Inquilab Logo

بیسٹ کے بجلی صارفین کیلئے ’اڈانی‘ کااسمارٹ میٹر

Updated: October 21, 2022, 7:43 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بجلی کا یہ نیا میٹر لگنے سے صارفین استعمال کی گئی اپنی بجلی پر آن لائن نظر رکھ سکیں گے۔پری پیڈ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی

Adani company will also be responsible for maintaining the smart meter for 90 months after installing it.
اسمارٹ میٹر لگانے کے بعد ۹۰؍ مہینوں تک اس کی دیکھ ریکھ کی ذمہ داری بھی اڈانی کمپنی کی ہوگی۔

 برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بیسٹ)  کے  بجلی صارفین کیلئے ’اسمارٹ میٹر‘ لگانے کا ٹھیکہ اڈانی کمپنی کو مل گیا ہے۔ اس کمپنی کو آئندہ ۳۰؍ مہینوں میں ۱۰؍ لاکھ ۸۰؍ ہزار میٹر لگانے ہیں اور اسی مدت میں نئے میٹر سے متعلق بنیادی ڈھانچہ اور دیگر سہولیات بھی فراہم کرنی ہیں۔ اس کے بعد ۹۰؍ مہینوں تک نئے اسمارٹ میٹر کے دیکھ ریکھ کی ذمہ داری بھی اڈانی کمپنی ہی کی ہوگی۔ 
 ’ایڈوانسڈ میٹر انفرا اسٹرکچر‘ کے اس پروجیکٹ کے تحت ’اڈانی ٹرانسمیشن لمیٹڈ‘  بیسٹ کمپنی جو پورے ممبئی شہرکو بجلی فراہم کرتی ہے ، کے صارفین کو نئے اسمارٹ میٹر لگاکر دے گی۔ اس میٹر  سے صارفین کے ذریعہ استعمال کی جانے والی بجلی کے حساب کتاب کے لئے انسانی دخل اندازی کی ضرورت نہیں رہ جائے گی۔ اس کے علاوہ یہ میٹر لگنے کے بعد بیسٹ کے صارفین خود آن لائن یہ دیکھ سکیں گے کہ وہ کتنی بجلی کس وقت استعمال کررہے ہیں اور جہاں ضرورت محسوس ہوگی وہ بجلی بل یا دیگر معاملات سے متعلق کمپنی سے اپنی شکایت بھی کرسکیں گے۔
  اسمارٹ میٹر لگنے پر صارفین موبائل فون کی طرز پر ’پری پیڈ‘ ( پیسوں کی پیشگی ادائیگی) کی بنیاد پر بھی بجلی سپلائی حاصل کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ ’نیٹ میٹرنگ‘ کے ذریعہ ہائوسنگ سوسائٹیوں اور تجارتی عمارتوں کو چھت یا ’ٹیریس‘ پر ’سولار انرجی‘ (شمسی توانائی) سے بجلی حاصل کرنے کی سہولت بھی مہیا کرائی جاسکے گی۔اس میٹر کی مدد سے بیسٹ کمپنی کے افسران بجلی بل ادا نہ کرنے والے صارفین کی بجلی سپلائی اپنے دفتر میں بیٹھے بیٹھے منقطع کرسکیں گےا ور بل ادا ہونے پر وہیں سے بجلی سپلائی  بحال کی جاسکے گی۔
 اسمارٹ میٹر لگنے کے بعد بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی دن کے کسی بھی حصہ میں ’صارف دوستانہ کرایہ‘ طے کرکے بجلی کے استعمال پر مخصوص چارج طے کرسکتی ہے جس سے وسیع پیمانے پر صارفین کو سہولت کے ساتھ بجلی فراہم کی جاسکے گی۔
 اس پروجیکٹ پر ۱۳۰۰؍کروڑ روپے کا تخمینہ  ہے۔  ذرائع کے مطابق اڈانی کمپنی جلد ہی اس پروجیکٹ پر کام شروع کرے گی اور پہلے مرحلے میں ۲۰۲۳ء کے اخیر تک بیسٹ کے تقریباً ۷؍ لاکھ صارفین کے پرانے میٹر اسمارٹ میٹر سے تبدیل کردیئے جائیں گے۔
 واضح رہے کہ ماضی میں اڈانی گروپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ بجلی کے اسمارٹ میٹر میں ۵۰۰؍کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے والے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK