Inquilab Logo

گھاٹ کوپر کا طالب علم پکنک منانے کے دوران بشی ڈیم میں ڈوب گیا

Updated: October 28, 2022, 10:37 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

اہل خانہ صدمہ سے نڈھال ۔ رمابائی کالونی میں واقع انگریزی میڈیم اسکول کے ۷ ؍ طلبہ ٹیچر کے ہمراہ لوناولہ گئے تھے

The school where Rohan Lahot studied
وہ اسکول جہاں روہن لاہوٹ زیرتعلیم تھا۔(تصویر: انقلاب)

: یہاں ایک گھر میں دیوالی کی خوشی اس وقت  ماتم میں تبدیل ہوگئی جب اہل خانہ کو پتہ چلا کہ ان کا  ۱۸؍سالہ بیٹا پکنک منانے کے دوران ڈیم میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا ۔ اطلاع کے مطابق  رمابائی کالونی میں واقع ایک انگریزی میڈیم اسکول کے ۷؍ طلبہ اپنے ٹیچر کے ہمراہ پکنک منانے لوناولہ گئے تھے جہاں یہاں حادثہ پیش آیا۔پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔
 گھاٹ کوپر کے مشرقی جانب ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے سے متصل  رمابائی کالونی کے پریہ درشنی نگر میں رہنے والا ۱۸؍ سالہ روہن لاہوٹ اسی علاقے کے جوئے میکس انگلش ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں دسویں جماعت کا طالب علم تھا ۔ دیوالی  کی چھٹیاں شروع ہوتے ہی ۲۲؍ اکتوبر کو وہ اسکول کے ٹیچر امیت پانڈے اور دیگر۶؍طلبہ کے ساتھ ماتھیران پکنک منانے کیلئے گیا تھا۔ روہن کے والد جوگیندر لاہوٹ (۴۰) نے اس بارے میں اس نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ  اسکول کے ٹیچر امیت پانڈے اور ۷؍طلبہ یہاں سے تفریح کیلئے نکلے تھے۔  ٹیچر اور تمام طلبہ نوی ممبئی میں واقع نیرول میں خالی فلیٹ میں  ٹیچر کے   ساتھ ٹھہرے اور ماتھیران جانے کا ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے انھوں نے ارادہ بدل کر تفریح کیلئے لوناولہ جانے کا فیصلہ کیا ۔ لوناولہ جانے کے بعد وہ بدھ کی دوپہر بشی ڈیم  پہنچے  ا ور پانی میں نہانے کیلئے تمام طلبہ اور ٹیچر ڈیم  داخل ہوئے۔ اسی دوران تقریباً ۱۶؍ فٹ کی گہرے پانی میں روہن چلا گیا اور تیراکی نہ آنے کی وجہ سے ڈوبنےلگا ۔
 روہن کے والد نےنمناک آنکھوں سے کہا کہ میرا بیٹا ان تمام طلبہ اور ٹیچر کے سامنے ڈوبتے ہوئے شور مچارہا تھا لیکن ان میں سے کسی کو تیراکی نہیں آتی تھی جس کی وجہ سےوہ اسے بچانہ سکے اور ان کی آنکھوںکے سامنے وہ ڈوب گیا ۔ شور وغل ہونے پر ۲؍ افراد بھی روہن کو بچانے کیلئے  وہاں آئے لیکن گہرائی کا اندازہ لگانے کے بعدان کی بھی  ڈیم میں داخل ہونے کی ہمت نہیں ہوئی۔  جمعرات کو دوپہر تقریباً ایک بجے اسی علاقے میں ا س کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ 
 اس سلسلے میں’  جوئے میکس انگلش ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج ‘ کی ٹرسٹی اور پرنسپل نے کہا کہ ٹیچر امیت پانڈے کی بھی  اس میں غلطی ہے کہ وہ بغیر اسکول کو بتائے کئی دنوں کیلئے طلبہ کے ساتھ  پکنک  گئے ۔اس کے علاوہ حادثہ کے بعد سے اب تک انھوں نے اسکول کو بھی اس کی خبر نہیں دی۔اسکول انتظامیہ کو دیگر ذرائع سے حادثہ کی خبر ملی۔ اس لئے ٹیچر کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج کے بعد سے کسی بھی طالب علم کو بغیر سرپرست پکنک پر جانے کی اجازت نہیں دے جائے گی ۔ اگر اسکول کو بتایا گیا ہوتا کہ طلبہ کئی دنوں کیلئے پکنک منانے جارہے ہیں تو ہم قطعی طور پران کے والدین کے بغیر اس کی اجازت نہیں دیتے ۔اس کے علاوہ اب کسی بھی حالت میں بچوں کو پکنک ایسی جگہ پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی جہاں تالاب اور ڈیم وغیرہ میں نہانے کی بھی جگہ ہو ۔  پرنسپل  کے مطابق حادثہ کے بعد سے روہن کے ساتھ جانے والے طلبہ کافی ڈرے سہمے اور صدمے سے نڈھال  ہیں۔

ghatkopar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK