Inquilab Logo

کوریوگرافرشبینہ خان نے لاک ڈاؤن میں ۴۰۰؍سے زائد افراد کو رقص سکھایا

Updated: February 11, 2021, 2:01 PM IST | abdul karim qasim ali | Mumbai

سلمان خان کی پسندیدہ کوریو گرافر نے کہا : میں اپنے ہنر سے پیسے کمانا نہیں چاہتی بلکہ غریب اور باصلاحیت افراد کو پیسہ کمانے کا ہنر سکھا نا چاہتی ہوں

Shabina Khan.Picture :INN
رشبینہ خان۔ تصویر :آئی این این

لاک ڈاؤن میں فلم انڈسٹری میں بالکل ٹھپ تھی اور اس سے وابستہ سبھی افراد بے روزگار ہو گئے تھے۔یہاں تک کہ بڑے بڑے سپراسٹار بھی گھر پر بیٹھے ہوئے تھےلیکن فلم انڈسٹری سے وابستہ ایسے کئی افراد تھے جنہوں نے لاک ڈاؤن میں دیگر افراد کی مدد کا بیڑہ اٹھایا۔ معروف کوریو گرافر شبینہ خان نے لاک ڈاؤن میں ان افراد کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا جو غریب ہونے کی وجہ سے رقص نہیں سیکھ سکتے تھے۔ شبینہ خان نے اپنی چھوٹی ٹیم کی مدد سے ممبئی کی جھوپڑ پٹیوں سے باصلاحیت افرا د کا پتہ لگایا اورانہیں رقص کی تعلیم دی۔ انہوںنے ۴۰۰؍سے زائد ڈانسر تیار کئے اور وہ اب ان کے ساتھ ’ریئلیٹی اِن ریئلیٹی ‘ شو کا انعقاد کرنے والی ہیں۔  سلمان خان کی پسندیدہ کوریوگرافرشبینہ خان نے اپنے مشن کے بارے میں بتایا ’’سبھی نے لاک ڈاؤن میں تکالیف کو برداشت کیا اور میں بھی ان میں شامل تھی۔ اس وقت میرے ذہن میں خیال آیا کہ کیوں نہ میں ان افرادکو رقص سکھاؤ ں جو سیکھنا چاہتے ہیں لیکن ان کے پاس معقول سہولیات نہیں ہیں۔ میں نے اپنی ۳؍اسسٹنٹ کوریوگرافر کی ٹیم بنائی اور انہیں ممبئی کی جھوپڑ پٹی میں جاکر ایسے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے کہا۔ حالانکہ میری ٹیم نے دلجمعی سے کام نہیں کیا اور انہوںنے  ۱۰؍ویڈیو ز مجھے دکھائے ۔ میں ان ویڈیوز کو دیکھ کر دنگ رہ گئی اورمیں نے دل سے یہی سوچا کہ مجھے ایسے لوگوں کی مدد کرنی چاہئے۔ اس کے بعد میں نے دہیسر سے لے کر نیوی نگری  (قلابہ ) کے درمیان جتنی بھی جھوپڑ پٹیاں تھیں ان میں خود اور میری ٹیم کو بھیج کر ایسے ٹیلنٹ کی تلا ش کرنے لگی۔ اس دوران مجھے ایسی ایسی صلاحیتیں دیکھنے ملیں جس کا ذکر میں یہاں نہیں کرسکتی ۔ اس طرح میں نے ان سبھی کو یکجا کیا اور اس کے بعد انہیں اپنی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ دینی شروع کردی اور ۴۰۰؍سے زائد ڈانسرس  تیارکئے۔ ‘‘
 ریئلیٹی ان ریئلیٹی شو کے بارے میں کوریوگرافر شبینہ خان نے کہا’’اس ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں ممبئی پر توجہ دینا چاہتی ہوں اور جن ڈانسرس کو میں نے منتخب کیا ہے ان میں سے ۲۰؍بہترین ڈانسرس کو منتخب کرنا چاہتی ہوں۔ پہلے تو میں اسے یوٹیوب ، انسٹاگرام ، فیس بُک اور ٹویٹر پر پیش کرنا چاہتی ہوں۔ میرا منصوبہ ہے کہ ٹی وی چینل سے بھی رابطہ کروں لیکن فی الحال میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر توجہ دے رہی ہوں۔ اگلے راؤنڈ میں پورے مہاراشٹرکا احاطہ کرنے والی ہوںاور اس کی انکوائری کیلئے مجھے ابھی سے کال آرہے ہیں۔ ‘‘ کیا سلمان خان اسے سپورٹ کررہے ہیں ، کے سوال پر انہوںنے کہا’’۲؍روز قبل میں نے ان کے ساتھ ایک گیت شوٹ کیاتھااور اس وقت میں نے انہیں اس کے بارے میں زیادہ بتایانہیں ہے لیکن جب انہیں معلوم ہوگاکہ میں ایسا کچھ کررہی ہوں تو معلوم نہیں وہ کس پیمانہ پر ہماری مدد کریں گے۔ وہ کارخیر میں ہمیشہ آگے رہتے ہیں۔ لیکن میں نے جن فلمی شخصیات کے ساتھ کام کیاہے وہ میرے اس مشن کا پیغام عام کر رہی ہیں۔ ‘‘ اس شو کیلئے مالی امداد کے تعلق سے شبینہ خان نے کہا’’مجھے اس شو سے پیسہ نہیں کمانا ہے بلکہ ان افرادکو پیسہ کمانے لائق بنا نا ہے ۔ دسمبر اور جنوری میں نے اپنی طرف سے پور رقم لگائی تھی لیکن اب اس کے ساتھ ہی بی یو اسٹیوڈیو کی تیجل پمپلے بھی شامل ہوگئی ہیں اور انہوںنے ہمیں ایک ہال دیاہے۔ ہم یہ شو جیتنے والے کو سرٹیفکیٹ کے ساتھ مالی امداد بھی کریں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK