Inquilab Logo

تھامس کُک بزنس مین اورجدید سیاحت کے علمبردارتھے

Updated: December 01, 2023, 4:38 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

وہ ٹریول ایجنسی’تھامس کک اینڈ سن‘ کے بانی تھے۔ دس سال کی عمر میں اسکول چھوڑنے کے بعد انہوں نے ۱۸۲۸ء تک مختلف ملازمتیں کیں۔

Thomas Cook greatly promoted and made tourism possible in Italy. Photo: INN
تھامس کک نے اٹلی میں سیاحت کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا اور اسے ممکن بنایا۔ تصویر : آئی این این

تھامس کُک (Thomas Cook) ایک برطانوی بزنس مین اور مشہور ٹریول ایجنسی’ تھامس کک اینڈ سن‘ کے بانی کیلئےمشہور ہیں۔ وہ ’پیکیج ٹور‘ کے ابتدائی ڈیولپرز میں سے ایک تھے جنہوں نے انیسویں صدی کے آخر میں چھ سو لوگوں پر مشتمل جماعت کی لیسٹر سے لاف برو تک ریلوے سیر کا اہتمام کیا تھا ۔انہوں نے پورے یورپ کی عالیشان دائروی سیر کا کامیاب طریقے سے انعقاد کیا تھا۔کک ہی نے سیاحت کی ٹکٹیں بیچنے کی ایجنسی کا کاروبار شروع کیا تھا۔ یہیں سے جدید سیاحت کے دور کا آغاز ہوا۔ اسی لئے تھامس کک کو جدید سیاحت کا علمبردارکہا جاتا ہے۔
تھامس کک کی پیدائش۲۲؍ نومبر ۱۸۰۸ء کو میلبورن میں ہوئی تھی۔ کک نے دس سال کی عمر میں اسکول چھوڑ دیا۔ انہوں نے لارڈ میلبورن کی اسٹیٹ میں ایک مقامی مارکیٹ کے باغبان کے معاون کے طور پر کام کرنا شروع کیا۔ انہوں نے ۱۸۲۸ء تک مختلف ملازمتیں کیں۔ ۱۸۲۸ء میں انہوں نےپمفلٹ تقسیم کرنے کے طور پر علاقے کا دورہ کیا اور ۱۸۳۰ء میں، وہ ٹیمپیرنس مومنٹ سے وابستہ ہوگئے۔
توسیع شدہ مڈلینڈ کاؤنٹیز ریلوے کے کھلنے کے ساتھ، تھامس کک نے کمپنی کو، لیسٹر سے لافبرو کے درمیان ایک خصوصی ٹرین چلانے پر آمادہ کیا۔تین سال بعد ریلوے نے اس انتظام کو مستقل کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ ۵؍ جولائی ۱۸۴۱ء کو، تھامس کک نے اپنے پہلے گھومنے پھرنے پر تقریباً ۴۸۵؍ لوگوں کو ساتھ لیا۔ اسے دنیا کی پہلی ریلوے سیر کے طور پر بھی رپورٹ کیا جاتا ہے مگر بعض ماہرین اس کی تردید کرتے ہیں۔ ۱۸۴۶ءمیں انہوں نے لیسٹر سے ۳۵۰؍ لوگوں کو اسکاٹ لینڈ کے دورے پر ساتھ لیا۔ ۱۸۵۱ءمیں کک نے لندن میں ہونے والی عظیم نمائش میں ایک لاکھ ۵۰؍ ہزار افراد کے سفر کا انتظام کیا۔ چار سال بعد، انہوں نے بیرون ملک اپنی پہلی سیر کا منصوبہ بنایا۔ ۱۸۵۵ء کی پیرس نمائش کے دوران، کک نے لیسٹر سے کیلیس، فرانس تک سیر کی۔ اگلے سال انہوں نے یورپ کے پہلے عظیم الشان دورے کی قیادت کی۔
۱۸۶۰ء کے اوائل میں انہوں نے پرسنل ٹورکرنا چھوڑ دیا اور اندرون ملک اور بیرون ملک ٹریول ٹکٹوں کی فروخت کے ایجنٹ بن گئے۔۱۸۷۲ءمیں،انہوں نے اپنے بیٹے جان میسن اینڈریو کک کے ساتھ شراکت داری قائم کی اور ٹریول ایجنسی کا نام تبدیل کر کے تھامس کک اینڈ سن رکھ دیا۔ ۱۸۷۸ء میں کک اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئےجس کے بعد کاروبار ان کے بیٹے نے آگے بڑھایا۔ تھامس کک سیاحت کے نظام کو قائم کرنے میں سب سے آگے تھے، انہوں نے اٹلی میں سیاحت کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا اور اسے ممکن بنایا۔ کیلئے مخصوص کرنسی متعارف کروانے سے اٹلی کے اندر آسان اور موثر ٹرپ میں سہولت ہوئی۔ انہوں نےنہ صرف سیاحت سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اضافہ کیا بلکہ بڑھتی ہوئی اطالوی معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی مدد کی۔ تھامس کک نے اپنے زندگی کے آخری ایام لیسٹر میں گزارے۔ وہ اپنے آخری برسوں میں اندھے پن کا شکار ہوگئےتھے۔ ان کا انتقال ۱۸؍ جولائی ۱۸۹۲ء کو لیسٹر، انگلینڈ میں ہوا تھا۔ کک کے انتقال کے بعد ۱۸۹۹ء میں کمپنی کو ان کے پوتے نے سنبھالا اور آگے بڑھایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK