا ہے۔ 
آنکھوں کی خشکی
 اگر بچوں کی نیند پوری ہے اور وہ اس کے باوجود اپنی آنکھوں کو رگڑتے ہیں تو ممکن ہے ان کی آنکھوں میں خشکی آئی ہو اور نمی کی کمی کے باعث آنکھوں میں ہونے والی اینٹھن کو کم کرنے کیلئے وہ ہاتھوں سے اسے رگڑنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے آنکھ میں رطوبت (آنسو) آنے سے انہیں آرام ملتا ہے۔
آنکھ میں کسی چیز کا پھنس جانا
 بعض اوقات آنکھ میں یا پلکوں میں کوئی بال یا مٹی کا ذرا وغیرہ پھنس جائے تو بچے آنکھ میں تکلیف کے احساس کی وجہ سے بھی اپنی آنکھوں کو رگڑتے ہیں ۔ 
الرجی بھی ہوسکتی ہے
 بچوں کے آنکھوں کے مسلنے کی وجہ آنکھوں میں کسی قسم کی الرجی بھی ہوسکتی ہے۔ تاہم، شیرخوار بچوں کی آنکھیں بہت کم الرجی کا شکار ہوتی ہیں ۔
آنکھوں کو رگڑنے سے کیسے روکا جائے
  اگربچہ مسلسل آنکھوں کو رگڑتا ہے تو اس کے ہاتھوں میں دستانے پہنا دیں تاکہ بچے کے ناخن وغیرہ سے آنکھ کو نقصان نہ پہنچے جبکہ آستینوں کو لمبا بھی کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK