Inquilab Logo

مرکزی کابینہ میں اچانک ردوبدل،کرن رجیجو کو ہٹایا گیا

Updated: May 19, 2023, 10:06 AM IST | new Delhi

وزارت قانون سے ہٹا کر ارتھ سائنس کا قلمدان سونپ دیاگیا، پارلیمانی امور کے وزیر ارجن میگھوال کو وزارت قانون کا آزادانہ چارج، مودی کے اچانک فیصلے پر قیاس آرائیاں

After being removed from the Law Ministry, Union Minister Kiran Rijiju handed over his duties to Minister of State Arjun Meghwal on Thursday. Rijiju has received the relatively insignificant ministry of Earth Science. (Photo: PTI)
مرکزی وزیر کرن رجیجو نے وزارت قانون سے ہٹائے جانے کےبعد جمعرات کو اپنی ذمہ داریاں  وزیر مملکت ارجن میگھوال کو سونپ دیں۔اس موقع پر بطور مبارکباد انہوں نے انہیں  گلدستہ بھی پیش کیا۔ رجیجو کو ارتھ سائنس کی نسبتاً غیر اہم وزارت ملی ہے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 مرکزی کابینہ میں بدھ کو اچانک ردوبدل کرتے ہوئے وزارت قانون  سے کرن رجیجو کو ہٹا  دیاگیا۔انہیں ارتھ سائنس کی وزارت سونپتے ہوئے  ثقافت اور پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال کو  وزارت قانون کا آزادانہ چارج دے دیاگیا۔ راجستھان  سے تعلق رکھنے والے میگھوال کو وزارت قانون    کا قلمدان سونپے جانے کو جہاں راجستھان میں   اسی  سال کے اواخر میں ہونےوا لے اسمبلی الیکشن  سے جوڑ کر دیکھا جارہا ہے وہیں اس اہم وزارت سے کرن رجیجو کو ہٹانے کی وجوہات پر بھی قیاس آرائیاں شرو ع  ہوگئی ہیں۔  ایک قیاس یہ ہے کہ یکساں  سول کوڈ کے نفاذ  کے تعلق سے پیش رفت میں وزارت قانون کی  سست رفتاری ان کی اس کی تنزلی کا سبب بنی ہے۔ 
میگھوال کووزارت قانون کا آزادانہ چارج
 جمعرات کو    راشٹرپتی بھون سے جاری کئے گئے  ایک بیان میں اعلان کیاگیا کہ   وزیراعظم مودی  کے مشورے کے مطابق صدرجمہوریہ  نے یونین کونسل میں وزراء کے درمیان بعض محکموں کے دوبارہ مختص کرنے کی ہدایت دی ہے۔کرن  رجیجو کو ارتھ سائنسز کی وزارت کا چارج دیا گیا ہے  جبکہ میگھوال کو ان کے موجودہ قلمدان کے  ساتھ ہی  رجیجو کی جگہ قانون اور انصاف کی وزارت میں وزیر مملکت کے طور پر آزادانہ چارج  دیا گیا ہے۔راشٹرپتی بھون کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سفارش پر صدر دروپدی مرمو نے ایس پی سنگھ بگھیل کو وزارت قانون و انصاف کی جگہ صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت میں وزیر مملکت مقرر کیا ہے۔
 وزارت قانون اور عدلیہ میں ٹکراؤ
   خیال رہے کہ عدالتی تقرریوں کے حوالہ سے رجیجو اور سپریم کورٹ میں لگاتار اختلافات چل رہے تھے اور وہ۷؍  جولائی۲۰۲۱ء کو وزیر قانون بنے تھے۔ اس وقت وہ  وزیر کھیل اور اقلیتی امور کے وزیر مملکت  تھے۔  بی جے پی کے سینئر لیڈر روی شنکر پرساد کے استعفیٰ کے بعد  انہیں یہ ذمہ داری ملی تھی۔وزیر قانون کی حیثیت سے، رجیجو سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججوں کی تقرری کے کالجیم نظام پر تنقید کرنے میں  پیش پیش تھے۔ انہوں نے اس نظام کو   آئین سے مختلف قرار دیا اور کہا کہ اسے ملک کے عوام کی حمایت حاصل نہیں ہے۔   انہوں نے کچھ بدزبانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے  کچھ ریٹائرڈ ججوں کو  ہندوستان مخالف گینگ کا حصہ ہیں بھی قراردیا۔  
 چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا
 وزارت قانون سے اپنی رخصتی  کے موقع پر انہوں نے چیف جسٹس آف انڈیا ، سپریم کورٹ کے دیگر ججوں اور وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔  وزارت قانون سے انہیں  ہٹائے جانے   کے تعلق سے بی جےپی کے ایک لیڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اس کی وجہ  عدلیہ سے مسلسل ٹکراؤ  ہوسکتی ہے۔ دوسری طرف ارجن رام میگھوال جنہوں نے  جمعرات کو ہی وزارت قانون کا قلمدان سنبھال لیا، نے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK