اے راجا نے سناتن دھرم کا موازنہ جذام اور ایچ آئی وی جیسی خطرناک بیماریوں سے کیا ،اس پرمرکزی کابینہ کو بحث کا چیلنج بھی دیا
EPAPER
Updated: September 08, 2023, 8:58 AM IST | Chennai
اے راجا نے سناتن دھرم کا موازنہ جذام اور ایچ آئی وی جیسی خطرناک بیماریوں سے کیا ،اس پرمرکزی کابینہ کو بحث کا چیلنج بھی دیا
ادئے ندھی اسٹالن کے بعد ڈی ایم کے کے ایک اور سینئر لیڈر اے راجا کے سناتن دھرم کے تعلق سے متنازع تبصرہ پر شدید ہنگامہ ہے۔تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کے بیٹےادئے ندھی اسٹالن نے سناتن دھرم کا موازنہ ڈینگو ملیریا جیسی بیماریوں سے کرتے ہوئے اس کے خاتمہ کی وکالت کی تھی جبکہ اے راجا نے اس سے شدید تبصرہ کیا ہے۔ ایک عوامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئےاے راجا نے کہا کہ’’ادئے ندھی اسٹالن نےسناتن دھرن کے تعلق سے نرم ا لفاظ کااستعمال کرتے ہوئے کہا کہ اسے ڈینگواور ملیریا کی طرح ختم کردیاجانا چاہئےجبکہ ان بیماریوںکو سماج میں خطرناک یا بری بیماریاں نہیں سمجھا جاتا۔میں ایمانداری سے کہوں توجذام اور ایڈز(ایچ آئی وی ) وہ بیماریاں ہیں جنہیںسماجی طورپر بھی برا سمجھا جاتا ہے اورسناتن دھرم کا موازنہ بھی ایسی ہی بیماریوںسے کیاجانا چاہئے۔‘‘ اے راجا نےاس تعلق سے پوری مرکزی کابینہ کو بحث کا بھی چیلنج کردیا۔واضح رہےکہ سناتن دھرم پر ادئے ندھی اسٹالن کے تبصرہ کے بعد وزیر اعظم مودی نے گزشتہ روز مرکزی وزراء کی کونسل کے ساتھ ایک میٹنگ کی تھی جس میںانہوں نے وزراء کو مشورہ دیا تھا کہ سناتن دھرم پر تنقید وں کا مناسب جواب دیاجائے ۔
ہندوؤں کی توہین اور بے عزتی ہورہی ہے
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے سناتن دھرم کے خلاف دیے جانے والے بیانات پر جمعرات کو سخت اعتراض ظاہر کیا اور کہا کہ ووٹ بینک کی سیاست کی وجہ سے ہندوؤں کی توہین اور بے عزتی ہو رہی ہے۔بی جے پی کے قومی ترجمان اور سابق مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے جمعرات کو پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقد ہ ایک پریس کانفرنس میں کانگریس کو گھیر لیا اور سوال کیا کہ کیا ہندو عقیدے کو بدنام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے؟ بار بار ہندو اور سناتن دھرم کی بات کیوں کی جا رہی ہے؟ ان لوگوں کو اس کا جواب دینا چاہیے۔ پرساد نے کہا کہ ڈی ایم کے کے اُدے ندھی کے بعد اے کے راجا نے بھی سناتن دھرم کی توہین کی۔ انہوں نےسونیا گاندھی کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ راہل گاندھی ہندو مذہب کو کتنا سمجھتے ہیں!
ہم سناتن دھرم پر کیے گئے تبصروں سے متفق نہیں
کانگریس نے سناتن دھرم کے سلسلے میں اپوزیشن پارٹیوں کےا تحاد ’انڈیا ‘ میں شامل ڈی ایم کے لیڈر ادئے ندھی اسٹالن کے بیان سے خود کو الگ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ایسے تبصروں سے اتفاق نہیں کرتی۔جمعرات کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے کہا کہ کانگریس تمام مذاہب کو ساتھ لے کر چلتی ہے اور کسی کو کم تر سمجھنے کے خلاف ہے۔ آئین اس طرح کے تبصروں کے خلاف ہے اور کانگریس کی بھی ہمیشہ سے تمام مذاہب کا احترام کرنے کی روایت رہی ہے۔