Inquilab Logo

گھاٹکوپر کی کمرشیل بلڈنگ میں آتشزدگی ، ایک ہلاک ،۱۰؍ افراد زخمی

Updated: December 18, 2022, 10:52 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

۲؍کی حالت نازک،قریب واقع پاریکھ اسپتال کے مریض دیگر اسپتالوں میں منتقل، ایک خاتون لاپتہ ، بلڈنگ میں نیٖٹ کی تیاری کرانے والے کلاسیز کے ۲۲؍ طلبہ کو بچایا گیا

Fire brigade personnel can be seen trying to control the fire
فائر بریگیڈ اہلکاروں کو آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے

یہاں ایک کمرشیل بلڈنگ میں اچانک لگنےوالی آگ کی زد میں آکر ایک شخص  ہلاک اور۱۰؍ افراد زخمی ہوگئےہیں۔اسپتال میں زیر علاج زخمیوںمیںسے ۲؍کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ایک خاتون حادثہ کے بعدسےلاپتہ ہے اور کئی طلبہ کو لوگوں نے کلاسس  سے بحفاظت باہرنکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا ۔ پولیس نے حادثاتی معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ 
 گھاٹ کوپر کے مشرقی جانب  ریلوے اسٹیشن کے قریب جوہار روڈ پرمادھو کنج نامی ۷؍ منزلہ عمارت ہے۔ جس میںنیٹ امتحان کے کلاسس ، کلینک اور بچوں کا اسپیشلسٹ اسپتال کےعلاوہ تجارتی دفاتر اور بلڈنگ کے گراؤنڈ فلو رپر ہوٹل اورکپڑوں وغیرہ کی دکانیں ہیں ۔ سنیچر کو دوپہر تقریباً پونے ۲؍بجے اچانک بلڈنگ کے میٹر بکس میںآگ لگ گئی اوردیکھتے ہی دیکھتے آگ  نےتیزی کے ساتھ پوری بلڈنگ کو اپنی زدمیںلےلیا۔بلڈنگ کے پانچویں منزلے پرواقع نیٹ کے ایک کلاسیزمیں ۱۸؍ سے ۱۹؍ سالہ ۳۰؍ طلبہ پھنس گئے تھے جنہیں اس بلڈنگ میں ایک آفس کے مالک نے ٹیریس کے راستہ باہرنکالا۔
  مادھو کنج اپارٹمنٹ میں تجارتی آفس کے مالک  نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پربتایا کہ ان کی مدد سے بلڈنگ میں نیٹ کے امتحان کی تیاری کرنے والے ۲۲؍ بچوں کو بچایاگیالیکن ان کے یہاں کام کرنے والے ڈیڈیا کو وہ نہیں بچاسکے۔انھوں نے مزید کہا کہ مادھو اپارٹمنٹ سے ملی ہوئی  بلڈنگ میںپاریکھ اسپتال  واقع ہے۔ جس میں ۲۷؍مریض زیر علاج تھے۔ ان میں سے بائی پاس، انجیوپلاسٹی ، انجیوگرافی اور دوسرے امراض کے مریض شامل تھے۔آتشزدگی کے دوران ڈاکٹروں،نرسوں  کے ساتھ ۲۷؍ مریضوں کو آکسیجن اور دواؤں سمیت بلڈنگ سےنکال کر ایمبولینس کے ذریعہ گھاٹ کوپر اور چمبور کے متعدداسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے ۔     
 فائربریگیڈکےایک افسر نے بتایا کہ آگ کی زد میں آکر جھلس جانے کی وجہ سےکوشال  ڈیڈیانامی شخص کی موت واقع ہوگئی جبکہ نیٹ امتحان کی تیاری کرنے والے سیٹھیا نامی ۱۹؍ سالہ طالب علم کی  دم گھٹنے کی وجہ سے حالت نازک ہوگئی  اوراسے علاج کیلئے گھاٹ کوپر کے راجا واڑی اسپتا ل میںداخل کیاگیاہے۔
  اسی طرح جھلسی  ہوئی خاتون کو  نوی ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ایک خاتو ن حادثہ کے بعدسے لاپتہ ہے۔  انھوں نے  مزید  بتایا کہ فائر بریگیڈ کے۱۵؍ فائر انجن، پانی کےٹینکر اور ایمبولینس کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔البتہ جائے وقوع پرپہنچنے کیلئے چھوٹی سڑکوں اور ٹریفک کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔اب تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہےاور ابتدائی جانچ میں بتایا جارہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی تھی ۔ 
 اس سلسلے میں پنت نگر پولیس اسٹیشن کے ایک انسپکٹر نےبتایا کہ آتشزدگی کے دوران۱۰؍افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے اور اس میں ۴؍پولیس اہلکار اور ایک فائر بریگیڈ اہلکاربھی شامل ہے،ان کا بھی علاج جاری ہے ۔ پولیس نےحادثاتی معاملہ درج کرکے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے ۔ 

ghatkopar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK