جہانگیر رتن جی دادا بھوئے ٹاٹا (جے آر ڈی ٹاٹا) پیرس، فرانس میں پیدا ہونے والے ہندوستانی سرمایہ کار، پائلٹ اور ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین تھے۔ وہ ۲۹؍ جولائی ۱۹۰۴ء کو پیدا ہوئے تھے جبکہ ۲۹؍ نومبر ۱۹۹۳ء کو جینیوا، سوئزرلینڈ میں وفات پائی تھی۔ پڑھئے ان کے متعلق ۱۰؍ دلچسپ اور غیر معروف حقائق۔ تمام تصاویر: آئی این این، انسٹاگرام، یوٹیوب اور ایکس
جے آر ڈی ٹاٹا نے لندن سے تعلیم مکمل کی تھی۔ بعد ازیں، وہ فرانسیسی فوج میں شامل ہوئے جہاں ایک سال تک خدمات انجام دیں تھی۔
۱۰؍ فروری ۱۹۲۹ء کو جے آر ڈی ٹاٹا نے کمرشیل لائسنس حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی بن گئے تھے۔ بعد ازیں وہ ’’فادر آف انڈین سول ایوی ایشن‘‘ کہلائے۔
انہوں نے ۱۹۳۲ء میں ہندوستان کی پہلی کمرشیل فضائی کمپنی ’’ٹاٹا ایئرلائنس‘‘ کی بنیاد ڈالی تھی جسے ۱۹۴۶ء میں ایئر انڈیا کا نام دیا گیا۔
وہ ۱۹۳۰ء میں ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان اڑان بھرنے والے واحد پائلٹ بن گئے تھے جس کے بعد انہیں ۵۰۰؍ ڈالر بطور انعام دیئے گئے تھے۔
ہندوستان لوٹنے کے بعد جے آر ڈی ٹاٹا نے تنخواہ کے بغیر ٹاٹا اینڈ سنس میں کام کرنے کی شروعات کی تھی۔ ۱۲؍ سال کی جدوجہد کے بعد انہیں چیئرمین کے عہدے پر فائز کیا گیا تھا۔
انہیں ٹاٹا اینڈ سنس کے سب سے کم عمر چیئرمین ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ ۳۴؍ سال کی عمر میں انہوں نے یہ عہدہ سنبھالا تھا۔
جے آر ڈی ٹاٹا پہلے بزنس مین اور سرمایہ کار ہیں جنہیں ہندوستانی صنعت میں ان کی خدمات کیلئے پدم بھوشن اور پدم وبھوشن تفویض کیا گیا۔ انہیں انڈیا فیملی پلاننگ پروگرام کے نفاذ کیلئے اقوام متحدہ کا پاپولیشن ایوارڈ بھی تفویض کیا گیا تھا۔
جے آر ڈی ٹاٹا نے ۵۰؍ برسوں تک ڈوربا جی ٹاٹا فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی کے طور پر خدمات انجام دیں تھی۔ ان کی قیادت میں فاؤنڈیشن نے ۱۹۴۱ء میں ملک کے پہلے کینسر اسپتال ’’ٹاٹا میموریل سینٹر فار کینسر‘‘ کی بنیاد ڈالی تھی۔
انہوں نے ٹاٹا گروپ کے تحت مختلف انڈسٹریز جیسے ٹاٹا کنسلٹنسی سروسیز، ٹاٹا موٹرز، ٹائٹن انڈسٹریز، ٹاٹا سالٹ، وولٹاس اور ایئر انڈیا کی شروعات کی تھی۔
ان کی یاد میں حکومت مہاراشٹر نے اپنے پہلے ڈبل ڈیکر بریج کو ان سے موسوم کیا تھا۔ ۲۰۱۲ء میں آؤٹ لک میگزین نے انہیں ہندوستان کا چھٹا عظیم ہندوستانی قرار دیا تھا۔