یونان کا اب تک کا بدترین ٹرین حادثہ ،علاقے کے اسپتالوں کو علاج معالجہ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت
EPAPER
Updated: March 02, 2023, 3:09 PM IST | Athens
یونان کا اب تک کا بدترین ٹرین حادثہ ،علاقے کے اسپتالوں کو علاج معالجہ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت
وسطی یونان میں منگل کی دیر رات ایک مسافرٹرین اور مال گاڑی کے درمیان تصادم میں کم از کم ۳۶؍افراد ہلاک اور ۸۵؍ دیگر زخمی ہو گئےجنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق بدھ کی شام فائر سروسیز کے ترجمان نے تصدیق کی کہ حادثہ دارالحکومت ایتھنز اور تھیسالونیکی کے درمیان اس وقت پیش آیا جب ۳۵۰؍مسافروں سے بھری ایک مسافر ٹرین ایتھنز سے تقریباً ۲۳۵؍میل شمال میں ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہاب تک کم از کم ۳۶؍افراد مردہ پائے گئے ہیں، مسافروں کی اکثریت کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے، پھنسے ہوئے مزید افراد کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ دریں اثنا ءمیڈیا رپورٹس میں قومی نیوز چینل ای آر ٹی کے حوالے سے بتایا گیا کہ زخمیوں میں سے ۲۵؍کی حالت نازک ہے اور انہیں علاج کیلئے قریبی اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ملک کی قومی خبر رساں ایجنسی اے ایم این اے کے مطابق ایتھنز سے شمالی شہر تھیسالونیکی جانے والی ایک مسافر ٹرین یونان کے چوتھے بڑے شہر لاریسا کے قریب ایوینجلیسموس علاقے میں کارگو ٹرین سے ٹکرا گئی۔ زوردارٹکر کے بعد کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور کم از کم ۳؍میں آگ لگ گئی۔تھیسلی کوسٹاس اگوراسٹوس کے علاقائی گورنر نے ای آر ٹی کو بتایا کہ ٹکرسے ویگن۱؍ اور ۲؍ مکمل طور پر تباہ ہوکر بکھر گئے۔ بعدازاں امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیںاور علاقے کے اسپتالوں کو تیار رہنے کی ہدایت دی ۔ خبر لکھے جانے تک امدادی کارکن مسافر ٹرین کے ملبہ سے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کر رہے ہیں۔
مقامی میڈیا اس حادثے کو یونان کا اب تک کا بدترین ٹرین حادثہ قرار دے رہا ہے۔ حادثے کے بعد حکومت کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ۔ یونان کے وزیر صحت تھانوس پلیورس نے جائے حادثہ کا دورہ کیا جبکہ وزیر داخلہ تاکیس تھیوڈوریکاکوس ’کرائسز مینجمنٹ سینٹر‘ کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔