Inquilab Logo

برہماستر نے بالی ووڈ کی لاج بچائی، طویل عرصے کے بعد کسی فلم نے اتنی کمائی کی

Updated: September 15, 2022, 12:42 PM IST | Agency | Mumbai

’برہماسترپارٹ ون ،شیوا‘ نے تین دنوں میں دنیا بھر میں۲۲۵؍ کروڑ روپے کی کمائی کی ،فلم کے ڈائریکٹر ایان مکھرجی نے اس کامیابی کو ہندوستانی سنیماکیلئے نیا دور قرار دیا

Ranbir Kapoor, Alia Bhatt and Ayan Mukherjee worked hard to promote the film .Picture:PTI
رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور ایان مکھرجی نے فلم کی تشہیر کیلئےسخت محنت کی ۔ تصویر:پی ٹی آئی

 ’برہماستر پارٹ ون ،شیوا‘ نے تین دنوں میں دنیا بھر میں۲۲۵؍ کروڑ روپے کی کمائی کی ہے، جو فلم انڈسٹری، تھیٹر مالکان اور ناظرین کے لئے بے مثال خوشی  کا باعث ہے۔طویل عرصے کے بعد کسی فلم نے اتنی کمائی کی ہے۔   فلم میں اداکار رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ  نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔بالی ووڈ کیلئے یہ راحت کی بات ہے کہ شائقین فلم  ’برہماستر‘  دیکھ رہے ہیں اور اس دوران سنیما ہال میں شائقین کی  بھیڑ رہتی ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر ایان مکھرجی نے کہا، ’’میں ہندوستان اور بین الاقوامی سامعین کا تہ دل سے شکرگزار ہوں جنہوں نے  ’برہماستر‘ کیلئے اپنی محبت اور حمایت کا مظاہرہ کیا۔ مجھ پر ان کی مثبت توانائی اور میری ٹیم پر ان کے یقین نے ہمارے برہماستر کے سفر کو واقعی دلچسپ، جذباتی اور جادوئی بنا دیا ہے۔ اس  ردعمل  پر میں آپ کا شکر گزار  ہوں اور مجھے امید ہے کہ آنے والے ہفتوں میں ناظرین فلم کو مزید محبت سے نوازیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا ،’’ انہیں فخر ہے کہ وہ گزشتہ۳؍ دنوں میں تھیٹرز میں زبردست توانائی پیدا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ہدایت کار نے ایک بیان میں کہا کہ فلم میں ایکشن، رومانس، ڈراما اور تمام عمر کے  افراد کیلئے خوبصورت وی ایف ایکس کے ساتھ ساتھ ایک مکمل فیملی انٹرٹینر اور ہندوستانی ثقافت کی بھرپور نمائندگی کی گئی ہے۔ ہندوستانی سنیما کیلئے ایک نیا دور آیا ہے، جو فخر سے بھرا ہوا ہے۔‘‘ اسٹار اسٹوڈیوز اور دھرما پروڈکشنز کی  تیار کردہ   ’برہماستر‘  کی  فی الحال ہندی، تمل، تیلگو، ملیالم اور کنڑ زبانوں میں۲؍ ڈی،۳؍ ڈی اور آئی میکس ۳؍ ڈی  کے سنیما گھروں  میں  نمائش کی جارہی ہے جس میں امیتابھ بچن، ناگارجن اکینینی اور مونی رائے نے بھی ادا  کاری کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK