سیڑھی محض بانس ،لکڑی، لوہے یا الومینیم کی نہیں ہوتی ہے۔ آر سی سی کے مکان جہاں تعمیر کرتے ہیں وہاں سیڑھیاں بنانے کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ ایک منزل سے اوپر دوسرے منزل پر جاسکیں۔ صرف ایک دو منزلوں تک پہنچنے کے لئے نہیں بلکہ چھت پر پہنچنے تک سیڑھی بنائی جاتی ہے‘تاکہ ہر سال رمضان کی تشریف آوری اوررخصتی کا منظر دیکھ سکیں۔
سیڑھی محض بانس ،لکڑی، لوہے یا الومینیم کی نہیں ہوتی ہے۔ آر سی سی کے مکان جہاں تعمیر کرتے ہیں وہاں سیڑھیاں بنانے کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ ایک منزل سے اوپر دوسرے منزل پر جاسکیں۔ صرف ایک دو منزلوں تک پہنچنے کے لئے نہیں بلکہ چھت پر پہنچنے تک سیڑھی بنائی جاتی ہے‘تاکہ ہر سال رمضان کی تشریف آوری اوررخصتی کا منظر دیکھ سکیں۔ آج کل اشرف المخلوقات انسان کے دل ودماغ پر غم میاں بغیر سیڑھی کے چڑ کر بیٹھ جاتے ہیں۔اُنہیں اُتارنے کیلئے انسان اپنے گھر کی چھت تک جانے والی سیڑھی چڑ کر چھت پر پہنچ جاتا ہے۔ سیڑھی چند پائیدانوں کا نام نہیں۔سیڑھی کا پہلا پائیدان پیدائش اور آخری پائیدان موت ہوتا ہے۔ سیڑھی انسانی زندگی کے سفر کی ایک خاموش مگر بامعنی علامت ہے۔ سیڑھی ہمیںنیچے سے اوپرتک جانے کا راستہ تو دکھاتی ہے مگر ساتھ ہی یہ بھی سکھاتی ہے کہ بلندی تک پہنچنے کا ہر مرحلہ ایک امتحان ہے۔سیڑھی کا ہر پائیدان ایک تجربہ اورایک سبق ہے۔ کچھ لوگ اس سیڑھی کو صبر و محنت سے چڑھتے ہیں، جبکہ کچھ جلد بازی میں پھسل جاتے ہیں اور پھر وہی مقام ان کیلئے خواب بن جاتا ہے۔
سیڑھی کا ہر پائیدان ہمیں رک کر سوچنے کی دعوت دیتا ہے۔ کیونکہ اگر تیاری نہ ہو تو بلندی انسان کو سنبھالنے کے بجائے گرا دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض لوگ اونچائی پر پہنچ کر بھی عدم استحکام کا شکار رہتے ہیں، جیسے انہوں نے سیڑھی تو چڑھ لی مگر اس کا مفہوم نہ سمجھ سکے۔ یہ منظر اکثر سیاسی دنیا میں بڑی آب و تاب کے ساتھ دیکھنے کو ملتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:احسان کا سود
سیاسی لوگ اپنے مفادکیلئے عوام کو مذہب کے نام پر،ذات پات کے نام پر تقسیم کرکے نفرت اور عداوت کی خوشنما سیڑھی پرچڑھاتے ہیں۔ عوام بھی ’’دور کے ڈھول سہانے ‘‘ کے مترادف فورًا خیالی سیڑھی پر چڑھ جاتے ہیں۔ جب سیاسی لوگ وعدہ وفا نہیں کرتے تو ا س کے بعدعوام دلکش سیڑھی سے دھڑام سے گر کر درد بھری آواز میں خواجہ میرؔ درد کا شعرپڑھنے لگتے ہیں کہ’’ وائے نادانی کہ وقت مرگ یہ ثابت ہوا/خواب تھا جو کچھ کہ دیکھاجو سنا افسانہ تھا۔‘‘اس لئے کہتا ہوں‘ کسی کے وعدے اور اُمید والی فراہم کردہ شیخ چلی والی سیڑھی پر دیکھ بھال کر آپ اپنا قدم رنجہ فرمانا۔
کیا آپ کو معلوم ہے‘ سیڑھی کی سب سے بڑی خوبی کیا ہے؟ سیڑھی امیر و غریب، چھوٹے بڑے ، سب کیلئے یکساں ہے۔ نہ یہ کسی کا حسب نسب پوچھتی ہے، نہ ڈگریاں۔ جو بھی ہمت کرےیہ اسے اوپر لے جاتی ہے۔ البتہ شرط صرف یہ ہے کہ قدم سنبھال کر رکھے جائیں، ورنہ سیڑھی فوراً اپنی ناراضی کا اظہار کرتی ہے اور انسان کو زمین سے دوبارہ تعارف کروا دیتی ہے۔ سیڑھی ہمیشہ دو سمتوں کا راستہ ہوتی ہے ایک سمت اوپر کی طرف عروج اور دوسر ی سمت نیچے کی طرف یعنی زوال۔ انسان کی نیت، اس کا کردار اور اس کے اعمال طے کرتے ہیں کہ وہ کس سمت کا مسافر ہے۔ ایک ہی سیڑھی کسی کو بلندیوں تک لے جاتی ہے اور کسی کو گہرائیوں میں گرا دیتی ہے۔یہ بھی حقیقت ہے کہ ہر سیڑھی کسی دیوار کے سہار ے کھڑی ہوتی ہے۔ اگر وہ سہارا کمزور ہو تو سیڑھی بھی بے کار ہو جاتی ہے۔ اسی طرح انسان کی سیڑھی یعنی اس کی کامیابی بھی اصولوں، اخلاقیات اور یقین کے سہارے قائم رہتی ہے۔ سیڑھی ہمیں زندگی کا ایک اہم سبق بھی دیتی ہے کہ ہر بلندی تک پہنچنے کیلئے قدم بہ قدم چلنا پڑتا ہے ، اس کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔