Inquilab Logo Happiest Places to Work

سوجن ہونے پر برف سےسینکا جاتا ہے، کیوں؟

Updated: April 17, 2026, 5:13 PM IST | Mumbai

سوجن ہونے پر برف سے ٹکور (Cold compress) اس لئے کی جاتی ہے کیونکہ ٹھنڈک جسم کے متاثرہ حصے میں ہونے والے سوزش، درد اور اندرونی خون کے بہاؤ کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

Applying ice immediately after an injury or sprain is considered an effective initial treatment. Photo: INN
چوٹ یا موچ کے فوراً بعد برف سے ٹکور کرناایک مؤثر ابتدائی علاج سمجھا جاتا ہے۔ تصویر: آئی این این

جسم کو جب کبھی چوٹ لگتی ہے، موچ آتی ہے یا کوئی ٹشو متاثر ہوتا ہے تو اس جگہ پر عموماً سوجن پیدا ہو جاتی ہے۔ ایسی حالت میں برف سے سینکنا(ٹکورکرنا) اہم سمجھا جاتا ہے۔ کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ سوجن والی جگہ پر برف سے کیوں سینکا جاتا ہے؟
یہ عمل طب میں ’فرسٹ ایڈ‘ کا اہم حصہ ہے
سوجن ہونے پر برف سے ٹکور (Cold compress) اس لئے کی جاتی ہے کیونکہ ٹھنڈک جسم کے متاثرہ حصے میں ہونے والے سوزش، درد اور اندرونی خون کے بہاؤ کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس عمل کو طب میں ابتدائی علاج (First Aid) کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے، جسے عام طور پر ’’RICE‘‘ (Rest, Ice, Compression, Elevation) طریقہ بھی کہا جاتا ہے۔ 
سوجن کیا ہوتی ہے؟
سوجن اس وقت پیدا ہوتی ہے جب جسم کے کسی حصے میں چوٹ لگنے، موچ آنے یا ٹشو کے متاثر ہونے کے بعد وہاں خون اور جسمانی رطوبتیں جمع ہو جاتی ہیں۔ اس وجہ سے متاثرہ حصہ پھول جاتا ہے۔ یہ جسم کا قدرتی ردِعمل ہوتا ہے تاکہ متاثرہ جگہ کو ٹھیک کیا جا سکے لیکن بعض اوقات یہی عمل زیادہ ہو کر تکلیف کا باعث بن جاتا ہے۔ 
برف سے ٹکور کیوں کی جاتی ہے؟
ٹھنڈک جسم کے اندر ہونے والے ردِعمل کو سست کر دیتی ہے جس سے سوجن کے بڑھنے کا عمل رک جاتا ہے نیز برف فوری طور پر آرام اور سکون فراہم کرتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہم خواب میں حقیقت اور تصور میں فرق نہیں کر پاتے، کیوں؟

خون کی نالیوں پر اثر 
 متاثرہ حصے پر برف لگانے سے وہاں کی خون کی نالیاں سکڑ جاتی ہیں جسے میڈیکل سائنس کی اصطلاح میں ’’vasoconstriction‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں خون کا بہاؤ کم ہو جاتا ہے اور وہاں اضافی رطوبت جمع نہیں ہو پاتی جس سے سوجن بڑھنے سے رک جاتی ہے اور آہستہ آہستہ سوجن اور اس کے درد میں کمی واقع ہونے لگتی ہے۔ 
درد میں کمی کیسے ہوتی ہے؟
برف لگانے سے اعصابی نظام کی سرگرمی سست ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے درد کا احساس کم ہو جاتا ہے۔ ٹھنڈک اعصاب کے سگنلز کو کمزور کر دیتی ہے، اس لئے دماغ تک درد کی شدت کم پہنچتی ہے اور مریض کو فوری طور پر آرام محسوس ہوتا ہے۔ 
ٹکور کا درست طریقہ 
برف کو ہمیشہ براہِ راست جلد پر نہیں لگانا چاہئے بلکہ اسے کپڑے یا تولیے میں لپیٹ کر استعمال کرنا چاہئے۔ عام طور پر ۱۰؍ سے۲۰؍ منٹ تک برف لگانا مناسب سمجھا جاتا ہے۔ یہ عمل دن میں کئی بار کیا جا سکتا ہے، خاص طور پر چوٹ کے ابتدائی ۲۴؍سے۴۸؍ گھنٹوں میں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK