Inquilab Logo

احمدنگر: ۴؍ دلتوں کو درخت سے الٹا لٹکا کر لاٹھیوں سے پیٹا گیا، ۴؍ افراد گرفتار

Updated: August 29, 2023, 12:54 AM IST | ahmednager

بکری اورکبوترچوری کا شبہ تھا۔ گاؤں والوں نے اس واقعہ کیخلاف بند منایا۔ کانگریس نے ا سے بی جے پی کے ذریعے ’نفرت‘ پھیلانے کا نتیجہ قرار دیا۔ این سی پی نے اسے حکومت کی ناکامی بتایا۔ مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے کا سخت کارروائی کا مطالبہ

Dalit youths were beaten up by hanging them from trees.
دلت نوجوانوں کو کچھ اس طرح درخت سے الٹالٹکا کر زدوکوب کیا گیا۔

یہاں گزشتہ روز ایک گاؤں میں ایک بکری اور کچھ کبوتر چوری کرنے کے شبہ میں ۴؍ دلتوں کو   درخت سے الٹا لٹکا دیا گیا اور ۶؍ افراد نے انہیںلاٹھیوں سے پیٹا۔ایک افسر نے بتایا کہ شری رام پور تعلقہ کے ہریگاؤں  میں پیش آنے والے واقعہ کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آیا  جس کے بعد پولیس نے ۲۶؍اگست کو اس حملے کے سلسلے میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا تھا جبکہ۵؍افراد   فرار  تھے جن میں سے ۳؍ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
 دی ہندو کی خبر کے مطابق  پولیس افسر نے  کہا کہ ۲۵؍اگست کو  گاؤں کے ۶؍ افراد کے ایک گروپ نے مبینہ طور پر۴؍ دلتوںکو جن میں  ۲؍ نابالغ ہیں، ان کے گھروں سے لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو ایک درخت سے الٹا لٹکایا گیا اور بکری اور کچھ کبوتر چوری کرنے کے شبہ میں لاٹھیوں سے پیٹا گیا۔انہوں نےیہ بھی  بتایا کہ ملزمین کی شناخت یوراج گلانڈے، منوج بوڈاکے، پپو پارکھے، دیپک گائیکواڑ، درگیش ویدیا اور راجو بوراج کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ ایک ملزم نے مبینہ طور پر حملے کی ویڈیو بنائی۔  زخمیوں کو بعد میں قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ متاثرین میں سے ایک شبھم ماگڑے نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے جس کے تحت تعزیرات ہند کی دفعہ ۳۰۷؍ (اقدام قتل ، دفعہ ۳۶۴؍ (اغواء) اور   دیگر متعلقہ دفعات اور درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ 
گاؤں میں بند منایا گیا 
 اس واقعہ کے خلاف اتوارکو شری رام پور تعلقہ کے ہریگاؤں  میں بند منایا گیا تھا۔  
’’یہ واقعہ انسانیت پر دھبہ ہے‘‘
 کانگریس نے اس واقعہ کو انسانیت پر ایک دھبہ قرار دیا ہے اور بی جے پی کے ذریعہ پھیلائی جارہی ’نفرت‘ کا نتیجہ قرار دیاہے۔مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ یہ واقعہ انسانیت پر دھبہ ہےاور مطالبہ کیا کہ تمام ملزموں کو سخت سزا دی جائے۔  
 نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی ) کے چیف ترجمان مہیش تاپسے نے حکومت پر دلتوں کی عزت نفس کے تحفظ میں ناکام ہونے کا الزام لگایا۔
مرکزی وزیر کا سخت کارروائی کا مطالبہ
 دریں اثناء مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے احمد نگر معاملے میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ناگپور میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے ریپبلکن پارٹی آف انڈیا(آر پی آئی) کے صدر اٹھاولے  نے کہا کہ یہ بہت سنگین   اور  افسوسناک واقعہ ہے۔ ہماری پارٹی اس کی مذمت کرتی ہے۔ ہم واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
سخت کارروائی کی جائے گی: نائب وزیراعلیٰ
 پونے میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار  سے پیر کو  احمد نگر ضلع کے   واقعہ کے بارے میں جب میڈیا کے نمائندوں نے سوال کیا تو انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جولوگ اس واقعہ کیلئے ذمہ دار ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں ہے۔  ا نہوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے اس واقعہ کے بارے میں اطلاع ملی ہے  کہ اس تعلق سے کیس درج کیا گیا ہے اور ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔‘‘

ahmednagar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK