Inquilab Logo

سیسودیا سے سی بی آئی کے بعد اب ای ڈی کی پوچھ تاچھ، ۲؍ دنوں تک تفتیش کا امکان

Updated: March 08, 2023, 11:35 AM IST | New Delhi

دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ کی پریشانیاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں

Former Delhi Deputy Chief Minister Manish Sisodia in police custody (Photo: PTI)
پولیس کی حراست میں دہلی کےسابق نائب وزیراعلیٰ منیش سیسودیا (تصویر: پی ٹی آئی)

 دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ کی پریشانیاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ سی بی آئی کے بعد اب ای ڈی  نے شکنجہ کسا ہے۔ منگل کو اس سلسلے میں صبح تقریباً  ساڑھے ۱۱؍ بجے ای ڈی  نے شراب گھوٹالے میں گرفتار منیش سیسودیا سے تہاڑ جیل میںپوچھ تاچھ کا آغاز کیا ہے جو  رپورٹ تحریر کئے جانے تک جاری تھی۔میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی سابق وزیراعلیٰ  سے تفتیش کر رہی ہے اور پوچھ تاچھ کا یہ سلسلہ آئندہ دو دنوں تک جاری رہنے کی امید ہے۔ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اس کے بعد۹؍ مارچ کو ای ڈی بھی سیسودیا کو گرفتار کر سکتی ہے۔
 دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اس پرسخت برہمی کااظہار کیا ہے اور مرکزی حکومت کو نشانہ بھی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں  اچھا کام کرنے والوں کو جیل پہنچایا جارہا ہے اور ملک کو کھوکھلا کرنے والوں کا ساتھ دیا جارہا ہے۔ ان کا اشارہ گوتم اڈانی کی جانب تھا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئےکہا کہ ایک ایسے ملک کا وزیر اعظم جو اچھی تعلیم اور علاج فراہم کرنے والوں کو جیلوں میں ڈال دے اور ملک کو لوٹنے والوں کا ساتھ دے تو یہ انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ منیش سیسودیا اور ستیندر جین کی گرفتاری سے پریشان نہیں ہیں لیکن وہ ملک کے حالات سے ضرور پریشان  ہیں۔  انہوں نے کہا کہ منیش سیسودیا نے ملک کو اچھی تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کی جبکہ ستیندر جین نے ملک کو ایک بہترین صحت کا ماڈل دیا۔  انہوں نے کہا کہ دوسری طرف ایک ایسا شخص بھی ہے جس نے ملک کو لوٹا ہے، لیکن آج وزیر اعظم مودی اس شخص کے ساتھ ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ آزادی کے۷۵؍ سال بعد ایک شخص آیا جس نے سرکاری اسپتالوں کی حالت بدل دی۔ ہر گلی میں محلہ کلینک بنا کر ہر گھر تک اچھا اور مفت علاج پہنچایا۔ دوسری طرف ایک ایسا شخص ہے جس نے ہندوستان کے عوام کے خون پسینے کی کمائی کے اربوں روپے لوٹ لئے۔ اس نے بینکوں اور ایل آئی سی کا پیسہ بھی ڈبو دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس پر افسوس اور تشویش کااظہار نہ کیا جائے تو کیا کیا جائے کہ وزیر اعظم مودی نے منیش سیسودیا اور ستیندر جین جیسے محب وطن لوگوں پر جھوٹے مقدمات لگا کر انہیں جیل میں ڈال دیا اور ملک کو لوٹنے والے کو گلے لگا لیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK