ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے اس معاملے کے تناظر میں ریاستی و مرکزی حکومت کے طریقہ کار پر تنقید کی۔
EPAPER
Updated: March 30, 2026, 11:18 AM IST | Ali Imran | Akola
ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے اس معاملے کے تناظر میں ریاستی و مرکزی حکومت کے طریقہ کار پر تنقید کی۔
ضلع کے اَنوی مرزا پور گاؤں میں گیس ایجنسی کے سامنے سلنڈر کے لیے قطار میں کھڑے انوی مرزا پور کے سابق سرپنچ شنکر راؤ شرساٹ کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔ اس واقعہ پر روہنی کھڑسے نے ’ایکس‘ پر حکومت اور حکمراں پارٹی کی رکن اسمبلی چترا واگھ پر اُن کا نام لیے بغیر سخت تنقید کی۔ انہوں نے اپنے ایکس پر کیے گئے پوسٹ میں کہا کہ جس رکن اسمبلی خاتون نے کہا تھا کہ ’’سلنڈر بک کرو، ۲۵؍ دن میں مل جائے گا، انہیں شرساٹ خاندان سے معافی مانگنی چاہئے۔ جو لوگ کہتے ہیں کہ ریاست میں وافر گیس سلنڈر دستاب ہیں، انہیں یہ خبر دیکھ کر شرم آنی چاہیئے۔ ‘‘
یاد رہے کہ، کچھ دن پہلے، جب کانگریس کے اراکین اسمبلی کے احاطے میں احتجاج کر رہے تھے، تب بی جے پی رکن اسمبلی چترا واگھ نے کہا تھا کہ ۲۵؍دنوں میں گیس سلنڈر مل جائیں گے، گیس بک کرو۔
حاصل کردہ اطلاعات کے مطابق اکولہ ضلع کے انوی مرزا پور میں یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا ہے، جب گیس سلنڈر کے لیے کڑی دھوپ میں قطار میں کھڑے ایک معمر شخص اچانک بے ہوش ہوکر گر پڑے اور کچھ ہی دیر میں اُنکی موت واقع ہوگئی۔ تفتیش پرمعلوم کہ یہ بزرگ شخص انوی مرزا پور دیہات کے سابق سرپنچ شنکر راؤ شرساٹ ہے جو گیس ایجنسی کے سامنے سلنڈر کے حصول کیلئے قطار میں کھڑے تھے، اُنہیں اچانک چکر آئے اور وہ گر پڑے۔ بعد ازیں انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی۔ اس واقعہ سے علاقے میں انتظامیہ کے خلاف غم و غصہ کا ماحول ہے اور اس المناک واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
گیس سلنڈر کے لئے لوگوں کی جان جانا قابلِ قبول نہیں :پرکاش امبیڈکر
ونچت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے ) کے سربراہ ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے ایل پی جی گیس کی فراہمی کے متعلق ریاستی و مرکزی حکومت کی منصوبہ بندی کی کمی پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس سلنڈر کی کمی کے بارے میں پہلے ہی اطلاع دی گئی تھی، اس کے باوجود حکومت نے مناسب منصوبہ بندی نہیں کی۔ اگر بروقت اقدامات کیے جاتے تو شنکر راؤ سرساٹھ کی جان بچائی جا سکتی تھی۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گیس سلنڈر کے لئے لوگوں کی جان جانا قابلِ قبول نہیں ہونا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات نہ ہوں۔ اس واقعے کے بعد انوی مرزا پور گاؤں میں غصے کا ماحول پایا جا رہا ہے اورگیس سپلائی کے حوالے سے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔