Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہرادون میں ’چھاتروں کی گونج‘ کی اجازت عین وقت پر منسوخ

Updated: July 16, 2026, 9:27 AM IST | Dehradun

راہل گاندھی کا طلبہ کیلئے احتجاجی مظاہرہ بنو اِسکول گراؤنڈ میں منتقل کرنا پڑا، کانگریس کا شدید احتجاج، انتظامیہ پر پریڈ گراؤنڈ میں دوسرا پروگرام جاری ہونے کےجھوٹے دعویٰ کا الزام۔

Congress state unit president Ganesh Goodial talking to the media during the protest at the parade ground. Photo: INN
پریڈ گراؤنڈ میں احتجاج کے وقت کانگریس کی ریاستی اکائی کے صدر گنیش گودیال میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

 پرچہ لیک، امتحانی بے ضابطگیوں اور نظام تعلیم میں درآئی خامیوں کے خلاف ۱۷؍جولائی کو دہرادون کے پریڈ گراؤنڈ میں راہل گاندھی کے پروگرام کی اجازت منسوخ  کئے جانے کے خلاف منگل کی رات پریڈ گراؤنڈ پر ہی کانگریس کی مقامی اکائی نے پُرزور احتجاج کیا اور انتظامیہ پر اجازت کی منسوخی کا جھوٹا جواز دینے کا الزام عائد کیا۔ اس کے ساتھ ہی ’’چھاتروں  کی گونج‘‘ کے عنوان سے  اپوزیشن لیڈر  کے پروگرام کو فوری طورپر بنو اسکول گراؤنڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ 
 اجازت کی منسوخی کیلئے ’’جھوٹ کا سہارا‘‘
 کانگریس نے پریڈ گراؤنڈ کو ۱۷؍ جولائی کے پروگرام کیلئے ۱۵؍ جولائی سے ہی بُک کرلیاتھا تاکہ پروگرام سے پہلے وہاں اسٹیج وغیرہ لگانے کا کام اطمینان سے کیا جاسکے۔تاہم عین وقت پر ضلع مجسٹریٹ آشیش چوہان کی جانب سے یہ کہتے ہوئےاجازت منسوخ کردی گئی کہ  پریڈ گراؤنڈ میں مرکزی حکومت کا ایک پروگرام۱۵؍جولائی کو ختم ہونا تھا، لیکن اسے۱۷؍جولائی تک بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے صفائی دی کہ انتظامیہ کا مقصد کسی بھی پروگرام کو روکنا نہیں ہے۔
’’سرکاری مشنری کاغلط استعمال‘‘
 دوسری طرف کانگریس کی ریاستی اور قومی اکائی نے   عین وقت پر اجازت کی منسوخی کو راہل گاندھی کی مہم سے بی جےپی کے خوف کے طور پر پیش کیا ہے۔پارٹی کی ترجمان  اور سینئر لیڈر سپریہ شرینیت نے  ایکس  پوسٹ کیا ہے کہ ’’دہرادون میں ۱۷؍ جولائی کو راہل گاندھی کا’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام ہونا ہے۔ اس کیلئے پریڈ گراؤنڈ کی اجازت حاصل کرکے ۱ء۷۷؍ لاکھ روپے فیس بھی جمع کرادی گئی تھی لیکن اچانک اجازت منسوخ کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہاں دوسرا پروگرام جاری ہے۔ تاہم جب دیر رات کانگریس کے لیڈر اور کارکن پریڈ گراؤنڈ پر پہنچے تو وہاں کوئی پروگرام نہیں ہو رہا تھا اور پورا گراؤنڈ خالی تھا۔‘‘ انہوں نے سوال کیا کہ ’’ بی جے پی راہل گاندھی سے اتنا خوفزدہ کیوں ہے؟‘‘  
پریڈ گراؤنڈ پر کانگریس کا دھرنا
   اتراکھنڈ کانگریس کے صدر گنیش گودیال نےالزام لگایا  ہے کہ ریاست کی بی جےپی حکومت کے دباؤ پر انتظامیہ نے راہل گاندھی کے پروگرام کی اجازت منسوخ کر دی ہے۔ پریڈ گراؤنڈ میں ہی دھرنا کے وقت میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ’’حکومت کا کہنا ہے کہ یہاں پہلے سے ایک پروگرام چل رہا ہے لیکن ہم میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو دکھانا چاہتے ہیں کہ یہاں ایسا کوئی پروگرام نہیں ہو رہا۔‘‘گودیال نے کہاکہ ’’سرکاری اہلکاروں نے حکومت کے دباؤ میں  اجازت واپس لی ہے، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت راہل گاندھی سے خوفزدہ ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی سہولت اور سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے اب یہ پروگرام بنّو اسکول گراؤنڈ میں منعقد کیا جائے گا۔  
کانگریس کی ۴۰؍ روزہ ملک گیر مہم 
 ’’چھاتروں کی گونج‘‘ پرچہ لیک، امتحانی بے ضابطگیوں اور بیروزگاری جیسے مسائل   کے خلاف کانگریس کی۴۰؍ روزہ ملک گیر مہم  ہے جس کا مقصد امتحانی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کرنا ہے۔کانگریس کے ریاستی جنرل سیکریٹری  راجندر سنگھ بھنڈاری  نے بتایا کہ  پارٹی   کے ریاستی ہیڈکوارٹرز میں۱۰؍ رکنی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو پروگرام کے انتظامات کی نگرانی  کرےگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK