Inquilab Logo

نفرت کی آگ کو پیغام ِمحبت سے بجھانے کی تلقین

Updated: May 22, 2023, 11:05 AM IST | Saeed Ahmad Khan | CST

ملک کے موجودہ مخدوش حالات میں ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ انجمن اسلام میں جمعیۃ علماء کی مجلس منتظمہ کی آخری نشست میں پیغام۔ جمعیۃ کے ریاستی صدور اور سیکریٹریز نے کئی اہم تجاویز پیش کیں جن کی اراکین اور مندوبین نے ہاتھ بلند کر کے تائید کی

Important proposals were approved in the last meeting of the members of Anjuman-e-Islam.
انجمن اسلام میں اراکین منتظمہ کی آخری نشست میں اہم تجاویز منظور کی گئیں۔

جمعیۃ علماء ہند کی مجلسِ منتظمہ کی آخری نشست میں ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں مولانا سید ارشد مدنی نے یہ تلقین کی کہ پیغام محبت، امن و بھائی چارا گھر گھر تک پہنچایا جائے۔ نفرت کی آگ پیغام محبت سے ہی بجھے گی۔ مولانا نے یہ بھی کہا کہ ملک کے موجودہ مخدوش حالات کسی سے مخفی نہیں۔ ہمیں ان حالات میں پورے عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، نفرت کی دیواروں کو ڈھانا اور فرقہ پرستی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ 
 صدر جمعیۃ علماء ہند نے اراکین منتظمہ اور ملک بھر سے آنے والے مندوبین کو یہ پیغام دیا کہ ہم اپنے پڑوسیوں کا بلا تفریق مذہب خیال رکھیں۔ برادران وطن کے دکھ درد ، غمی اور خوشی میں شریک ہوں، انہیں اپنی تقریبات میں مدعو کریں۔  اگر ان کی جانب سے پہل نہیں کی جاتی ہے تو ہم خود پہل کریں۔ 
معاشرے میں پنپنے والی برائیوں کا خاتمہ 
 مولانا مفتی معصوم ثاقب (جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سیکریٹری) نے کہا کہ معاشرے میں پنپنے والی برائیوں کے خاتمے کیلئے ہم سب کو کوشش کرنی ہوگی۔ اصلاح معاشرہ کی مہم چلانی ہوگی، بے پردگی ، بے راہ روی ، نشے کی لت اور اس طرح کی دیگر برائیوں سے نوجوانوں کی حفاظت کے لئے منظم کوشش کرنی ہوگی۔ 
 مولانا نے یہ بھی یاد دلایا کہ یہ اس امت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اچھائیوں کا حکم دے اور برائیوں سے روکے، اس پر عمل کرنے سے معاشرے میں تبدیلی ممکن ہے اور اس کے خوشگوار نتائج برآمد ہوں گے۔
 دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم پر بھی توجہ ہو
  جمعیۃ علماء یوپی کے صدر مولانا اشہد رشیدی نے اس بات پر خاص توجہ دلائی کہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری علوم حاصل کرنے کی جانب ہماری توجہ ہو ۔ ذمہ داران فکر مندی کے ساتھ اس کا ایسا نظم کریں کہ دینی علوم حاصل کرنے والے عصری علم سے بھی آراستہ ہوں، یہ وقت کی ضرورت ہے۔ 
ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی
  اس موقع پر انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر  ظہیرقاضی نے مولانا ارشد مدنی سے ملاقات کی اور کہا کہ جمعیۃ علماء ہمارے بزرگوں کی امانت ہے، اس کی آبیاری کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمعیۃ کی جانب سے جو بھی مہم یا تحریک شروع کی جائے گی اس کی ہر ممکن تعاون کی انہوں نے یقین دہانی کروائی۔ 
 کئی اہم تجاویز اتفاق رائے سے منظور 
 ہجومی تشدد کے خلاف، بے قصور مظلوم مسلم نوجوانوں کی قانونی مدد، یکساں سول کورڈ کی مخالفت، جمہوریت اور سیکولرزم کی بقاء اور اس کا تحفظ  ، ہوش ربا گرانی کیلئے فوری اقدامات، فوت ہونے والے موقر علماء اور اہم شخصیات سے متعلق تعزیت، عصری اداروں کا قیام، قومی تعلیمی پالیسی کی مخالفت، اسرائیل کی جارحیت کی مذمت اور فلسطینیوں کے کاز کی حمایت، ترکی اور شام کے قیامت خیز زلزلہ متاثرین کی مدد اور ان بازآباد کاری وغیرہ سے متعلق اتفاق رائے سے تجاویز منظور کی گئیں۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف ریاستوں کے جمعیۃ علماء کے صدور اور سیکریٹریز نے یہ تجاویز پیش کیں۔ حاضرین نے ہاتھ بلند کرکے اس کی حمایت کی۔

CST Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK