سبھاش گھئی کی یادگار فلم ’تال‘ میں مانسی کے کردار کے لیے ایشوریہ رائے کا انتخاب اتنا آسان نہیں تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خود سبھاش گھئی ابتدا میں ایشوریہ کو اس کردار کے لیے موزوں نہیں سمجھتے تھے۔
EPAPER
Updated: September 06, 2026, 12:02 PM IST | Mumbai
سبھاش گھئی کی یادگار فلم ’تال‘ میں مانسی کے کردار کے لیے ایشوریہ رائے کا انتخاب اتنا آسان نہیں تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خود سبھاش گھئی ابتدا میں ایشوریہ کو اس کردار کے لیے موزوں نہیں سمجھتے تھے۔
سبھاش گھئی کی یادگار فلم ’تال‘ میں مانسی کے کردار کے لیے ایشوریہ رائے کا انتخاب اتنا آسان نہیں تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خود سبھاش گھئی ابتدا میں ایشوریہ کو اس کردار کے لیے موزوں نہیں سمجھتے تھے۔ انہیں لگتا تھا کہ مس ورلڈ بننے کے بعد ایشوریہ کی شناخت ماڈلنگ اور گلیمر کی دنیا تک محدود ہے، جبکہ ’تال‘ کی ہیروئن کے لیے ایک بہترین رقاصہ اور باصلاحیت اداکارہ درکار تھی۔ اسی کشمکش میں سبھاش گھئی نے معروف کوریوگرافر سروج خان سے مشورہ کیا کہ مادھوری دکشت کے علاوہ کون سی اداکارہ مشکل ڈانس نمبرز انجام دے سکتی ہے۔ سروج خان نے بلا تامل ایشوریہ رائے کا نام لیا۔ گھئی یہ سن کر حیران رہ گئے اور انہیں ایشوریہ کا تعلق ’کاسمیٹک ورلڈ‘ سے محسوس ہوتا تھا۔ بعد میں منی رتنم کی تمل فلم ’اِروور‘ دیکھنے کے بعد سبھاش گھئی کی رائے بدل گئی۔ انہیں ایشوریہ میں صرف ایک خوب صورت چہرہ نہیں بلکہ ایک باصلاحیت اداکارہ نظر آئی اور یوں انہیں ’تال‘ کی اپنی مانسی مل گئی۔ ۱۹۹۹ءمیں ریلیز ہونے والی ’تال‘ میں ایشوریہ نے سادگی سے گلیمر تک مانسی کے سفر کو عمدگی سے پیش کیا، جبکہ’رمتا جوگی‘ جیسے گیت میں ان کے رقص نے سروج خان کے انتخاب پر مہر ثبت کردی۔ سبھاش گھئی نے بعد میں ایشوریہ کی محنت اور فلم کے لیے ان کی مکمل وابستگی کی بھی بھرپور تعریف کی۔ یوں ’تال‘ کے پس پردہ ایک دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ جس ایشوریہ رائے کو سبھاش گھئی ابتدا میں اپنی ہیروئن کے طور پر دیکھنے سے ہچکچا رہے تھے، انہیں فلم میں لینے کا فیصلہ بالآخر سروج خان کے ایک مشورے اور منی رتنم کی فلم ’اِروور‘ نے کروایا۔