Inquilab Logo

ناسک آرٹی او میں گزشتہ سال گاڑیوں کے رجسٹریشن کی تعداد میں ۱۹؍فیصد اضافہ

Updated: January 30, 2023, 2:22 PM IST | nashik

:ناسک ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او) نے ۲۰۲۱ءکےمقابلے ۲۰۲۲ء میں۱۹؍فیصدزیادہ گاڑیاں رجسٹرکیں، جو کووڈ ۱۹؍وبائی بیماری کے دو سال بعد گاڑیوںکی فروخت کےبڑھتے ہوئے رجحان کو ظاہر کرتی ہے۔

Large number of vehicles coming for registration at Nashik RTO; Photo: INN
ناسک آرٹی او میں بڑی تعداد میں گاڑیاں رجسٹریشن کیلئے آرہی ہیں; تصویر:آئی این این

 ناسک ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او) نے ۲۰۲۱ءکےمقابلے ۲۰۲۲ء میں۱۹؍فیصدزیادہ گاڑیاں  رجسٹرکیں، جو کووڈ ۱۹؍وبائی بیماری کے دو سال بعد گاڑیوںکی فروخت کےبڑھتے ہوئے رجحان کو ظاہر کرتی ہے۔آر ٹی او کے سینئر عہدیداروں نے بتایا کہ ناسک آر ٹی اونےگزشتہ سال گاڑیوں کے رجسٹریشن سےحاصل ہونے والی آمدنی۲۹۹ء۹؍کروڑروپے سےزیادہ تھی۔ ۲۰۲۱ء میں،  آرٹی اونے۲۲۴ء۹؍ کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی تھی۔
 ڈپٹی آر ٹی او واسودیو بھگت نے کہا کہ یکم جنوری ۲۰۲۲ءسے۳۱؍دسمبر ۲۰۲۲ءتک گاڑیوں کے رجسٹریشن کی تعداد ناسک آر ٹی او میں ایک لاکھ کے ہندسے سے صرف چند سو کم تھی۔۲۰۲۱ءمیں رجسٹرڈ۸۳؍ہزار ۳۰۶؍  گاڑیوں کے مقابلےناسک آر ٹی او نے پچھلے سال۹۹؍ہزار ۳۴۴؍گاڑیاں رجسٹر کیں۔پچھلے سال رجسٹر ہونے والی گاڑیوں میں، ۶۶؍ہزار ۹۳۱؍ یا ۶۷ء۴؍ فیصد موٹر سائیکلیں، سکوٹر اور موپیڈ تھیں۔ کووڈ۱۹؍پابندیاں مالی سال  ۲۰۔  ۲۰۱۹ءکےاختتام تک نافذ رہیں۔ ۲۰۔ ۲۰۱۹ء میں، ناسک آر ٹی او نےایک لاکھ ۵۴۲؍گاڑیاں رجسٹر کیں۔
 ڈپٹی آر ٹی او واسودیو بھگت نے کہا کہ گاڑیوں کا رجسٹریشن تیز رفتاری سے کووڈسےپہلے کےدور کے برابر ہوجائے گا۔جس کے نتیجے میں بہتر آمدنی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ گاڑیوں کی کل رجسٹریشن میں ای گاڑیاں بھی شامل تھیں۔  ۲۰۲۲ء میں، ناسک آر ٹی او نے ۵؍ ہزار ۴۹۰؍  ای-گاڑیاں رجسٹر کیں جبکہ  ۲۰۲۱ء میں صرف۸۷۸؍ای گاڑیاں ہی رجسٹر ہوئی تھیں۔آر ٹی او کے عہدیداروں نے بتایا کہ ای وہیکل کے زمرےمیں دو پہیہ گاڑیوں کی رجسٹریشن زیادہ تھی کیونکہ پچھلے سال رجسٹرڈ ای گاڑیوں کی کل تعداد میں ۴؍ہزار۹۴۷؍بائک اور اسکوٹر تھے۔
 آر ٹی او حکام نےکہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ساتھ، آنے والےبرسوںمیں زیادہ سے زیادہ لوگ ای-گاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔  عہدیداروں نے کہا کہ ایک بار جب پورے ضلع اور ریاست میں چارجنگ پوائنٹس کا مسئلہ حل ہوجائے گاتو زیادہ سے زیادہ لوگ ای گاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔۶۶؍ہزارسےزیادہ بائک اور اسکوٹرکے علاوہ، ناسک آر ٹی او نے گزشتہ سال  ۱۷؍ ہزار  ۵۷۳؍کاریں بھی رجسٹر کیں۔دو پہیہ گاڑیوں اور کاروں  (جنہیں لوگ اپنے نجی سفر کے لیے خریدتے ہیں)کے علاوہ ۶؍ہزار ۴۲۴؍ٹریکٹر بھی رجسٹر کیے گئے، جو ناسک ضلع میں مضبوط زرعی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔آر ٹی او حکام نے کہا کہ بدلتے وقت کے ساتھ کسان نہ صرف کھیتوں میں ہل چلانے بلکہ اپنی پیداوار کو منڈیوں تک پہنچانے کے لیے ٹریکٹر خرید رہے ہیں۔ناسک آر ٹی او کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ۲۰۲۱ء میں ۶؍ ہزار ۸۶۳؍ٹریکٹر رجسٹر ہوئے تھے۔دریں اثنا، گزشتہ سال ۸۹۹؍نئےآٹورکشا رجسٹرکیےگئےتھے جب کہ ۲۰۲۱ء میں ۸۹۲؍ رجسٹر ہوئےتھے۔ بہت سے لوگوں نے جو کووڈ پھیلنے کے بعد اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، روزی کمانے کیلئے آٹورکشا خریدنا شروع کر دیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK