Inquilab Logo

سلمان خان کے بغیرعید پر باکس آفس ویران، ہیروپنتی اور رن وے۳۴؍ مایوس کن

Updated: May 05, 2022, 12:13 PM IST | Agency | Mumbai

باکس آفس پر عید کا مطلب سلمان خان ہے۔ لیکن اس سال ٹکٹ کھڑکی کو بھائی جان کی کمی بہت بری طرح محسوس ہورہی ہے۔

Salman Khan.Picture:INN
سلمان خان ۔ تصویر: آئی این این

باکس آفس پر عید کا مطلب سلمان خان ہے۔ لیکن اس سال ٹکٹ کھڑکی کو بھائی جان کی کمی بہت بری طرح محسوس ہورہی ہے۔ ایسا اس لئے ہے کہ عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی دونوں فلمیں ہیروپنتی۲؍ اور رن وے ۳۴؍ نے پہلے ہی ویک اینڈ میں بری طرح مایو س کیا ہے۔ ٹائیگر شراف کی ہیروپنتی ۲؍ نےابتدائی ۳؍دنوں میں جہاں محض ۱۵؍کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے وہیں اجے دیوگن اور امیتابھ بچن کی اداکاری سے سجی فلم رن وے ۳۴؍ نے صرف ۱۳؍کروڑ روپے کمائے ہیں۔پیر کو ان دنوں فلموں کیلئے تھیٹر کی سیٹیں خالی نظر آئیں اس لئے آگے بھی ان سے کوئی امید نہیں کی جاسکتی۔ہاں، ۱۸؍دنوں میں جس طرح ’کے جی ایف۲؍‘ نے ہندی ورژن میں ۳۶۰؍کروڑ روپے کمالئے ہیں عید پر اس فلم سے امید ضرور کی جارہی ہے۔لیکن ریلیز کے ۲۰؍ویں دن یہ فلم بھی بہت زیادہ کمال دکھائے گی یہ سوچنا صحیح نہیں ہے۔
 ہیروپنتی کی کمائی میں اضافہ کے بجائے کمی
 عام طور پر جہاں ویک اینڈ پر فلموں کا بزنس بڑھتا ہے، لیکن ٹائیگر شراف کی ہیروپنتی۲؍ کا کلیکشن گھٹ گیا ہے۔اس فلم نےپہلے دن جمعہ کو ۶ء۲۵؍کروڑ روپے کمائے تھے لیکن سنیچر کو جہاں فلم کی کمائی ۴ء۷۵؍کروڑ روپے رہی وہیں اتوار کو یہ محض ۴؍کروڑ رہ گیا۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ فلم شائقین کو بالکل پسند نہیں آئی۔
رن وے ۳۴؍کی کمائی بڑھی لیکن آگے امید کم
 اجے دیوگن اور امیتابھ بچن کی فلم رن وے ۳۴؍ نے جمعہ کو محض ۳؍کروڑ تو سنیچر کو ۴ء۵؍کروڑ اور اتوار کو ۵ء۵؍کروڑ روپے کمائے۔اس طرح اس سے کچھ زیادہ امید نہیں کی جاسکتی۔اس کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ یہ انگریزی فلم ’فلائٹ‘ کا ری میک ہے جو پہلے ہی اوٹی ٹی پر موجود ہے۔
کے جی ایف ۲؍سے تھوڑی امید کی جاسکتی ہے
 حالانکہ کے جی ایف ۲؍کو ریلیز ہوکر ۱۸؍دن ہوچکے ہیں اور زیادہ تر لوگ اس فلم کو دیکھ چکے ہیں لیکن ، پھربھی اس فلم سے کچھ حد تک امید کی جارہی ہے کہ عیدپر بھی اس فلم کو دیکھا جائےگا اور اس کی آمدنی میں مزید اضافہ ہوگا۔
باکس آفس پرعید کا مطلب سلمان خان
ء۲۰۰۹ء سے ۲۰۲۲ء تک عید کے موقع پر سلمان خان کی ۱۱؍فلمیں ریلیز ہوچکی ہیںاور یکے بعد دیگرے ہر فلم گزشتہ سے زیادہ کمائی کرتی آئی ہے۔ اس میں سے ۲۰۱۳ء،۲۰۲۰ء اور اب ۲۰۲۲ء میں عید پر سلمان کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی ہے۔سلمان خان کی گزشتہ سال عیدپر ریلیز ہونے والی فلم’رادھے:یور موسٹ وانٹیڈ بھائی‘ او ٹی ٹی پر ریلیز ہوئی تھی۔ان کے مداحوں کا ہجوم اس قدر امڈا کہ ریلیز والے دن ہی ڈھائی گھنٹے کیلئے او ٹی ٹی پلیٹ فارم ہی کریش ہوگیا تھا۔ اس طرح یہ محسوس کیا جارہا ہے کہ عید اور سلمان خان کا ساتھ باکس آفس پر آمدنی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK