Inquilab Logo

بیسٹ کے بجلی صارفین کیلئے جرمانہ اور سود سے بچنے کا موقع

Updated: February 28, 2023, 12:08 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بل ادا نہ کرنے پر جن گاہکوں کےبجلی کے میٹر نکال لئے گئے ہیں وہ ’ایمنسٹی اسکیم ۲۰۲۳ء‘ کا فائدہ اٹھاسکتے ہیں،۳۱؍مئی تک اسکیم جاری رہےگی

The customers whose meters have been removed for not paying the electricity bill can get the electricity supply restored by taking advantage of the amnesty. (File photo)
بجلی کا بل ادا نہ کرنے والے جن صارفین کے میٹر نکالے گئے ہیں وہ ’ایمنسٹی‘ کا فائدہ اٹھاکر دوبارہ بجلی سپلائی بحال کروا سکتے ہیں۔(فائل فوٹو)

: ’برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ‘ (بیسٹ) نے اپنے تمام بجلی صارفین کے لئے پیر کو ’ایمنسٹی اسکیم ۲۰۲۳ء‘ کا اعلان کیا ہے جس کے تحت یکم اکتوبر ۲۰۰۶ء سے ۳۱؍دسمبر ۲۰۱۹ء تک ایسے تمام صارفین، جن کے میٹر بل ادا نہ کرنے کی وجہ سےنکال لئے گئے ہیں، کے بجلی بل کے بقایاجات ۱۰۰؍ فیصد وصول ہونے پر سود اور تاخیر سے بل ادا کرنے کا جرمانہ معاف کردیا جائے گا۔
 بیسٹ نے پیر کو ایک پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں اس ’ایمنسٹی‘ (معافی) اسکیم کی اطلاع دی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت میٹر نکالے جانے کی تاریخ تک بقایاجات کی ادائیگی پر بل پر عائد سود اور دیر سے بل بھرنے کا جرمانہ معاف کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کا فائدہ ہر ’کٹیگری‘ (زمرے) کے صارفین کو ملے گا۔
 پریس ریلیز میں یہ بھی اطلاع دی گئی ہے کہ صارفین یکم مارچ ۲۰۲۳ء سے ۳۱؍ مئی ۲۰۲۳ء کے درمیان ۳؍ مہینوں تک اس اسکیم کا فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ البتہ اس سلسلے میں مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لئے لوگوں کو متعلقہ وارڈ کے ’ڈویژنل انجینئر‘ (کسٹمر کیئر) سے رابطہ قائم کرنے کو کہاگیا ہے۔
 واضح رہے کہ بیسٹ کے زیادہ تر صارفین ممبئی میں ہیں جن کی تعداد ۱۰؍ لاکھ سے زائد ہے۔ بیسٹ کے ذریعہ ممبئی واسیوں کو ۸۰۰؍سے ۹۰۰؍ میگاواٹ بجلی سپلائی کی جاتی ہے۔گزشتہ برس سے بیسٹ نے بجلی بل وقت پر ادا نہ کرنے والے گاہکوںکو میٹر نکالنے کا قدم اٹھانے سے ۱۵؍ دن قبل ’وجہ بتائو نوٹس‘ جاری کرنا شروع کیا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران بیسٹ نے بل کی رقم نہ ملنے کی وجہ سے تقریباً ۶۰۰؍ صارفین کی بجلی سپلائی منقطع کی ہے۔ اس دوران بجلی منقطع کئے جانے کے بعد متعدد افراد نے قسطوں میں بل بھر کر الیکٹرک سپلائی بحال کروائی ہے۔
 یاد رہے کہ ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر کے بجلی صارفین کے سر پر بجلی مزید مہنگی ہونے کی تلوار بھی لٹک رہی ہے کیونکہ ریاست میں بجلی پیدا کرنے والی کمپنی ’’مہاگینکو‘‘ اور مہاراشٹر میں بجلی فراہم کرنے کی ذمہ دار کمپنی ’’مہاٹرانسکو‘‘ نے ’’ایم ای آر سی‘‘ (مہاراشٹر الکٹریسٹی اینڈ ریگولیٹری کمیشن) میں نظر ثانی کی ’درمیان مدتی‘ عرضداشت داخل کرکے درخواست کی ہے ریاست میں ان کمپنیوں کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے ۵؍ سالہ مدت کے لئے جو اخراجات طے کئے گئے ہیں ان میں اضافہ کیا جائے۔اگر بجلی کی شرح میں اضافہ منظور ہو جاتا ہے تو عوام کے الیکٹرک بل مزید بڑھ کر آئیں گے۔
 اس دوران بیسٹ نے ’’ایڈوانسڈ میٹر انفرا اسٹرکچر‘‘ پروجیکٹ کے تحت اپنے تمام صارفین کے لئے اسمارٹ میٹر لگانے کی ذمہ داری ’اڈانی ٹرانسمیشن لمیٹڈ‘ کمپنی کو دی ہے۔ بیسٹ کا دعویٰ ہے کہ اسمارٹ میٹر سے الیکٹریسٹی کے استعمال کا حساب کتاب رکھنے کے لئے انسانی دخل اندازی کی ضرورت نہیں رہ جائے گی اور بیسٹ کے گاہک خود آن لائن یہ دیکھ سکیں گے کے وہ کتنی بجلی کس وقت استعمال کررہے ہیں اور جہاں ضرورت محسوس ہوگی گاہک بجلی بل یا دیگر معاملات سے متعلق اپنی شکایت بھی کمپنی سے کرسکیں گے۔
 اسمارٹ میٹر لگنے پر صارفین موبائیل فون کی طرز پر ’’پری پیڈ‘‘ (پہلے پیسوں کی ادائیگی) کی بنیاد پر بھی بجلی سپلائی حاصل کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ ’’نیٹ میٹرنگ‘‘ کے ذریعہ ہائوسنگ سوسائٹیوں اور تجارتی عمارتوں کو چھت یا ’ٹیریس‘ پر ’’سولار ‘‘(شمسی توانائی) سے بجلی حاصل کرنے کی سہولت بھی مہیا کرائی جاسکے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK